پہلے ایک روزہ میچ سے قبل آسٹریلوی ٹیم مشکلات کا شکار، دو کھلاڑیوں اور فزیوتھراپسٹ کو کووڈ
آسٹریلوی ٹیم کے ساتھ یہ صورتحال ایسے وقت پیش آئی ہے جب اسے منگل کے روز پاکستان کے خلاف پہلا ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنا ہے۔
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے میڈیا منیجر کے مطابق لیفٹ آرم سپنر ایشٹن ایگر کا کووڈ ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جس کی وجہ سے وہ ون ڈے سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ ایشٹن ایگر پندرہ ون ڈے انٹرنیشنل کھیل چکے ہیں جن میں انھوں نے چودہ وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔
آسٹریلوی ٹیم کے فزیو تھراپسٹ برینڈن ولسن کا کووڈ ٹیسٹ بھی منگل کی صبح مثبت آیا ہے۔ آسٹریلوی ٹیم کے میڈیا منیجر کا کہنا ہے کہ دیگر تمام کھلاڑیوں اور کوچنگ سٹاف کے کووڈ ٹیسٹ کے نتائج منفی آئے ہیں۔
یاد رہے کہ پیر کے روز آسٹریلیا کے نمبر دو وکٹ کیپر جوش انگلز کا کووڈ ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا جس کے بعد انھیں پانچ روز کے لیے آئسولیٹ کردیا گیا تھا اور آسٹریلیا سے وکٹ کیپر میٹ رینشا کو طلب کرلیا گیا تھا۔
مچل مارش بھی ان فٹ
سپنر ایشٹن ایگر کا مثبت کووڈ ٹیسٹ کی وجہ سے ون ڈے سیریز سےباہر ہوجانا آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے لیے بڑا دھچکہ ہے۔
اس سے قبل مہمان ٹیم پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں آل راؤنڈر مچل مارش کی خدمات سے بھی محروم ہوچکی ہے وہ کولہے کی تکلیف میں مبتلا ہیں۔ ان کی جگہ کیمرون گرین کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
مچل مارش کے بارے میں آسٹریلوی ٹیم منیجمنٹ کو امید ہے کہ وہ اگلے دو میچوں کے لیے فٹ ہوجائیں گے۔
مچل مارش متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف فائنل کے مین آف دی میچ تھے اس میچ میں انہوں نے77 رنز ناٹ آؤٹ کی میچ وننگ اننگز کھیلی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلنے والی ٹیم میں اس کے متعدد تجربہ کار کھلاڑی شامل نہیں ہیں جھہوں نے ٹیسٹ سیریز میں حصہ لیا تھا۔
ٹیسٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز، جوش ہیزل ووڈ اور ڈیوڈ وارنر آئی پی ایل کھیلنے انڈیا جاچکے ہیں جبکہ سٹیو سمتھ ان فٹ ہوجانے کے باعث ون ڈے سیریز سے باہر ہوئے ہیں اور مچل اسٹارک کو ون ڈے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔
کیا اسمتھ اور خواجہ کے ٹیسٹ بھی مثبت آئے تھے؟
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کراچی ٹیسٹ سے قبل بھی چند آسٹریلوی کرکٹرز کے کووڈ ٹیسٹ مثبت آنے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔
اس سلسلے میں ایک پاکستانی اخبار نے یہ خبر دی تھی کہ سٹیو سمتھ اور عثمان خواجہ کے کووڈ ٹیسٹ مبینہ طور پر مثبت آئے تھے لیکن آسٹریلوی ٹیم منیجمنٹ نے ان نتائج کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا تھا اور اس نے اپنے طور پر دوبارہ کووڈ ٹیسٹ کرائے تھے جن کے نتائج منفی آئے تھے۔
خبر کے مطابق یہ صورتحال متنازع ہوسکتی تھی لیکن دونوں کرکٹ بورڈ کے باہمی اتفاق کی وجہ سے صورتحال پر قابو پالیا گیا تھا۔


