پی ایس ایل 7: لاہور ہائیکورٹ نے اے آر وائی اور پی ٹی وی کے خلاف جیو کی پٹیشن مسترد کر دی


پاکستان سپر لیگ
لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان سپر لیگ کے نشریاتی حقوق کے معاملے میں جیو ٹی وی اور بلٹز ایڈورٹائزنگ کمپنی کی درخواستیں مسترد کر دی ہیں جو انھوں نے پاکستان ٹیلی ویژن اور اے آر وائی کے کنسورشیم کے خلاف دائر کی تھیں۔

یاد رہے کہ انڈیپنڈنٹ میڈیا کارپوریشن (جیو انٹرٹینمنٹ کی کمپنی) نے پاکستان ٹیلی ویژن اور اے آر وائی کے خلاف پٹیشن دائر کر رکھی تھی جس میں استدعا کی تھی کہ پاکستان سپر لیگ کے نشریاتی حقوق حاصل کرنے والے ان دونوں کے کنسورشیم کو غیر قانونی قرار دیا جائے کیونکہ انھوں نے قانونی تقاضے پورے نہیں کیے۔

معاملہ کیا ہے؟

پاکستان سپر لیگ کے دو سالہ نشریاتی حقوق کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے یکم دسمبر 2021 کو دو اخبارات میں اشتہارات کے ذریعے پیشکش طلب کی تھیں جس کی آخری تاریخ 23 دسمبر رکھی گئی تھی۔ جس پر دو پارٹیوں نے دلچسپی ظاہر کی تھی۔

ان میں ایک انٹرنیشنل میڈیا کارپوریشن (جیو انٹرٹینمنٹ کی کمپنی) اور دوسری پارٹی مشترکہ طور پر پاکستان ٹیلی ویژن اور اے آر وائی تھی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا اس بارے میں کہنا ہے کہ نشریاتی حقوق کی مقررہ ریزرو قیمت کے اعلان سے کچھ دیر قبل انڈیپنڈنٹ میڈیا کارپوریشن (جیو) کے نمائندے نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے استفسار کیا کہ پاکستان ٹیلی ویژن نے ریاستی براڈ کاسٹر کی حیثیت سے اے آر وائی کے ساتھ کیسے کنسورشیم بنا لیا؟

جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے انھیں مشورہ دیا کہ وہ اس بارے میں پاکستان ٹیلی ویژن سے براہ راست بات کریں۔

پاکستان سپر لیگ

یہ بھی پڑھیے

پی ایس ایل 7: کس ٹیم میں کون کون شامل اور ٹکٹوں کا حصول کیسے ممکن؟

وہ کھلاڑی جو پی ایس ایل سے پہچانے جاتے ہیں

پی ایس ایل میں کھلاڑیوں کی بدلتی ٹیمیں

پاکستان کرکٹ بورڈ نے دونوں پارٹیوں سے یہ پوچھا کہ آپ کے مزید خدشات یا اعتراضات تو نہیں؟ جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے دو سال کے لیے 3.584 ارب روپے کی ریزرو قیمت کا اعلان کیا۔

اس موقع پر پی ٹی وی اور اے آر وائی کے نمائندے نے کہا کہ ان کی 2.1 ارب روپے کی پیشکش ایک سال کے لیے تھی لہذا اس قیمت کو دوگنا سمجھا جائے، جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ سربمہر مالی پیشکش کی دستاویز میں ترمیم کے لیے زبانی درخواست پر عمل نہیں کیا جا سکتا لہذا یہ درخواست مسترد کر دی گئی۔

جب دونوں پارٹیوں کی پیشکش کو کھولا گیا تو یہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی مقررہ ریزرو قیمت 3.584 ارب روپے سے کم تھیں لہذا دونوں پارٹیوں کو ایک اور موقع فراہم کیا گیا جس کے بعد آئی ایم سی (جیو) نے 3.74 ارب روپے کی پیشکش کی جبکہ پی ٹی وی اور اے آر وائی کے کنسورشیم کی پیشکش 4.35 ارب روپے تھی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی کمیٹی نے دو سال کے نشریاتی حقوق پی ٹی وی اور اے آر وائی کو دینے کی سفارش کر دی جس کے بعد دس جنوری کو پاکستان کرکٹ بورڈ اور اے آر وائی پی ٹی وی کنسورشیم کے درمیان معاہدے پر دستخط ہو گئے تھے۔

بولی کے عمل کے خلاف درخواست مسترد

جیو نے پاکستان سپر لیگ کے نشریاتی حقوق کے لیے ہونے والی بولی کے عمل کے خلاف بھی لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی جسے جسٹس شاہد وحید نے مسترد کر دیا تھا۔

اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے وکیل نے عدالت کو بتایا تھا کہ نشریاتی حقوق کے بولی کے عمل میں تمام تر قانونی تقاضے پورے کیے گئے تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments