دم مستم ”لوگوں کی توقعات پر پورا اترے گی“


کرونا کے وار کم ہوتے ہی زندگی معمول پر آ رہی ہے اور خوش خبری یہ ہے کی سینماؤں کی رونقیں بحال ہو گئی ہیں اس کے ساتھ ساتھ عید الفطر کے موقع پر کئی پاکستانی فلمیں نمائش کے لئے پیش کرنے کی خبریں بھی منظر عام پر آ گئی ہیں اور ان دنوں فلموں کے ٹریلرز اور پروموشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ جن پاکستانی فلموں کی عید پر نمائش متوقع ہے ان میں ”دم مستم“ کا نام بھی قابل ذکر ہے۔ یہ فلم کئی اعتبار سے اہمیت کی حامل ہے۔ سب سے پہلے تو یہ کہ یہ فلم عدنان صدیقی اور اختر حسنین جیسے کہنہ مشق فنکاروں کی جانب سے پیش کی جا رہی ہے۔

عدنان صدیقی اور اختر حسنین نے سیریل انٹرٹینمنٹ کے نام سے ایک پلیٹ فارم کی بنیاد ڈالی ہے جس سے انہوں نے اپنی پہلی پروڈکشن ”دم مستم“ کا ٹریلر جاری کر دیا ہے جس میں مشہور و معروف اور وراسٹائل اداکار عمران اشرف اور انتہائی باصلاحیت امر خان کو پہلی بار سلور اسکرین پر متعارف کرایا گیا ہے۔ گزشتہ سال ہم اسٹائل ایوارڈز کے موقع پر فلم کی کاسٹ نے خصوصی پرفارمنس پیش کر کے دھوم مچا دی جس کی وجہ سے لوگ اس فلم کی ریلیز کے شدت سے منتظر نظر آئے۔

کراچی میں منعقد ہونے والی ٹریلر لانچ کی تقریب بے شمار ستاروں سے سجی ہوئی تھی۔ اس موقع پر فلم عمران اشرف ’امر خان‘ محمد احتشام الدین ’عدنان صدیقی‘ اختر حسنین سمیت پاکستان کی تفریحی صنعت کے بے شمار جگمگاتے ستارے بھی موجود تھے۔

پروگرام کی میزبانی کے فرائض خوبصورت اور باصلاحیت اداکارہ صنم جنگ انجام دے رہی تھیں۔ تقریب میں شوبز ستاروں اور میڈیا سے تعلق رکھنے والوں کی بڑی تعداد موجود تھی ’حاضرین کی زبردست تالیوں کی گونج میں فلم کا ٹریلر پیش کیا گیا۔ خوبصورت اور باصلاحیت اسٹار کاسٹ سے لے کر شاندار اداکاری‘ غیر معمولی موسیقی ’بے عیب ڈائریکشن، اور محبت‘ ہنسی ’موسیقی‘ جذبات اور تنازعات کے بہترین امتزاج پر مشتمل اس ٹریلر کو حاضرین نے بہت پسند کیا۔

ٹریلر میں فلم کے اہم کرداروں کو پیش کیا گیا ہے۔ امر خان عالیہ کا کردار جب کہ عمران اشرف باؤ کا کردار ادا کر رہے ہیں جو بچپن ہی سے میوزک انڈسٹری میں بڑا مقام حاصل کرنے کا خواب دیکھتے ہیں۔ ٹریلر کی دیگر جھلکیوں میں ہمیں سہیل احمد بھرپور کردار ادا کرتے نظر آرہے ہیں جب کہ فلم کا غیر معمولی میوزک ’لوکیشنز اور زندگی سے بھرپور سیٹس فلم کی معیاری پروڈکشن کو ظاہر کر رہے ہیں۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے فلم کی ہیروئن اور مصنفہ امر خان نے کہا ”دو سال تک لکھنے ’مزید دو سال تک صحیح وسائل کے حصول اور پھر اگلے مزید دو سال لاک ڈاؤن کا سلسلہ‘ مجھے ایسا لگنے لگا تھا کہ میری یہ پہلی فلم منظر عام پر آنے میں دس سال لے لے گی لیکن الحمدللہ یہ بدترین خدشہ درست ثابت نہیں ہوا اور ہم آج یہاں فلم کا ٹریلر پیش کرتے ہوئے اس کے اجراء کا وقت متعین کرچکے ہیں۔“

اس فلم کو سیریل انٹرٹینمنٹ کے پلیٹ فارم سے عدنان صدیقی اور اختر حسنین نے پروڈیوس کیا ہے ’جس کی ہدایت کاری سپر اسٹار‘ پرواز ہے جنوں اور صدقے تمہارے کے شہرت یافتہ ڈائریکٹر احتشام الدین نے کی ہے جب کہ فلم باصلاحیت امر خان نے تحریر کی ہے۔ فلم کی غیر معمولی موسیقی شیراز اپل ’اذان سمیع خان‘ نبیل شوکت علی ’شانی ارشد اور بلال سعید سمیت ہماری میوزک انڈسٹری کے بہترین لوگوں نے ترتیب دی ہے۔ یاد رہے کہ بلال سعید نے پہلی بار کسی پاکستانی فلم کے لئے نہ صرف موسیقی ترتیب دی ہے بلکہ گانے بھی گائے ہیں۔

مرکزی جوڑی کے علاوہ ’دم مستم میں انڈسٹری کے بڑے اداکار سہیل احمد‘ سلیم معراج ’سیف حسن‘ عدنان شاہ ٹیپو ’عدنان صدیقی‘ وجاہت رؤف عرف دی وائس اوور مین ’سی بی اے کے ارسلان نصیر اور مورو نے بھی خصوصی شرکت کی ہے۔ دم مستم کے ذریعے ورلڈ کپ میں ایک میم سے مشہور ہونے والے مومن ثاقب بھی پہلی بار سلور اسکرین پر جلوہ دکھا رہے ہیں۔ اس فلم میں ناظرین اپنے پسندیدہ گلوکار راحت فتح علی خان کو پہلی بار اداکاری کرتے ہوئے دیکھیں گے۔ دم مستم ہم فلمز کے بینر تلے امسال عید الفطر پر ریلیز کی جائے گی۔ فلم کے ٹریلرز دیکھ کر اس بات کا اندازہ ہو رہا ہے کہ یہ فلم شائقین کو مایوس نہیں کرے گی۔ عید الفطر کے موقع پر جب لوگ اس فلم کو دیکھیں گے تو ان کی عید کا لطف دوبالا ہو جائے گا۔

چلتے چلتے ایک بات کہ کوئی بھی فلم یا ڈرامہ بنانے میں بہت سارے لوگ اپنا کردار ادا کرتے ہیں ’اس میں بہت سا روپیہ اور وقت لگتا ہے اور بہت سے لوگوں کا مستقبل بھی کئی پراجیکٹ سے وابستہ ہوتا ہے اس لئے فلم کے شائقین کو چاہیے کہ وہ پاکستانی فلمیں دیکھنے کے لئے سینماؤں تک ضرور جائیں۔ اپنی بھلی یا بری رائے کا اظہار بھی کریں تاکہ جب ان کے سامنے اگلا پراجیکٹ آئے تو اس میں ان کی پسند و ناپسند کا خاص خیال رکھا جائے۔ تو پھر آپ لوگوں سے عید الفطر کے دن سینماؤں میں ملاقات ہو رہی ہے نا!


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments