کاف کہانی


ڈھول سپاہی بدنام ہو گیا تھا۔ جس بیٹے کو نمبردار بنایا اس کی ہٹ دھرمی اور اس کے مشیروں کی فوج ظفر موج نے دھما چوکڑی مچا دی۔ لوگ بیٹے کی نمبرداری پر شاکی تھے۔ کسی کو دودھ کے ریٹ بڑھنے کا مسئلہ تھا تو کوئی چارے اور گنے کی کم قیمتیں ملنے پر ناراض نظر آتا تھا۔ کسی کی بکریاں دن دیہاڑے چوری ہو جاتی تھیں۔ کسی کے پانی کی باری پر کوئی دوسرا پانی لگا لیتا۔ بس ہر جانب افراتفری پھیلی ہوئی تھی۔

دو بار مخالف دھڑوں نے کوشش کی کہ پسر ڈھول سپاہی کی نمبرداری چوپٹ کر دی جائے مگر ڈھول سپاہی ہر بار کسی نہ کسی طرح بیٹے کی نمبرداری بچاتا رہا۔ جب مہنگائی کا شور حد سے بڑھا تو ڈھول سپاہی کے ذہن میں ترکیب آئی اس نے خود پر لگے جانبداری کے الزامات دھونے کے ساتھ ساتھ نمبردار کے دامن پر لگے شکایات و الزامات کے چھینٹے ایک ہی وار سے صاف کرنے کا فیصلہ کیا اور لوگوں سے کہا کہ وہ جانبدار ہے اب تم اپنا نیا نمبر دار چن لو!

دوسری طرف بیٹے کو کہا کہ تم ظاہری طور پر ڈٹ جانا اور کہنا عجب زمانہ آ گیا کہ باپ بیٹے کے خلاف ہو گیا۔ اس طرح مجھ پر جانبداری کا الزام بھی عائد نہ ہو گا اور تم بھی یہ کہ سکو گے کہ میں اپنے باپ کی نا انصافی کے سامنے ڈٹ گیا تھا۔ باپ اور غیروں کی سازش نے میرا دھڑن تختہ کر ڈالا۔ نمبردار نے باپ کے کہنے پر یہی ڈراما رچایا۔ وہ کہتا رہا اب میں مزید خطرناک ہو چکا ہوں۔ اور پھر یوں ہوا کہ لوگوں نے اس کا بستر گول کر دیا۔

نیا نمبر دار بن گیا۔ چارا مہنگا رہا۔ دودھ کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں اور اب تو مسجد کا چندہ بھی اتنا کم ہو گیا کہ مولوی صاحب نے گاؤں کی مسجد چھوڑ دی۔ ادھر اس کا بیٹا لوگوں کو بتاتا رہا کہ میرے ساتھ نا انصافی ہوئی ہے۔ حالات کی خرابی نے نمبردار کے موقف کو درست ثابت کر دیا۔ نیا نمبردار حالات کو سدھارنے کی کوشش کرتا رہا۔ ڈھول سپاہی کا بیٹا لوگوں میں اپنی بے دخلی کی کہانیاں سنا سنا کر ان کی ہمدردیاں سمیٹتا رہا۔ نئے نمبر دار کے ساتھی بھی ہوا کا رخ ایک بار پھر تبدیل ہوتا دیکھ کر پرانے نمبردار سے جا ملے۔ پرانے نمبر دار کو وہ مقبولیت حاصل ہوئی کہ الامان!

دو ماہ بعد نئے نمبر دار کا چناؤ ہوا تو باپ غیر جانبدار رہا کیوں کہ اس نے حالات ہی ایسے پیدا کر دیے تھے کہ اب بیٹے کو اس کی حمایت کی ضرورت نہ رہی تھی۔ اس کا بیٹا پھر نمبر دار بنا گیا جب بیٹا مسند پر بیٹھا تو ڈھول سپاہی نے بیٹے کے کان میں کہا! دیکھا تیرا گند تیرے ہی گند سے صاف کیا بلکہ اپنا دامن بچا کر کیچڑ مخالف پر ڈال دی۔ اب دس سال کوئی تجھے اس تخت سے ہٹانے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ اب تو بھی لوگوں کا مسیحا ہے اور میں بھی غیر جانبدار منصف، یاد رکھ بیٹا! قوم کو لال بتی کے پیچھے لگائے رکھ تو ہمیشہ حکمران رہے گا اور لوگ تجھے دیوتا سمجھیں گے۔