دھرنے جلوس اور ہم طالب علم

گزشتہ کچھ مہینوں سے ایک جملہ مسلسل سننے کو مل رہا ہے کہ پڑھ کر کیا کرنا کون سا نوکری مل جانی ہے۔
جس کو بھی تلقین کرو پڑھنے کی یہ جملہ بولا جاتا ہے اور منہ پر گویا تالا ہی لگا دیا جاتا ہے۔ کل ایک رشتہ دار کے گھر جانا ہوا اور بد قسمتی سے ایسے موقع پر پہنچے جب ماحول کچھ زیادہ ہی گرم تھا۔
رزلٹ کا دن تھا اور بڑے بھائی کی طرف سے چھوٹے پر باتوں کے گولے برسائے جا رہے تھے کہ یہ بھی کوئی نمبرز ہوتے ہیں % 80 تو مارکس آتے تاکہ کسی اچھی جگہ نوکری تو مل جاتی یہ سننے کی دیر تھی چھوٹے نے تو ایسے منہ کھولا جیسے اسی بات کا انتظار تھا اور کہنے لگا جیسے آپ نے تو ایم۔بی۔ اے کر کے بڑے ہی قلعے فتح کر لئے ہیں۔ ایک پرائیویٹ کمپنی میں مینیجر ہی ہین نا وہ بھی محض صرف بیس ہزار تنخواہ۔ مجھے آپ کی طرح خوار نہیں ہونا اور دوسرے ملک ہی جاؤ گا۔ پاکستان میں کون سا نوکریاں ہیں۔ یہ سن کر بھائی خاموش ہو گیا اسے وہ وقت یاد آ گیا جب بڑے ارمان کے ساتھ یونیورسٹی میں داخلہ لیا تھا۔ کیا کیا خواب آنکھوں میں نہیں سجائے تھے۔ ہمارے ملک کے سیاستدان جن کی سوچ کرسی سے شروع ہوتی ہے اور کرسی پر آ کر ختم ہوجاتی ہے۔
پاکستان کی جو موجودہ صورتحال ہے اس پر غور کیا جائے تو ایک ہی چیز جو مجھے نمایاں نظر آتی وہ ہے ذاتی مفاد جس کے پیچھے کتنی ہی چیزوں کو نظر انداز کر دیا گیا۔ امتحانات کا سلسلہ رواں دواں ہے بچے جو اپنی منزل کی طرف آگے بڑھ رہے کیا یہ پرچے کی ملتوی انھیں ذہنی پریشان نہیں کرے گی اگر اس کا جواب مجھ سے ایک طالب علم کی حیثیت سے پوچھا جائے تو یہی ہو گا کہ ہم پڑھنے والے بچے اپنا کافی وقت صرف ایک ٹائم ٹیبل بنانے میں لگا دیتے ہیں جو کہ کچھ ہی سیکنڈز میں کسی کے ذاتی مفاد کی نظر ہوجاتی ہے۔
اس سے نہ صرف ذہنی پریشانی ہوتی ہے بلکہ ایک سوچ بھی جنم لیتی کہ کیا پتا پھر سے کوئی نیا جلسہ ہو اور امتحانات ہی کینسل ہو جائے۔ جیسے جو جملہ میں نے اوپر لکھا کہ پڑھ کر کیا کرنا کون سی نوکری مل جانی ہے مجھے لگتا ہے اب وہ وقت دور نہیں جب ایک کثیر تعداد یہ کہے گی کہ ابھی نہ پڑھوں جلسے، دھرنے ہونے والے ہیں دیکھنا پیپر اس دفعہ پھر سے ملتوی ہوں گے ۔
بظاہر یہ ایک معمولی بات لگتی ہے لیکن اگر اس پر غور کیا جائے تو سوچ اگر بن جائے تو اس کو بدلنے میں سالوں لگ جاتے ہیں۔ خدارا اس پر غور کرین صرف تقاریر میں تعلیم کی اہمیت پر بیان دینا اور عمل اس طرح کرنا جس سے پورا تعلیمی نظام ہی دھرم بھرم ہو جائے کیا یہ مناسب اقدام ہیں؟ کیا یہ کرسی کرسی کا کھیل تھوڑے وقت کے لئے ملتوی نہیں کیا جا سکتا تھا؟ پاکستان کو بدلنے والے جب بدلنے کا منصوبہ بنا رہے تھے تو ایک نظر اگر پاکستان کے مستقبل پر بھی ڈال لیتے تو سچ میں ہم یہ سوچ سکتے تھے کہ کچھ تو احساس رکھتے ہیں۔

