کتنا معصوم ہے عام آدمی


میٹرک امتحان پاس کرنے کے بعد اب اس عام آدمی کا اصل امتحان شروع ہو جاتا ہے اور اب اس سے بہت سارے کام لینے کا عمل شروع ہو جاتا ہے، اب اس عام آدمی کو گھر کے کام کرنے کے ساتھ ساتھ محلے میں غم اور خوشی میں بھی شریک ہونا ہے، اب اس عام آدمی کو کبھی جلسوں میں بلایا جائے گا تو کبھی احتجاج میں۔ کبھی اس کو بتایا جائے گا کہ دیش کو اس کی سخت ضرورت ہے۔ اب عام آدمی نے کام دھندا بھی ڈھونڈنا ہے۔

ہاں بھائی، کل میں نے سوشل میڈیا پر دیکھا کہ پولیس میں کانسٹیبل کی ویکینسیز آئی ہوئی ہیں، جس کے لیے تعلیم کی حد میٹرک، قد 5 فٹ اور عمر کی حد 24 سال ہے۔

ٹھیک ہے بھائی میں کل ہی شناختی کارڈ میں اپنے نام کی تصحیح کر کے اپلائی کر لیتا ہوں، اس جاب کا تو میں سو فیصد اہل ہوں۔

میرے بھائی اپلائی سے کچھ نہیں ہوتا، اس پوسٹ کو پانے کے لئے اونچی پہنچ چاہیے۔
ہاں تو ٹھیک ہے ناں ہم نے ایم این اے صاحب کو ووٹ اور پورا مہینہ کمپین اسی دن ہی کے لئے تو کیا تھا۔
تو پھر دیر کس بات کی چلو ایم این صاحب کے ہاں چلتے ہیں۔

جی ایاز صاحب ایم این اے صاحب سے ملاقات کے لئے تشریف لائے ہیں۔
ایم این اے صاحب تو اسلام آباد میں ہیں، اگلے ہفتے آئے گے، آپ لوگ کس سلسلے میں آئے ہیں میں ایم این کا حلقے میں سیکرٹری ہوں۔

جی ایاز بھائی آپ کو کون نہیں جانتا، ہم وہ پولیس میں نئے مشتہر نوکریوں کے سلسلے میں آئے ہیں۔

ہاں آپ لوگوں سے پہلے بھی کچھ لوگ اسی سلسلے میں آئے تھے، ایم این اے صاحب نے تاکید کی ہے کہ اس سلسلے میں آنے والے ہر عام آدمی سے اس کا سی وی اور رابطہ نمبر لے لو، تو آپ لوگ بھی اپنا سی وی میرے پاس جمع کروا دیں۔

ٹھیک ہے یہ رہی ہماری سی وی۔ خدا حافظ۔

ایم این اے صاحب پچھلے ہفتے پولیس ڈیپارٹمنٹ میں مشتہر ہونے والے نوکریوں کے لئے ہمارے حلقے سے ابھی تک چالیس سی ویز آ چکی ہیں ان کا کیا کرنا ہے۔

ایاز میاں ان کا کیا کرنا ہے ڈیسک بین میں ڈال دیں بس، وہ تو میں نے پہلے سے منسٹر صاحب کو میرے ماسی کے دو لونڈوں کا کہا ہوا ہے، اور ہاں حلقے کے ہر عام آدمی کو خبر کرو کہ پارٹی چیرمین کی کال پر کل شام چھ بجے گھنٹہ گھر چوک پر کرپشن کے خلاف بھر پور مظاہرہ ہو گا۔

ٹھیک ہے ایم این صاحب آپ کی بات ہر عام آدمی تک آج ہی پہنچ جائے گی۔

ہاں بھائی نوکری تو نہیں لگی لیکن میں نے محکمہ بلدیات کے بابو صاحب سے بات کی ہے، مجھے اندرون بازار میں فٹ پاتھ پر شیرا والی گلی کے بالکل سامنے شوارما بیچنے کی اجازت مل گئی ہے، لیکن میں ہر دن کے حساب سے دو سو روپے بابو صاحب کو دوں گا، اور بابو نے کہا ہے کہ کوئی بھی میرے سٹال کو کچھ نہیں کہے گا، اور سالانہ دس فیصد کے اضافے کے ساتھ بابو صاحب کا حصہ بھی بڑھے گا۔

یار یہ بتا شیرا والی گلی کہاں پہ ہے۔
وہی گلی ناں جہاں پچھلے سال عام آدمیوں نے مذہبی رہنما کے کہنے پر دو غیر مذہب لوگوں کے گھر جلائے تھے۔

اچھا اچھا، یار وہ آپ کے ابو کے وہ زمین کے کیس کا کیا بنا، جس پر جاگیر دار نے قبضہ کر رکھا ہے اور عدالت میں پچھلے سات سال سے زیر التوا ہے۔

میرے دوست عدالت میں عام آدمی کی کیس کی باری ہی کب آتی ہے، لیکن وکیل کہہ رہا ہے کی شاید اگلے مہینے ایک دفعہ پھر عدالت ہمارا کیس سن لے، امید تو ہے کہ اس دفعہ فیصلہ آ جائے گا لیکن یار زمین کی قیمت سے تو دگنا ہمارے اس کیس پر خرچہ ہو گیا، اس سے تو اچھا یہ تھا کہ ہم بھی چپ چاپ کچھ پیسے لیتے اور معاملہ سیٹ کرتے۔

ہاہا ہا ہا، یار یہ پشتو کا محاورہ آپ کے ابو کے اس کیس پر پورا اترتا ہے۔ ”اتانو خر وو دوو انوئے کٹی ووخاڑو“

یا مجھے پشتو نہیں آتی اس محاورے کا کیا مطلب ہے
اس کا سادہ الفاظ میں مطلب یہ ہے کہ دو روپے کا گدھا تھا تین روپوں کا اس نے گھاس کھا لیا۔
ہاہا صحیح بات ہے یار۔

اچھا ہوا بیٹا کہ جلدی گھر آ گئے ہو، آپ کے بیٹے کا بخار ابھی تک نہیں اترا، جلدی سے اسے ڈسٹرکٹ ہسپتال لے کے جاؤ، کل ہی اگر لے کہ جاتے تو ابھی تک ٹھیک ہی ہو چکا ہوتا، لیکن تم نے تو اپنے لیڈر کا خطاب ہی رات بارہ بجے تک سننا تھا۔

ٹھیک ہے امی، میں اسے لے کے جاتا ہوں ابھی کے ابھی۔
بات سن بھائی یہ ہسپتال کی ایمرجنسی کیوں بند ہے۔

ڈاکٹرز ہڑتال پر ہیں، اور ایمرجنسی ہر عام آدمی کے لیے تب تک بند رہے گی جب تک ڈاکٹرز کے مطالبات پورے نہیں ہوتے۔ اس لیے کسی پرائیویٹ کلینک میں اپنے بیٹے کا علاج کروا لو۔

اچھا جی چلتا ہوں، شکریہ

ایاز میاں الیکشن سر پر آ گئے ہیں میں نے ایم این اے اور بھانجے نے ایم پی کا الیکشن لڑنا ہے، تو حلقے میں جہاں بھی عام آدمی فوت ہو جائے مجھے بتانا ہم شرکت کریں گے اور ویسے بھی جنازوں میں شریک ہونا ثواب کا کام ہے۔

اچھا کیا ایم این صاحب آپ نے یاد دلایا کل ہی شیرا والی گلی کے شوارما سٹال والا فوت ہو گیا ہے ہم نے اس کے گھر اظہار تعزیت کے لئے جانا چاہیے اس کے گھر میں بہت زیادہ عام آدمی ہیں اچھے ووٹ ملیں گے۔

چلو تو پھر اچھی بات میں دیر کس بات کی۔

اشتیاق حسین، کرم ایجنسی
Latest posts by اشتیاق حسین، کرم ایجنسی (see all)

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments