سونا، لوبان اور مُر: حضرت عیسیٰ کو دیے گئے تحائف جن میں کینسر کا علاج چھپا ہو سکتا ہے

سونیا ماتھر - بی بی سی نیوز


Niña con el pesebre
گذشتہ دو ہزار سال سے حضرت عیسیٰ کی پیدائش کی عکاسی کرنے والے کرسمس کربز میں آپ کو تین تحائف ضرور دکھائی دیں گے۔

کہانی یہ ہے کہ تین دانا لوگ حضرت عیسیٰ کے لیے تین تحائف لے کر آئے۔ ان تحائف میں سونا، لوبان اور مُر (پودے کا خوشبودار عرق) شامل تھے۔

آج سائنسدان ان تینوں چیزوں کو اُن کے غیر متوقع فوائد کے باعث قیمتی سمجھتے ہیں۔

طبی نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ یہ اشیا گٹھیا اور دمہ کے علاج میں مدد کر سکتے ہیں اور شاید معلوم بیماریوں میں سے سب سے بُری بیماری کینسر کے علاج میں مدد دے سکتی ہیں۔

تحقیق

برطانیہ کی کارڈف یونیورسٹی کے ایک سائنسدان ڈاکٹر احمد علی لُوبان اور مُر کے شفا دینے والی خصوصیات پر تحقیق کر رہے ہیں۔

یہ دونوں عرق پودوں سے کشید کیے جاتے ہیں اور جب لوبان ٹھوس ہو جاتی ہے تو سنہری کشمش کی طرح لگتی ہے جبکہ مُر سرخی مائل بھورے کرسٹل کی طرح لگتا ہے۔

صومالی نژاد ڈاکٹر احمد علی صومالی لوبان کے ایک مشہور ماہر ہیں۔

Dr Ahmed Ali

Dr Ahmed Ali
ڈاکٹر احمد علی

برطانوی یونیورسٹی کے سکول آف بائیو سائنسز میں وہ کینسر سے لے کر جُھریوں تک مختلف مسائل سے نمٹنے کے لیے دوائیاں بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔

ان کی تحقیق سے یہ پتا چلا کہ دیگر اقسام کے مقابلے میں صومالی لوبان میں ایک مختلف کیمیائی خصوصیات ہیں اور اس سے متعدد بیماریوں کا علاج ممکن ہے۔

ان کے مطابق اس تحقیق سے یہ بھی واضح ہوا کہ ’جب صومالی لوبان کی ایک قسم کی کٹائی کی جاتی ہے تو اس سے کینسر کا باعث بننے والے خلیوں کو کم کیا جا سکتا ہے یعنی لوبان کی اس قسم سے کینسر کا پھیلاؤ روکا جا سکتا ہے۔‘

مُر

ڈاکٹر احمد علی کی لیبارٹری میں مُر کو اس کے کینسر مخالف فوائد کے لیے بھی پرکھا جا رہا ہے۔ خاص طور پر ایک قسم جسے خوشبودار مر یا بخُور کہا جاتا ہے۔

ڈاکٹر احمد علی کے ساتھ اس تحقیق پر کام کرنے والے پروفیسر رچرڈ کلارکسن کا خیال ہے کہ یہ دریافتیں کینسر کی تحقیق میں درکار پیش رفت ہو سکتی ہیں۔

’عمومی طور پر جسم میں کینسر پھیلنے سے روکنے والی نئی دواؤں اور ایجنٹس کی دریافت پر بہت کام ہو رہا ہے مگر انھیں طبی طور پر استعمال کرنا بہت مشکل ہے۔‘

Oro, olíbano y mirra

وہ بتاتے ہیں کہ یہ طبی آزمائشیں طویل، مہنگی اور پیچیدہ ہوتی ہیں۔

لیکن پروفیسر کا کہنا ہے کہ لیبارٹریوں میں اس وقت سب سے زیادہ کام ایسی چیزوں کی تلاش پر ہو رہا ہے جو کینسر کے خلیوں کو نشانہ بنا کر اُنھیں ختم کرے جبکہ صحتمند خلیوں کو کوئی نقصان نہ پہنچائے۔

’اگر آپ صحت مند خلیوں کو نقصان پہنچائے بغیر کینسر کے خلیوں کو نشانہ بنانے والے مُر کے عرق اور کینسر کو مزید پھیلنے سے روکنے والے لوبان کے عرق جیسی کسی چیز کے امتزاج کی تلاش کر رہے ہیں تو یہ بہترین ہو سکتا ہے۔‘

’اور اس کی تاریخی اہمیت کو دیکھتے ہوئے یہ واقعی دلچسپ ہے۔‘

ڈاکٹر احمد کے مطابق صومالی لُوبان کو سوزش یا سوجن کو بھی روکنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

اُن کے مطابق ’اس کا استعمال جوڑوں کے درد میں مدد کے لیے کیا جا سکتا ہے۔ یہ آنتوں کی سوزش (السریٹیو کولائٹیس) کو کم کرنے میں بھی خاص طور پر مؤثر دکھائی دیتی ہے۔‘

لُوبان مسوڑھوں کی بیماری کو روکنے میں بھی مددگار ہو سکتی ہے۔ اس تحقیق کا بڑا حصہ ابھی تجربہ گاہ تک محدود ہے۔

Frankincense resin

متعدد استعمال

ابیریسٹویتھ یونیورسٹی میں طبی تاریخ کی پروفیسر ڈاکٹر ریچل گیلیبرینڈ نے کہا کہ وہ ان تینوں مادوں کے گذشتہ ادوار میں استعمال کے کچھ طریقوں سے حیران ہیں۔

انھوں نے کہا کہ لوبان کا استعمال صرف ایک چیز کے لیے نہیں کیا جاتا تھا۔ ایسا لگتا ہے کہ اسے کئی مختلف بیماریوں کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔

ان کے مطابق ’مر کچھ زیادہ ہی دلچسپ ہے: اسے کبھی اکیلے استعمال نہیں کیا جاتا ہے۔‘

اسے ہمیشہ دوسری چیزوں کے ساتھ ملایا جاتا ہے۔ اسے دیگر جڑی بوٹیوں کے ساتھ شربت کے طور پر ملایا جاتا ہے اور دمے کے علاج کے لیے تجویز کیا جاتا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ وکٹوریائی دور میں نوجوانوں میں بیماریوں کے علاج کے لیے مُر کو صنوبر کی بیریوں اور رم کے ساتھ ملایا جاتا تھا۔

سونا قدرے مختلف ہے لیکن طبی لحاظ سے اس کے بھی فوائد ہیں۔

Dr Rachael Gillibrand

Rachael Gillibrand

پروفیسر ریچل کے مطابق جدید طب کے بانی بقراط نے بھی دندان سازی میں استعمال کے لیے سونا تجویز کیا تھا اور صدیوں بعد بھی دنیا کے کچھ حصوں میں سونا اس شعبے میں استعمال ہوتا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ’یونان میں کھدائی کے دوران ماہرین کو ایک یونانی فوجی کی کھوپڑی ملی۔ یہ فوجی پہلے جنگ میں زخمی ہوا تھا اور اس کے جبڑے کو باندھنے کے لیے سونے کے دھاگے کا استعمال کیا گیا تھا۔‘

ان کے خیال میں ’یہ صرف یہ ثابت کرتا ہے کہ یہ صرف وہ چیزیں نہیں تھیں جو لکھی گئی تھیں، بلکہ ان پر عمل بھی کیا گیا تھا‘۔

یہ بھی پڑھیے

یہ دھات سونے سے زیادہ مہنگی کیوں ہے؟

’سیاہ سونا‘ دنیا کی سب سے قیمتی شے کیسے بنا؟

سونے کے نئے خواص کی دریافت کینسر کے علاج میں مفید

Gold metal

طب اور مذہب کے درمیان

اس قیمتی دھات نے کینسر کے علاج میں بھی اپنا کردار ادا کیا ہے۔ ایک غیر فعال دھات کے طور پر سونا دیگر عناصر سے زیادہ ری ایکٹ نہیں کرتا اور اس کے آئسوٹوپس کو ریڈی ایشن تھراپی سے پہلے ٹیومر لوڈ کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے تاکہ ایکس ریز کو جذب کیا جا سکے اور علاج کو زیادہ مؤثر بنایا جا سکے۔

تاہم، دو ہزار سال قبل تحائف کے بہت مختلف معنی تھے۔

لوبان اور مُر دونوں کو عطر کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا اور شاید تبھی یہ ننھے یسوع کو تحفے کے طور پر بھی پیش کی گئی۔

مُر کو خوشبودار تیل کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا تھا جبکہ سونے کی قیمت زیادہ تھی، اس کی بڑی وجہ اس میں پائی جانے والی کشش ہے۔ ریورنڈ گریگوری کیمرون نے وضاحت کی کہ تینوں تحائف کی مذہبی اہمیت بھی ہے حالانکہ بائبل میں یسوع کی پیدائش کا بہت کم ذکر ہے۔

انھوں نے کہا مسیحیت میں حضرت عیسیٰ بیک وقت نبی، مذہبی پیشوا اور بادشاہ ہیں۔ مُر کو ان کی نبوت، بخور کو ان کے مذہبی پیشوائیت اور سونے کو ان کی بادشاہت سے جوڑا جاتا ہے۔

روایتی چینی اور آیورویدک ادویات (روایتی ہندوستانی ادویات) میں لوبان اور مُر کو لاعلاج بیماریوں کے علاج کے لیے استعمال کیا جاتا رہا ہے۔

روایتی چینی طب میں، لوبان اور مُر کو ہزاروں برسوں سے ایک ہی نسخے میں دوائیوں کے جوڑے کے طور پر ملایا جاتا رہا ہے، اور ان کا امتزاج کسی ایک دوا کے مقابلے میں بیماری پر بہتر علاج کا اثر رکھتا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32546 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments