پانی سے مسکراتی زندگی
پانی کی قلت ایک عالمگیر مسئلہ بن چکا ہے۔ دنیا میں بیشتر ممالک کو پانی کا مسئلہ درپیش ہے اور پاکستان ان میں سے ایک ہے اور پانی کی قلت کے شکار ممالک میں پاکستان کا تیسرا نمبر ہے جہاں پانی کی شدید قلت ہے۔ پانی کا بحران ایک بڑا مسئلہ ہے جو کسی ملک کے سماجی و اقتصادی اور زراعت کو تباہ کر دیتا ہے۔ گزشتہ کئی سالوں سے پاکستان کو پانی کی کمی کے باعث متعدد چیلنجز کا سامنا ہے۔ جس میں وسیع پیمانے پر ملک کے سماجی و اقتصادی خوشحالی کا فقدان ہے۔
آئی ایم ایف کے مطابق، پاکستان کی فی کس سالانہ پانی کی دستیابی 2009 میں 1500 کیوبک میٹر سے گھٹ کر 1,017 کیوبک میٹر رہ گئی ہے۔ پاکستان 1,000 کیوبک میٹر کی قلت کی حد کے بہت قریب ہے، اور موجودہ ترقی کو دیکھتے ہوئے، ملک جلد ہی خطرے کی سطح تک پہنچنے والا ہے۔ پاکستان کونسل آف ریسرچ ان واٹر ریسورسز (PCRWR) نے ان خدشات کی تصدیق کی ہے۔ اس نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان 2025 تک پانی کی مکمل کمی کے قریب پہنچ جائے گا۔ یونیسیف کے مطابق 2025 تک دنیا کی نصف آبادی پانی کی کمی کا سامنا کرنے والے علاقوں میں رہ سکتی ہے۔
2030 تک پانی کی شدید قلت سے تقریباً 700 ملین لوگ بے گھر ہو سکتے ہیں۔
پاکستان اپنے دریاؤں سے ہر برس 145 ملین فیٹ پانی حاصل کرتے ہیں۔ اس میں ہمیں گھریلو استعمال کے لئے 12 MAF اور صنعتی ضروریات کے لیے 8 MAF درکار ہوتے ہیں۔ اگر ہم مستقبل کی ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے اس میں 50 % اضافہ کر دیں تو بھی ہمارے گھریلو اور صنعتوں کے لئے کل 30 MAF کافی ہوتا ہے۔ پاکستان ایک زرعی ملک ہے تاہم بد انتظامی اور آب پاشی کا نظام ناقص ہونے کی وجہ سے آبی وسائل کا بری طرح سے ضائع ہو رہا ہے اور سالانہ 104 MAF زراعت کی نذر ہوجاتا ہے ۔
زراعت کے شعبے میں سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ پانی فرسودہ طریقے سے استعمال ہو رہا ہے یعنی جتنی پانی کی ضرورت ہے اس سے 5 سے 6 گنا زیادہ پانی استعمال کرتے ہیں۔ زراعت میں 5 گنا زیادہ پانی استعمال کرنے کی وجہ سے ہمارے دریا خشک ہونے پر مجبور ہیں۔ پاکستان میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت بین الا اقوامی معیار سے 4 گنا کم ہے تاہم خوش قسمتی سے قدرت نے ہمیں Aquifer سے نواز رکھا ہے ہمارے ہاں زیر زمین 3000 MAF پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت موجود ہے
اس وقت تقریباً 3 کروڑ پاکستانیوں کو پینے کے صاف پانی کا مسئلہ درپیش ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق ایک انسان کو روزانہ 50 سے 100 لیٹر پانی کی ضرورت ہوتی ہے لیکن کراچی کے اورنگی ٹاؤن کے لوگوں کو ایک دن میں 70 لیٹر حاصل ہوتا ہے یہ دیکھنے میں تو زیادہ لگتے ہوں گے لیکن 70 لیٹر پانی آخر کتنا ہوتا ہے؟ اگر آپ 10 منٹ نہائے تو 20 سے 25 گیلن استعمال ہوتا ہے۔ 20 سے 25 گیلن کا مطلب 80 سے 100 لیٹر پانی ہوتا ہے۔ اورنگی ٹاؤن میں کئی لوگوں کو دن میں اتنا پانی میسر نہیں ہوتا ہے۔
اس وقت کراچی کی آبادی 3 کروڑ کے قریب ہے جس کے لئے روزانہ کم سے کم 600 سے 700 ملین گیلن کی ضرورت ہے لیکن آپ کو جان کہ حیرانی ہوگی کہ کراچی میں روزانہ 400 ملین گیلن فراہم کیا جاتا ہے ۔ لیکن پاکستان میں دریاؤں، چشموں، زیر زمین پانی، گلیشیئر سبھی موجود ہونے کے باوجود پانی کی قلت کی وجہ کیا ہے؟ اس کی وجہ یہ ہے ہم اضافی پانی کو ذخیرہ کرنے کی سکت نہیں رکھتے اور پانی کو سمندر میں گرا کر کے ضائع کر رہے ہیں۔
ہم گلیشیئر اور بارشوں سے بڑی مقدار میں پانی حاصل کرتے ہیں لیکن ڈیمز نہ ہونے کی وجہ سے ہر سال 10 ٹریلین گیلن پانی سمندر میں گرا کر کے ضائع کر رہے ہیں۔ یہ اتنا پانی ہے اس سے 3 سے 4 منگلا جیسے بڑے ڈیمز بھرے جا سکتے ہیں اور یہ پانی ناصرف کراچی بلکہ پورے پاکستان کے لئے استعمال ہوسکتے ہیں۔ ڈیم نہ ہونے کی وجہ سے ہمیں ایک اور بہت بڑے مسئلے کا سامنا ہے وہ یہ ہے کہ ہم اپنے ملک میں زیادہ سے زیادہ 30 دن کے استعمال کا پانی ذخیرہ کر سکتے ہیں جو کہ بہت کم ہے
پانی کی قلت کے چند اسباب درج ذیل ہیں۔ غیر موثر انتظام ’غیر مساوی رسائی اور تقسیم، بڑھتی ہوئی آبادی، شجر کاری، ترقی پسند صنعت کاری، ذخیرہ کرنے کی صلاحیت کی کمی اور آب و ہوا کا خطرہ پانی کے انتظام کو مشکل کام بنا دیتا ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے بارشوں میں نمایاں کمی آئی ہے جس کی وجہ سے پانی کے بحران کا سامنا ہے۔ ایک اور وجہ بڑھتی ہوئی آبادی ہے جو پانی کے بحران کی ایک اہم وجہ سمجھا جاتا ہے ۔ آبادی بڑھنے کے ساتھ پانی کا استعمال بھی زیادہ ہوتا ہے جس کے باعث پانی کی قلت کا سامنا بڑھ رہا ہے۔
اور اہم وجہ جیسے ہم اکثر نظر انداز کرتے ہیں وہ ہے زراعت میں پانی کا ضرورت سے زیادہ استعمال کرنا ہے۔ جتنا پانی کی ضرورت ہوتی ہے ہم اس سے دگنا پانی استعمال کرتے ہیں اور اس وقت پاکستان میں میٹھے پانی کا 97 فیصد زراعت کے شعبے میں استعمال ہوتا ہے جو کہ پاکستان کی جی ڈی پی کا 18 فیصد بنتا ہے۔ زراعت کے خراب انتخاب، سیلاب کی آبپاشی، ہائبرڈ بیجنگ کی کمی اور پانی کا ناقص انتظام آبی وسائل پر بہت زیادہ بوجھ ڈال رہے ہیں۔
اگرچہ پانی انسانی زندگی کے لیے نعمت ہے یہاں تک کہ یہ خوشحالی، صحت، ترقی کی نشاندہی کرتا ہے۔ بلاشبہ پانی کی بدانتظامی کا مطلب زندگی کی بدانتظامی ہے۔ جیسا کہ تھامس فلر نے درست کہا، ”ہمیں پانی کی قدر کا اندازہ نہیں ہوتا، جب تک کہ کنواں خشک نہ ہو۔“ پانی کا عالمی دن، جو 1993 سے ہر سال 22 مارچ کو منایا جاتا ہے، میٹھے پانی کی اہمیت پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔
پانی کا عالمی دن منایا جاتا ہے کہ لوگوں کو پانی کی قلت کے بارے میں آگاہ کیا جائے تاکہ پانی کو محفوظ بنانے کی کوشش کی جائے۔
آخر میں، حکومت پاکستان کو اس مسئلے کو سنجیدگی سے لینا چاہیے اور انفرادی طور پر ہمیں اس مسئلے کو سمجھنا ہو گا اور پانی کو ضائع اور محفوظ بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے تاکہ مستقبل میں پانی کی کمی کا شکار نہ رہیں اور ہم ہنستی اور مسکراتی زندگی بسر کرسکیں۔


