پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا عمران خان کی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ
پاکستان کی حزب مخالف کی متعدد جماعتوں پر مشتمل پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
جمعے کی شب لاہور میں شہباز شریف کے گھر پر جمعیت علما اسلام کے مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں اپوزیشن اتحاد کا اجلاس ہوا، جس میں مریم نواز سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی جبکہ لندن میں موجود سابق وزیراعظم نواز شریف نے آن لائن شرکت کی۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے بتایا کہ حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے پر اتفاق ہوا ہے اور اس کے لیے حکومت کی حلیف جماعتوں سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔
انھوں نے کہا کہ کسی سے بھی انفرادی نہیں بلکہ پارٹی کی سطح پر بات کریں گے۔
’اس سلسلے میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دے رہے ہیں، جو حلیف جماعتوں سے رابطہ کرے گی اور ان کو قائل کرنے کی کوشش کرے گی۔‘
مولانا فضل الرحمان نے یہ بھی کہا کہ سندھ کے علاوہ وفاق سے لے کر صوبوں تک جہاں ہو سکا، عدم اعتماد لائیں گے اور تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لیے بھی ایک کمیٹی قائم کی جائے گی۔
اس کے ساتھ ساتھ مولانا فضل الرحمان نے یہ بھی واضح کیا کہ تحریک عدم اعتماد کے فیصلے کے باوجود 23 مارچ کو لانگ مارچ کا فیصلہ بھی برقرار ہے۔

