ملتان میں پنجاب کلچرل ڈے


کلچر قوم کی شناخت ہوتا ہے۔ اس کی حفاظت اس کا مظاہرہ اس قوم کی بقا ہے، آج پنجاب کا ثقافتی دن ہے، جس کو پورے پنجاب میں بھرپور طریقے سے منایا گیا، عام طور پہ پنجاب میں اپنی روایات کے ساتھ گہری وابستگی ہے۔ بہت سے تہوار میلے اور عرس ہماری روایت کا حصہ ہیں لباس رہن سہن شادی بیاہ غمی خوشی اور فصلوں اور موسموں سے جڑے بہت سے تہوار اور میلے ہر سال منائے جاتے ہیں

چودہ مارچ کو پنجاب کلچرل ڈے سرکاری سطح پہ منایا جاتا ہے۔ اسی سلسلے میں آج گورنمنٹ ایسوسی ایٹ سول لائنز کالج ملتان میں بھی پنجاب کلچرل ڈے کا انعقاد کیا گیا کالج کے پرنسپل سید حیدر رضا گردیزی، وائس پرنسپل سلیم اعظم نے رنگا رنگ ثقافتی میلہ کا افتتاح کیا۔ کلچرل ڈے کے حوالے سے سارے انتظامات یوسف الرحمن یوسفی اور عامر سنجرانی نے سنبھالے۔ کالج کی تمام فیکلٹیز نے بھر پور ساتھ دیا۔

کلچرل ڈے کے حوالے سے مختلف کھانوں کے سٹال لگائے گئے ثقافت کے حوالے سے بھی مختلف سٹال لگائے گئے۔ ہاتھ کی بنی ہوئی چیزیں۔ مٹی کے برتن روایتی کھانے، مختلف سٹال جن سے ثقافتی روایات کا اظہار ہو رہا تھا فیکلٹیز اور طالبات نے ثقافتی ملبوسات زیب تن کیے۔ یہ ایک خوبصورت رنگا رنگ اور اپنے کلچر اور ثقافت کی نمائندگی کرنے والی تقریب تھی۔

ہر علاقے کا ایک اپنا کلچر اور روایات ہیں جو کہ اس علاقے کے طرز تمدن کی عکاسی کرتے ہیں۔ پنجاب کے ثقافتی تہوار ہوں یا اس کے روایتی رقص لڈی سے لے کر جھومر تک ہر ایک کی اپنی تاریخ ہے اور پنجاب میں یہ آج بھی اپنی اصل روح کے ساتھ موجود ہیں۔

گورنمنٹ سول لائن کالج ملتان میں سب طلبہ و طالبات کو اپنے اپنے کلچر ڈے کے حوالے سے صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا بھرپور موقع دیا گیا اپنی ثقافت اور روایات کی رنگا رنگی شرکاء کے لباس انداز اور پیش کیے آئٹم سے جھلک رہی تھی۔ پرنسپل حیدر رضا نے اپنے خطاب میں تمام فیکلٹیز کو اپنی ذمہ داریاں بھر پور طریقے سے سر انجام دینے پر سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کا کلچرل ڈے منانے کا فیصلہ بہت اچھا اقدام ہے اس سے ہمارے بچوں کو اپنے کلچر اور روایات سے روشناس ہونے کا موقع ملے گا۔ بچوں کو پڑھائی کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے ان کی صلاحیت اور تعلیمی استعداد بڑھے گی

اس تقریب کے موقع پر لوگوں کی دل چسپی قابل دید رہی، انھوں نے کالج انتظامیہ اساتذہ اور طالبات کے پیش کیے پروگراموں کو بہت سراہا اور کالج انتظامیہ اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

Facebook Comments HS