مولانا ابوالکلام آزاد کی اساسی فکر اور اس کی عملی جہات۔ قسط اول
مولانا ابوالکلام آزاد ایک خاص قسم کے جمالیاتی وحدت الوجود (جسے وہ اپنی اصطلاح میں کائنات ہستی کی وحدت یا وحدتِ ہستی کہتے تھے),وحدت ادیان , وحدت انسانیت اور اپنی قومی و ثقافتی شناخت کو برقرار رکھتے ہوئے مشترکہ انسانی نظام و تہذیب کے قیام کے پرزور علمبردار تھے۔ابوالکلام نے "ذکر آزاد” میں موقف اختیار کیا ہے کہ چودہ سے باٸیس سال کی عمر تک یعنی انیس سو دو سے انیس سو دس تک وہ تلاش حق میں سرگرداں رہے۔اور باٸیس سال کی عمر میں مذہب کی حقیقت کو انہوں نے پا لیا۔وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس فکر پر ان کا ایقان پختہ ہوتا چلا گیا اور مذہبیات کے میدان میں وقت کے علماء کی عام ذہنی سطح سے وہ بلند ہوتے چلے گئے۔
بعض لوگوں نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ انیس سو بیس سے پہلے ابوالکلام کی فکر کچھ اور تھی اور انیس سو بیس کے بعد ان کی فکر بالکل تبدیل ہو گئی۔ابوالکلام کا اپنا موقف ہے کہ انیس سو دس کے بعد ان کی اساسی فکر میں کوٸی جوہری تبدیلی کبھی واقع نہیں ہوئی۔وہ اپنی کتاب” مسلہ خلافت "میں لکھتے ہیں :
"میری رائے میں نہ کبھی تبدیلی واقع ہوئی نہ میرے سفر میں کبھی یمین و یسار کا تذبذب پیش آیا ہے۔”
(مسلہ ءخلافت ,صفحہ 195)
ان کا یہ بھی موقف رہا ہے کہ ان کی عملی جدوجہد ان کے دینی افکار کی تعمیل میں ہے(مسلہ خلافت ,صفحہ 195)۔توان سب باتوں کو ذہن میں رکھ کر ابوالکلام کے نظریات کا مطالعہ کیا جانا چاہیے۔
یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ ان کی فکر کی امہات کتب تین ہیں۔ام الکتاب,حیات سرمد اور تفسیر ترجمان القرآن۔ان کی تمام دیگر ادبی,سیاسی,صحافتی,;مذہبی تحریروں اور تقریروں نیز ان کی عملی جدوجہد کو ان تین اساسی کتب کے نظریات کی روشنی میں دیکھنا اور پرکھنا چاہیے۔پھر یہ کہ انہوں نے اپنی اساسی فکر کو مدلل اور مفصل انداز میں انیس سو ستاٸیس کے بعد ہی پیش کیا ہے۔اس سے قبل کی تحریروں میں وہ بجو اشارات و کنایات میں ہی اس فکر کا ابلاغ کرتے رہے ہیں۔مدلل انداز میں اس فکر کو انہوں نے ام الکتاب اور ترجمان القرآن کے ابتداٸی پانچ پاروں میں پیش کیا ہے۔ہاں البتہ ادیبانہ انداز میں بزبانِ دیگران اس فکر کو انہوں نے اپنی کتاب "حیات سرمد” میں پیش کیا جو انیس سو دس میں شاٸع ہوئی تھی۔
وحدت ادیان پر بحث کرتے ہوئے مولانا ابوالکلام آزاد فرماتے ہیں کہ اسلام دنیا میں نیا مذہب قاٸم کرنے نہیں آیا بلکہ "الہی تعبد” کی بنیاد پر تمام مذاہب کو ایک ہی وحدت میں پرونے آیا ہے۔ان کا موقف خود ان کے اپنے الفاظ میں سنیے:
"اسلام دنیا میں کوئی نیا مذہب قائم نہیں کرتا چاہتا، بلکہ اس کا مشن خود اس کے بیان کے مطابق صرف یہ ہے کہ دنیا میں تمام مذہبوں کے ماننے والے اپنی اصلی اور بے میل سچائی پر قائم ہو جائیں۔۔۔یہ اسلام ہے وہ عیسائی سے کہتا ہے کہ سچا عیسائی بنے ۔یہودی سے کہتا ہے کہ سچا یہودی بنے، پارسی سے کہتا ہے کہ سچا پارسی بنے ۔ اسی طرح ہندوؤں سے کہتا ہے کہ اپنی اصلی سچائی کو دوبارہ قائم کر لیں۔۔۔پس قرآن لوگوں کو ان کے مذہب سے چھڑانا نہیں چاہتا، بلکہ ان کے اصلی مذہب پر ان کو دوبارہ قائم کر دینا چاہتا ہے ۔”
(مولانا ابوالکلام آزاد,بحوالہ کتاب ‘ذکر آزاد از عبدالرزاق ملیح آبادی)
اسی طرح اپنی تفسیر ترجمان القرآن میں جابجا وہ یہی کہتے ہیں کہ نجات کسی خاص مذہب یا کسی خاص مذہبی گروہ بندی سے وابستہ ہونے میں نہیں ہے۔آیت انَّ الَّذِينَ آمَنُواْ وَالَّذِينَ هَادُواْ وَالنَّصَارَى وَالصَّابِئِينَ مَنْ آمَنَ بِاللَّهِ وَالْيَوْمِ الآخِرِ وَعَمِلَ صَالِحاً فَلَهُمْ أَجْرُهُمْ عِندَ رَبِّهِمْ وَلاَ خَوْفٌ عَلَيْهِمْ وَلاَ هُمْ يَحْزَنُونَ{البقرہ ۶۲} کا ترجمہ کرتے ہوئے ابوالکلام لکھتے ہیں :
"جو لوگ {پیغمبر اسلام پر } ایمان لا چُکے ہیں وہ ہوں یا وہ لوگ ہوں جو یہودی ہیں یا نصاریٰ اور صابی ہوں{کوئی ہو اور کسی گروہ بندی میں سے ہو} لیکن جو کوئی بھی خدا پر آخرت کے دن پر ایمان لایا اور اس کے اعمال بھی اچھے ہوئے تو وہ اپنے ایمان و عمل کا اجر اپنے پروردگار سے ضرور پائے گا۔ اس کے لئے نہ کسی کا کھٹکا ہو گا نہ کسی طرح کی غمگینی”۔
اپنی تفسیر کے ابتداٸی پاروں میں انہوں نے مذاہب عالم کے پیرواروں کی چھ عالمگیر گمراہیوں کا ذکر کیا ہے۔نجاتِ اخروی کو صرف اپنے ہی مذہب میں محدود کرنا ابوالکلام کے نزدیک مذاہب عالم کے پیروکاروں کی انہی چھ عالمگیر گمراہیوں میں سے ایک ہے۔
مستقبل میں ادیان کی وحدت کے امکان پر گفتگو کرتے ہوئے ایک دوسری جگہ وہ فرماتے ہیں :
"وہ وقت اب دور نہیں جب عالمِ انسانیت مذاہبِ عالم کے اختلافات سے اُکتا کر مجبور ہو جائے گی کہ یا تو یک قلم مذہب ترک کردے یا تمام مذہبی صداقتوں کو جمع کردے۔میرا یقین ہے کہ جمیعتِ انسانی مذہب ترک نہیں کر سکتی۔اس لئے ناگزیر ہے کہ دوسرا طریقہ اختیار کرے۔(یعنی تمام مذہبی صداقتوں کو جمع کرنے کا راستہ اختیار کرے )”۔
(سنِ تحریر1927 ,مشمولہ تصریحاتِ آزاد,صفحہ 95 )
مولانا آزاد مزید فرماتے ہیں:
"مذاہبِ عالم کا مشترکہ حق دنیا کی عالمگیر وجدانی صداقت ہے۔”
(ایضا” ,صفحہ 94)
یہ قول کہ "مذاہب عالم کا مشترکہ حق دنیا کی عالمگیر وجدانی صداقت ہے” بہت اہم ہے۔اس میں ترکیب "مذاہب عالم کا مشترکہ حق” توجہ طلب ہے۔۔دوسرا لفظ "عالمگیر”بھی اہم ہے یعنی ازلی و ابدی آفاقی صداقت ۔۔۔۔۔۔تیسری ترکیب "وجدانی صداقت” بھی اہم ہے۔اس کا مطلب ہے کہ دین اصلا” کتابوں میں نہیں بلکہ انسانوں میں وجدانی طور پر ودیعت کیا گیا ہے۔۔۔یعنی
١۔مذاہب عالم کا باطن دیکھا جائے تو یکساں ہی نکلے گا
٢۔مذاہب عالم کی مشترکہ تعلیمات اصلا انسانوں کے "وجدان میں ودیعت ” کی گٸیں ہیں۔ایک اور مقام پر ابوالکلام لکھتے ہیں:
"اسلام ایک صداقت ہے اور اس لیۓ دنیا میں اس وقت سے موجود ہے جس وقت سے کہا جاسکتا ہے کہ دنیا میں صداقت کا وجود ہے”
ابوالکلام آزاد,مضامین الہلال ,صفحہ 147
بعض دوسری جگہوں پر انہوں نے لکھا ہے کہ
١۔”سچائی” خوا وہ مذہبی ہو یا غیر مذہبی ,خداٸی ہو یا انسانی ,ایک ہی ہے کہ ایک سے زیادہ سچائیاں ہو نہیں سکتیں۔ان کے نزدیک ایسا ممکن نہیں کہ دس متضاد باتیں ہوں اور سب بیک وقت ایک جیسی سطح کا سچ ہوں۔لہذا سچائی ایک سے زیادہ نہیں ہو سکتی۔
٢۔سچائی ازلی و ابدی ,عالمگیر اور آفاقی ہے۔
٣۔سچائی اصلاََ وجدانی ہے یعنی ہر انسان کے اندر ودیعت کردی گٸی ہے۔اور ثانیا اللہ نے نبیوں کے ذریعہ اس سچائی کی یاد دہانی کراٸی ہے۔
٤۔اس سچائی کا وارث کوٸی ایک فرد ,قوم یا مذہب نہیں ہے۔بلکہ سب اس سچائی کے وارث ہیں۔ ابوالکلام ہی کا قول ہے”دنیا میں طلبِ صداقت (یعنی طلبِ حق)کے اکثر جھگڑے حکایت شہد و عسل سے زیادہ نہیں۔۔۔یعنی سچائی ہر جگہ اور ہر گوشہ عمل میں حقیقت اور مسمیٰ کے اعتبار سے ایک ہی ہے ,لیکن بھیس مختلف ہو گئے ہیں۔مصیبت یہ ہے کہ دنیا معانی کی جگہ لفظوں کی پرستش کرتی ہے۔اور گو سب طلب گار و پرستار ایک ہی حقیقت کے ہیں لیکن محض ناموں کے اختلاف کی وجہ سے باہم دیگر لڑ رہے ہیں۔۔۔اگر کبھی ہو سکے کہ ظواہر و اسماء کے تمام پردے اٹھا دیے جاٸیں اور حقیقت بے نقاب ہو کر سامنے آ جائے تو یکایک دنیا کے تمام نزاعات ختم ہو جاٸیں اور تمام لڑنے والے دیکھ لیں کہ سب کا مطلوب ایک ہی ہے اگرچہ بھیس مختلف ہیں اور سب کا مقصود ایک ہی ہے اگرچہ نام مختلف ہیں۔۔”
٥۔اس ازلی و ابدی ,عالمگیر و آفاقی واحد وجدانی صداقت و سچائی کا نام عربی زبان میں "اسلام ” رکھا گیا ہے ,دنیا کی دیگر زبانوں میں یہ مختلف ناموں سے موسوم کی جاتی رہی ہے۔
جاری


