شلپا شیٹی کو رچررڈ گیئر کا بوسہ: اداکارہ 15 سال بعد فحاشی پھیلانے کے الزامات سے بری


رچررڈ گیئر کا شلپا شیٹی کو بوسہ
انڈیا کی ایک عدالت نے بالی وڈ اداکارہ شلپا شیٹی کو فحاشی پھیلانے کے ان الزامات سے بری کر دیا ہے جو ان پر 15 سال پہلے ہالی وڈ اداکار رچررڈ گیئر کے ساتھ متنازعہ بوسے کے بعد لگائے گئے تھے۔

خیال رہے کہ سنہ 2007 میں دلی میں ایڈز سے متعلق بیداری کے ایک پروگرام میں رچرڈ گیئر نے شلپا شیٹی کے رخسار کے سرعام بوسے لیے تھے اور یہ بوسے تنازعہ کی وجہ بن گئے تھے۔

عدالت نے کہا ہے کہ ان کے خلاف الزامات ’بے بنیاد‘ تھے اور وہ اپنی خواہش کے برعکس ایک دوسرے شخص کے اقدام کا شکار ہوئی تھیں۔

اس وقت قدامت پسند ہندو گروپوں نے اس واقعے کو انڈین روایات کی توہین قرار دیا تھا۔

رچرڈ گیئر نے اس واقعے کے بعد معافی مانگ لی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ صرف یہ دکھانا چاہتے تھے کہ کسی کو بوسہ دینے سے ایچ آئی وی کا خطرہ پیدا نہیں ہوتا۔

اس واقعے کے بعد رچرڈ گیئر کی گرفتاری کے وارنٹ کو انڈیا کی سپریم کورٹ نے منسوخ کر دیا تھا۔ عدالت نے کہا تھا کہ اداکار کے خلاف ’سستی شہرت‘ حاصل کرنے کے لیے شکایات درج کی جا رہی ہیں۔

یہ کیس برسوں سے انڈیا کے عدالتی نظام میں گردش کر رہا تھا اور بلآخر ایک عدالت نے گذشتہ ہفتے شلپ شیٹی کے خلاف لگنے والے الزامات کو بھی خارج کر دیا ہے۔

شلپا شیٹی کی قانونی ٹیم کا کہنا تھا کہ اس وقت اس بوسے کے خلاف خاطر خواہ مزاحمت نہ کرنے کی وجہ سے انھیں مجرم تصور کرنا ناانصافی ہے۔

شلپا شیٹی کو 2007 میں اس وقت عالمی شہرت ملی تھی جب انھوں نے برطانوی ریئلٹی شو بِگ برادر میں حصہ لیا تھا جہاں انھیں نسل پرستانہ رویے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس سال وہ اس شو کی فاتح قرار پائی تھیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32294 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments