میرے لیے بھی پاکستان سستا ترین ملک ہے


پاکستان یقیناً دنیا کا سستا ترین ملک ہے۔ مجھے پہلے اس بات کا ادراک نہیں تھا۔ پچھلے ایک ماہ میں مجھے اچھی طرح اندازہ بھی ہو گیا اور حکومتی دعووں پر یقین بھی آ گیا۔

جب جنوری کی پہلی تاریخ کو میں اسلام آباد سے چلا تو اپنا پرس جیب سے نکال کر بیگم کے حوالے کر دیا۔ اور ابھی تک اسی کے پاس ہے۔ اس میں جتنے پیسے تھے وہ بھی اسی طرح ہیں۔

میں صبح ناشتے میں چار سلائیس ڈبل روٹی، تین وائٹ ایگ، چائے کا کپ لیتا ہوں، دس بجے میں کاجو، بادام، اخروٹ، انجیر، مناسب مقدار میں کھاتا ہوں۔ کیونکہ مجھے ڈاکٹرز کی طرف سے ہائی پروٹین ڈائٹ کا حکم ہے، پھر دوپہر کو میں چھوٹے قیمے یا گوشت کے ساتھ روٹی کھاتا ہوں ساتھ دو انڈوں کی سفیدی کھاتا ہوں اور ایک پیالہ دیسی مرغ کا شوربہ پیتا ہوں، پھر شام کو چائے کے ساتھ شوگر فری بسکٹ کھاتا ہوں۔ دن میں چار دفعہ واک کرتا ہوں، پھر رات کو قیمہ کے ساتھ روٹی دو انڈوں کی سفیدی، اور دیسی مرغ کا شوربہ ساتھ ڈرائی فروٹ چلتا رہتا ہے۔

پھر رات کو دیر سے میں مچھلی کھاتا ہوں وہ بھی اس کو ائر فرائر میں بنا کر۔ منرل واٹر پیتا ہوں، کمرے میں اے سی ہیٹنگ پر لگا ہوا ہے، پانچ بہترین گاڑیاں آنے جانے کے لئے موجود ہیں۔ پتہ نہیں آج کل پیٹرول کا کیا ریٹ ہے، ان سب اعلی خوراکوں اور ماحول کے باوجود میرا کوئی خرچ نہیں ہو رہا۔ کپڑے دھلے ہوئے استری شدہ ملتے ہیں۔ کمرے کی صفائی وقت پر ہوتی ہے۔ کھانا پکا ہوا گرما گرم کمرے میں آ جاتا ہے۔ جو میرے بہن بھائی خرچ کر رہے ہیں وہ جانیں ان کا کام جانے۔

میں جتنے پیسے لے کر آیا تھا میرے پاس اتنے ہی پیسے ہیں۔ تنخواہ بھی اکاؤنٹ سے نکلوانے کی ضرورت محسوس نہیں ہوئی۔ خرچہ ہی کوئی نہیں ہے، تو میں یہ کہنے میں حق بجانب ہوں کہ پاکستان دنیا کا سستا ترین ملک ہے، مجھے پہلے اپنے وزیراعظم صاحب اور ان کی ٹیم کی یہ بات سمجھ نہیں آتی تھی۔ لیکن اس ایک مہینے میں یہ بات سمجھ آئی کہ اگر آپ کا خرچہ کوئی اور اٹھا لے تو پاکستان سے سستا ملک دنیا میں کوئی اور نہیں ہے۔ اور خرچہ اٹھانے والا کام بھی پاکستان میں ہی ممکن ہے۔

اگر میں بیمار نہ پڑتا تو مجھے شاید اس حقیقت کا ادراک ہی نہ ہوتا اور میں حکومت وقت کی خدمت میں گستاخی کرتا رہتا۔

شکر الحمدللہ میں وزیراعظم کے وژن کو سمجھ سکا اور ایک آرام دہ زندگی گزارنے کے قابل ہوسکا۔

اگر آپ بھی سستے پاکستان مزا لینا چاہتے ہیں تو کسی کے گھر مہمان چلے جائیے ان کی زندگی اجیرن کر کے سستے ترین ملک پاکستان کا مزہ لیجیے۔

نیا پاکستان میں نے تو دیکھ بھی لیا اور محسوس بھی کر لیا۔ ہم اس خوش نصیب نسل میں سے ہیں جنہوں نے وزیراعظم عمران خان صاحب کا سستا ترین دور حکومت دیکھ لیا۔ ورنہ تو یہ کسک دل میں ہی رہ ہی جاتی۔

اگر آپ بھی سستا پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں تو کسی بھی خوشحال بہن بھائی کی طرف ہجرت کر جائیں بیمار ہونا ضروری تو نہیں۔

جب تک وزیراعظم اور ان کی ٹیم اپنا خرچ خود نہیں اٹھاتی پاکستان دنیا کا سستا ترین ملک ہی رہے گا۔ یہ ایک ایسا دعویٰ ہے جس کے لئے کسی سروے کی ضرورت نہیں۔ بس بے حس ہونا ہی کافی ہے۔ ہو کر دیکھ لیجیے۔ پھر ایک پریس کانفرنس کیجئے گا۔ اور مثال میری دے لیجیے گا۔ کہ بغیر ایک پیسہ خرچے عیاشی کر رہا ہے اور زندہ ہے۔ اور کتنا سستا کریں پاکستان میں زندگی کو۔

مزے دار بات یہ ہے کہ ابھی تک میں احساس پروگرام میں رجسٹر بھی نہیں ہوا ہوں۔ کیونکہ میرے اندر اتنا احساس ابھی باقی ہے کہ میں اس کا اہل نہیں ہوں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments