سکون ایک نعمت


رات کی تنہائی میں سونے کی مسلسل کوشش میں کروا ٹیں بدلتے سوچوں کی وادی میں گم ایک خیال مجھے بار بار آ رہا تھا کیا خوش نصیب وہ لوگ ہیں جو سکون سے سو رہے ہوں گے۔ یہ سکون ہر ایک کا مقدر کیوں نہیں ہے؟ پوری زندگی سوچتے ہیں کہ یہ ہوتا تو کتنا اچھا ہوتا ایسا ہوجاتا تو کتنا بہتر ہوتا لیکن کبھی یہ سوچا یہ تم جو آج پڑھ رہے ہو یہ پڑھ نہ سکتے دیکھ نہ سکتے تو کیا ہوتا؟ ایسے لوگ بھی ہیں جو رات کو یہ سوچ سوچ کر مضطرب رہتے ہیں کہ اگلی صبح وہ دیکھ بھی سکے گے یا نہیں طرح طرح کی بیماریوں نے ان کہ گرد گھیرا تنگ کیا ہوتا ہے جو ہسپتالوں کہ بستروں پر پڑیں آخری سانسیں گن رہے ہوتے ہیں۔ ایک کینسر کا مریض کیسے گڑ گڑا کر زندگی کی بھیک مانگ رہا ہوتا ہے۔

انسان بھی ایک ایسا پرندہ ہے جس کی خواہشات کی اڑان کبھی بھی ختم نہیں ہوتی وہ چاہتا ہے وہ ایک بے لگام گھوڑے کی مانند بھاگتا چلا جائے۔ نفسا نفسی کہ اس کھیل میں ہم اس قدر آگے نکل جاتے ہیں کہ یہ تک بھول جاتے ہیں کہ کیا کچھ گوا چکے وقت ریت کی مانند ہمارے ہاتھ سے نکل چکا ہوتا ہے زندگی محض، پچھتاوے کہ کچھ نہیں ہوتی۔ ہمارے لبوں سے بس ایک ہی صدا نکل رہی ہوتی اور دل چیخ رہا ہوتا کہ ایک دفعہ وقت لوٹ کر آ جائے لیکن وقت کہاں آتا ہے۔

کیا کوئی گزرا لمحہ لا سکا ہے کبھی؟ دنیا کی دولت بھی لوٹا دو لیکن ہم پھر بھی ایک سیکنڈ تک نہیں خرید سکتے۔ یہ دولت کہ انبار بے مول ہیں اگر یہ ہمیں ہمارا سکون نہ دے سکیں۔ میں نے لوگوں کو بے چین دیکھا ہے شیشے کہ محلوں میں بھی اور مٹی کہ گھروں میں رہنے والوں کو پر سکون دیکھا ہے۔ سکون کا تعلق کہاں ہے امیری یا غریبی سے یہ تو وہ راہ چلتا مسافر ہے جو کسی کا بھی دروازہ کھٹکھٹا دیتا ہے سکون کہاں دستک دیتا ہے یہ دیکھ کر کہ یہ کسی غریب کا در ہے یا کوئی ہیرے موتی کا شہر۔

شکر ہے کہ سکون پیسے سے خریدا جا نہیں سکتا ورنہ غریب کا کیا ہوتا وہ تو شاید پوری زندگی اس نعمت سے محروم رہ جاتا۔ ابھی ایک مزدور پورے دن کی انتھک محنت کہ بعد سو تو جاتا ہے۔ اس بات کا بھی جتنا شکر ادا کیا جائے تو کم ہے کہ سکون مٹی کہ فرش پر بھی مل جاتا ہے اور اگر یہ نہ ملنے پر آئے تو مخمل کے بستر پر بھی اس کا نام و نشان نہیں ہوتا۔

رات کہ اس پہر بھی میری سوچ وہی ہے کہ یہ نیند بھی خوش نصیب لوگوں کو ہی آتی ہے یہ قیمتی ہے اتنی قیمتی کہ لوگ دو گھڑی سکون کی نیند سونے کی خاطر ہزاروں خرچ کر دیتے ہیں۔ ادویات کا ذخیرہ ان کے بستروں کے گرد ہوتا۔ جب تک وہ گولیاں نگل نہ لے نیند ان سے کوسوں دور رہتی ہے۔

میرا آپ سے سوال ہے کہ کیا آپ سکون کی نیند سو جاتے ہیں بغیر کسی سہارے کے؟ آپ کے پاس کچھ نہیں ہے لیکن سکون جیسی نعمت موجود ہے اگر تو آپ کا جواب ہاں ہے تو مبارک ہو آپ بھی خوش نصیب لوگوں کی فہرست میں شامل ہیں۔ آپ دنیا کہ امیر ترین انسان ہے اللہ کا شکر ادا کریں کہ اللہ کا خاص کرم ہے آپ پر ورنہ اس کی قیمت ان سے پوچھو جو اس کی خاطر ترس رہے ہیں۔