سیاسی اختلاف کے آداب


آپ کا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت سے ہو سکتا ہے لیکن سمجھ یہ نہیں آتی، اس بات کو زندگی اور موت کا مسئلہ کیوں بنا لیا جاتا ہے۔

اپنے متعلق کہوں تو بھئی بات سیدھی سی ہے، ہمدردیاں ساری تو صرف اور صرف پاکستان کے لیے ہیں۔ سیاسی جماعتیں ہزار آئیں جائیں اپنی بلا سے۔ اپنا تعلق تو کسی سیاسی جماعت سے پیدا ہی تب ہوتا ہے جب وہ پاکستان کے لیے بہتر محسوس ہو رہی ہو ورنہ کچھ نہیں۔ اور جو پارٹی پاکستان کے لیے کسی بھی حوالے سے بہتر لگے اس کے لیے دل میں نرم گوشہ پیدا ہونا فطری بات ہے۔

آپ کو جو بھی سیاسی پارٹی پاکستان کے لیے بہتر لگتی ہے، اسے بلا جھجک سپورٹ کیجیے۔ میں آپ کے فیصلے کا احترام کروں گا چاہے وہ میری پسند سے جتنا بھی مختلف ہو۔ اعتراض تب ہو سکتا ہے جب کسی سیاسی جماعت کو پسند کرنے کی وجہ پاکستان کے مفاد کے بجائے کچھ اور ہو۔

اس کے علاوہ اپنا ظرف اور اپنا شعور اتنا وسیع ضرور رکھیے کہ غلط کو غلط اور صحیح کو صحیح کہہ سکیں۔ وہ چاہے اپنی پسندیدہ جماعت کی طرف سے ہو یا ناپسندیدہ جماعت کی طرف سے۔

اور سیاسی پسند نا پسند کی وجہ سے اپنے تعلق خراب اور اخلاق برباد مت کیجیے۔ آپ کو درست لگنے والی ہر چیز درست نہیں ہو سکتی نہ ہی آپ دنیا میں سب سے سمجھدار یا واحد دانشور ہیں۔ آپ نہ تو کسی بھی چیز کا مکمل علم رکھتے ہیں اور نہ ہی کامل سمجھداری۔ اپنی سمجھ کی حدود کا ادراک ہونا بہت ضروری ہے۔ اختلاف کو احترام کے ساتھ اخلاقیات کے دائرے میں رہتے ہوئے برداشت کیجیے اور اپنا دامن اتنا تنگ مت کیجیے کہ مخالفین کی جانب سے دی گئی دلیلوں سے کچھ سیکھ نہ سکیں۔

سیاست کو سیاست میں رہنے دیجیے، اپنے گھر یا رشتوں میں گھسا کر ان میں بگاڑ مت پیدا کیجیے۔ خوشی غمی میں یہی تعلق اور رشتے ساتھ دیں گے، یہ سیاسی جماعتیں آپ کے کاندھے پہ ہاتھ رکھنے، آپ کے دکھ بانٹنے یا آپ کی خوشیوں میں شریک ہونے نہیں آئیں گی۔

سیاسی معاملات میں اپنی پسند نا پسند ضرور قائم رکھیں لیکن دعا صرف یہی کریں کہ وہی جیتے جو پاکستان کے لیے بہتر ہو۔ وہی جماعت اسمبلی میں، حکومت میں آئے جسے قومی مفاد ذاتی مفاد سے زیادہ عزیز ہو۔ جو ہر حال میں پاکستان کو مقدم رکھے۔

سکون سے جئیں اور دوسروں کو بھی سکون سے جینے دیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments