ایک معرکہ الآرا اور حقیقی انٹرویو


اوریانہ فلاچی کے معرکہ الآرا انٹرویوز کے بعد جدید دور میں تحقیقاتی جرنلزم کے نئے ریکارڈ سیٹ کر ڈالے۔ سابق اداکار شان نے عمران خان کا تاریخی انٹرویو کیا۔ اس انٹرویو کو لندن کی برٹش لائبریری اور ماسکو کی لینن لائبریری میں نمایاں جگہ پر رکھا جائے گا۔

اس انٹرویو میں انٹرویو کرنے والے سابق اداکار شان انتہائی جذباتی ہو گئے، ان کی آواز گلوگیر ہو گئی۔ اور انہوں نے رقت آمیز لہجہ میں سابق وزیراعظم کو بتایا کہ ان کے گھر میں موجود 23 درجن معمر خواتین اور بزرگ دھاڑیں مار مار کر روئے۔ جب انہوں نے دیکھا کہ سابق وزیراعظم امریکہ جیسی استبدادی قوت کو چیلنج کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے تھے۔

اس مرحلہ پر ایسا محسوس ہوا جیسا کائنات تھم گئی ہو اور کہکشاں کی حرکت متصادم سمت میں چلی گئی ہو۔ چاند اور سورج الٹے گھومنا شروع ہو گئے ہوں۔ اور روشنی زمین سے نکل کر سورج پر پڑنا شروع ہو گئی ہو۔

اس تحقیقاتی انٹرویو میں پاکستان کو سپر پاور بنانے کے تمام فارمولے کپتان خان نے بیان کیے اور ایسے ایسے کائناتی اسرار کھولے کہ آنے والے کئی درجن نسلیں ان پر نہ صرف فخر کریں گی بلکہ ان تصورات جدید یونیورسٹیوں میں بطور نصاب پڑھایا جائے گا۔

اداکار شان نے کپتان سے ایسے تیکھے سوالات پوچھے جن سے معلوم ہوا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور جو بائیڈن کپتان کی خوبصورتی۔ حسن اور کیرزمہ سے اس قدر خوفزدہ کیوں ہیں۔ اس انٹرویو میں عوام کو پاکستان کے تمام مسائل کا حل بھی سمجھنے کا موقعہ دے دیا ہے کہ اگر عمران خان کو مزید 55 سال تک وزیراعظم نصب رکھا جائے اور عوام جیسی کمینی اور گھٹیا مخلوق مہنگائی اور اجناس کی کمیابی پر کپتان کا موڈ خراب نہ کرے تو 55 سال کی تیسری ٹرم میں پاکستان پوری دنیا کے لئے ایک رول ماڈل ملک بن چکا ہو گا۔

دنیا کی معروف یونیورسٹیوں ہارورڈ۔ آکسفورڈ۔ کیمبرج نے اداکار شان کو اپنے اپنے صحافی کے شعبہ کا ڈین مقرر کرنے کے لئے بھاری پیکیج کی پیش کش کی ہے۔ تاہم سابق اداکار شان نے کسر نفسی سے کام لیتے ہوئے صاف انکار کر دیا ہے اور انہوں نے باقی زندگی کپتان عمران خان کے پاؤں میں بیٹھ کر گزارنے کا عندیہ دیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments