حلقہ ارباب ِ ذوق لاہور کے دونوں دھڑوں کا ادغام اور نئے انتخابات

حلقہ کا اجلاس جاری تھا کہ اس دوران معروف ادیب حسین مجروح صاحب تشریف لے آئے سب نے کھڑے ہوکر استقبال کیا۔ حسین مجروح صاحب کی پاک ٹی ہاؤس آمد غیر متوقع تھی کیونکہ اس وقت حلقہ اربابِ ذوق لاہور بدقسمتی سے دوحصوں میں تقسیم ہو چکا ہے۔ ایک دھڑے کی سرپرستی حسین مجروح صاحب کر رہے ہیں جن کا ہفتہ وار اجلاس ایوان ِ اقبال ایجرٹن روڑ پر علیحدہ جبکہ بیک وقت دوسرے دھڑے کی قیادت ڈاکٹر امجد طفیل کر رہے ہیں جو اپنا اجلاس مال روڑ کی مشہور پاک ٹی ہاؤس میں منعقد کرتے ہیں۔ حلقہ ارباب ِ ذوق لاہور کی یہ دوئی اور تقسیم بہت تکلیف دہِ اور نقصان ِ دہ ہے جس کا ادراک بزرگ ادیبوں نے کیا اور کوششیں کیں کہ یہ دوبارہ یکجا ہو جائیں۔ ان کی یہ کوششیں باآوار ثابت ہوئیں اور گذشتہ ہفتے حسین مجروح کی پاک ٹی ہاؤس آمد اور باضابطہ ضم ہونے کا اعلان کیا گیا اور حاضرین کو بتایا کہ حلقہ ارباب ذوق لاہور کا سالانہ انتخابات 12مارچ کوایوان ِاقبال میں سہ پہر 3 سے رات 8 بجے تک منعقد ہو ں گے۔ 19 سے 26فروری تک کاغذات ِ نامزدگی الیکشن کمشنر نامور ادیب اشرف جاوید صاحب کو جمع کروائے جا سکتے ہیں۔ 5مارچ تک امیدوار کاغذات ِ نامزدگی باہمی رضا مندی سے واپس لے سکتے ہیں۔ 19مارچ کو اختیارات نئی انتظامیہ اور سیکرٹری کے حوالے کیے جائیں گے اور اس کے بعد حلقہ ارباب ِ ذوق کے اجلاس باقاعدگی سے پاک ٹی ہاؤس میں منعقد ہوا کریں گے اور حلقہ دوبارہ سے ایک ہو جائے گا۔
ادیب محبتوں کے داعی اور پر چارک ہوتے ہیں۔ ہمارے معاشرے میں تفریق اور تقسیم پہلے ہی بہت ہے۔ اتحاد اور اتفاق کی ضرورت ہے۔ دونوں حلقوں کی یکجائی ضروری تھی۔ ہم اس تاریخی فیصلے پر حلقہ کے تمام ممبران کو خصوصی طور پر مباکباد دیتے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ دوئی کو نوبت دوبارہ نہیں آئے گی اور حلقہ حسب ِ روایت اُردو ادب کی خدمت کرتا رہے گا۔

