امرود کی افادیت


Dr Shahid M shahid

امرود ذائقے کے اعتبار سے کھٹا، میٹھا، کسیلا، ترش اور خوش ذائقہ پھل ہے۔ یہ اندر سے سرخ اور سفید ہوتا ہے۔ اس کے پودے سال میں دو مرتبہ پھل دیتے ہیں۔ امرود پاکستان، بھارت، برازیل، کیوبا اور دنیا کے دیگر ممالک میں کاشت کیا جاتا ہے۔ 2019 کے اعداد و شمار کے مطابق اس کی کاشت سات ہزار ایکڑ سے زائد تھی جبکہ سالانہ پیداوار تین ہزار ٹن سے زائد ہے۔ پنجاب میں اس کی کاشت زیادہ تر شیخوپورہ، قصور، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد اور گوجرانوالہ کے اضلاع میں زیادہ تر ہوتی ہے۔

خیبرپختونخوا میں اس کی کاشت کے اہم علاقے کوہاٹ، ہری پور اور بنوں ہیں۔ جبکہ سندھ میں حیدرآباد اور لاڑکانہ اس کی کاشت کے اہم شہر ہیں۔ پاکستان میں امرود کی اوسط قومی پیداوار 4.7 ٹن فی ہیکٹر ہے جو ضرورت سے کم ہے۔ لہذا آبادی بڑھنے کے ساتھ ساتھ اس کی کاشت کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ تاکہ ملکی ضرورت کو بھی پورا کیا جا سکے۔

امرود کا شمار قوت مدافعت بڑھانے والے چند پھلوں میں کیا جاتا ہے۔ یہ ایک اینٹی آکسیڈنٹس پھل ہے جس میں وٹامن سی، فائبر، کیلشیم، آئرن، سوڈیم، میگنیشیم، بی3، بی6، کاربوہائیڈریٹ، پروٹین اور شوگر پائی جاتی ہے۔ یہ پھل بہت سی خصوصیت کا حامل ہے۔ خاص طور پر نظام انہضام کی بہتری، کولیسٹرول کی بڑھی ہوئی مقدار کو کم کرنے، بڑھے ہوئے وزن کو کم کرنے، جلد کو خوبصورت بنانے اور بہت سی بیماریوں سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ طبی تحقیق کے مطابق اس کے کچھ فوائد پر روشنی ڈالتے ہیں۔

1۔ غذائی اجزاء کی وافر مقدار :

امرود غذائی اجزاء سے بھرپور پھل ہے۔ جس میں وٹامن اے، بی، سی وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ پوٹاشیم، فاسفورس، میگنیشیم، سوڈیم اور زنک بھی پایا جاتا ہے۔ یہ تمام بنیادی اجزاء صحت کی بحالی اور قوت مدافعت بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

2۔ ذیابطیس ٹائپ ٹو :

امرود ذیابطیس ٹائپ 2 کے مریضوں کے لئے انتہائی مفید پھل ہے۔ اس میں ایسے غذائی ریشے پائے جاتے ہیں جو گلوکوز کی سطح کو کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ اگر اس کے پتوں کا ایکسٹریکٹ کھانے کے بعد پیا جائے تو تقریباً دو گھنٹے تک شوگر کا لیول کم رہتا ہے۔

3۔ ہائی بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے :

امرود میں یہ خاصیت و طاقت موجود ہے کہ وہ ہائی بلڈ پریشر کو قابو میں رکھتا ہے۔ اگر روزانہ ایک امرود کھایا جائے تو بڑھے ہوئے بلڈ پریشر کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔

4۔ اسہال و پیچش :

امرود اسہال و پیچش جیسے امراض میں کھا نا بہت مفید ہے۔ اس کے علاوہ اگر اس کے پتوں کو بھی چبا کر کھایا جائے تو یہ ہاضمہ کے فعل کو درست رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس کے پتوں میں جراثیم کش اور اینٹی بیکٹیریل خصوصیات پائی جاتی ہیں جو گیسٹرو کے مرض سے نجات دلاتی ہیں۔

5۔ قبض دور کرنے :

امرود قبض سے نجات دلانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس کا شمار قبض دور کرنے والے بہترین پھلوں میں کیا جاتا ہے۔ یہ آنتوں کے فعل کو باقاعدہ بناتا ہے۔ اس کے باقاعدہ استعمال سے قبض ٹھیک ہو جاتا ہے۔ لہذا قبض کے مریضوں کو اس کا باقاعدہ استعمال کرنا چاہیے کیونکہ قبض کے باعث بہت سی بیماریاں پیدا ہوتی ہیں۔ چنانچہ ام الامراض سے بچنے کے لئے اس پھل کا باقاعدہ استعمال صحت و تندرستی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

6۔ نزلہ زکام اور کھانسی :

امرود یا اس کا رس پینا نزلہ زکام اور کھانسی میں بہت مفید ہے۔ اس کے استعمال سے سانس کی نالی اور گلا صاف ہو جاتا ہے۔ اس میں وٹامن سی اور آئرن کی خاصی مقدار پائی جاتی ہے۔ جو مختلف انفیکشنز اور بیماریوں سے تحفظ دیتی ہے۔ یہ پھل اس لحاظ سے بھی منفرد ہے کہ پھیپھڑوں میں موجود جراثیم کو بھی جڑ سے ختم کرتا ہے۔

7۔ دانتوں کی مضبوطی :

امرود دانتوں کی صحت میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس میں وٹامن سی کی موجودگی دانتوں کو مضبوط اور مسوڑھوں کی سوجن اور پائریا سے بچاتی ہے۔

8۔ بینائی میں بہتری :

امرود کا باقاعدہ استعمال بینائی میں بہتری لا سکتا ہے۔ کیونکہ اس میں وٹامن اے پایا جاتا ہے جو آنکھوں کی صحت اور نظر کے نقائص دور کرنے کی خصوصیت رکھتا ہے۔ یہ آنکھوں کے خلیوں کی حفاظت کر کے کمزور بینائی کو بحال کرتا ہے۔

9۔ قوت مدافعت بڑھانے کے لئے :

امرود وٹامن سی کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے۔ طبی تحقیق کے مطابق ایک امرود میں ایک مالٹے کے مقابلے میں وٹامن سی کی دوگنی مقدار پائی جاتی ہے۔ کیونکہ وٹامن سی میں یہ خصوصیت پائی جاتی ہے کہ وہ انفیکشنز اور موسمی بیماریوں سے بچاتا ہے۔

10۔ دل کی صحت و کارکردگی :

امرود دل کی صحت اور بحالی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس کے باقاعدہ استعمال سے دل کو مضر نقصان پہنچانے والے ریڈیکلز سے تحفظ ملتا ہے۔ اس میں موجود پوٹاشیم اور فائبر بھی دل کو مختلف امراض سے بچاتا ہے۔ امرود نا صرف ہائی بلڈ پریشر سے بچاتا ہے بلکہ بڑھے ہوئے کولیسٹرول کی سطح کو بھی اعتدال میں رکھتا ہے۔

11۔ وزن کم کرنے کے لئے :

امرود ان چند پھلوں میں سے ہے جو جسمانی وزن کم کرنے کی قدرت رکھتا ہے۔ کیونکہ اس میں فائبر کی خاصی مقدار زیادہ بھوک لگنے سے بچاتی ہے۔ کیونکہ ایک امرود میں 37 کیلوریز ہوتی ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر 12 فیصد فائبر کی مقدار مل جاتی ہے جو وزن کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

12۔ جلد کی خوبصورتی :

یہ پھل اینٹی آکسیڈنٹس ہونے کے باعث جلد کو تحفظ اور مختلف امراض سے بچاتا ہے۔ یہ جلد کی صحت اور جھریوں کی روک تھام میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ مزید برآں اس کا عرق جلد پر لگانے سے کیل مہاسوں سے مکمل نجات مل جاتی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments