قوم سے اپیل


سر نسریا پاند، اتر لڳا، آء پرین!
مون تو ڪارڻ، ڪانڌ! سھسین سکاؤن ڪیون۔

ترجمہ۔ موسم سرما کے پودوں نے کونپلیں نکالی ہیں، شمالی ہوائیں شروع ہو گئی ہیں، میرے محبوب اب تو آ بھی جا۔ جانتے ہو میں نے تیرے لیے کتنی منتیں مانی ہیں۔ ؟

شاہ عبداللطیف بھٹائی نے جہاں وفا، عزم استقلال کی پیکر خواتین، ماروی، سسئیء، مومل، لیلاں، سوہنی کو سراہا ہے وہاں ان تاجروں کی بیویوں کو بھی سراہا ہے جو ایک ایک سال شوہر کی واپسی کی راہیں تکتی رہتی ہیں۔ اس دور میں بحری بیڑے ہواؤں کے محتاج تھے۔ جنوبی سمندری ہوائیں شمال کی طرف لے جاتیں جب شمالی ہوائیں چلتیں تو ونجارے (سمندری تاجر حقیقت میں آزادی کے متوالے ) جنوب کا سفر کرتے۔

نئی نویلی دلہنیں ہر صبح اس آس پر ساحل پر بیٹھ جاتیں کہ شاید آج میرے سرتاج واپس آجائیں، یوں دن ہفتوں میں اور ہفتے مہینوں میں گزر جاتے تھے۔ ان کا درد یا تو وہ خواتین جانیں جو انتظار کی بھٹی میں جل رہی تھیں، یا پھر شاہ عبداللطیف جس کے ایک ایک شعر میں ان کا درد سمویا ہوا ہے۔ حساس دل انسان اشعار پڑھتے آنسو نہیں روک سکتا۔

کبھی کبھار ان کے ضبط کا بند ٹوٹ جاتا اور ساسو ماں سے شکوہ کر بیٹھتیں کہ تو نے ونجارے (آزادی کے متوالے ) کو کیوں جنم دیا۔ وہ تو بارہ ماہ کے بعد آیا ہے اور پھر واپسی کی تیاری میں ہے۔

وڻجاری جی ماء، وڻجارو نہ پلئین؟
آیو ٻارہین ماھ، پڻ ٿو سفر سنبھی!

آج نا ونجارے رہے نا وہ ہواؤں پر چلنے والے بیڑے نا ہی اپنے ونجارے سے بے خبر دلہنیں، بس کتابوں سے اس دور اور محبت کی داستانوں کا پتا چلتا ہے۔ لیکن جب میں نے مشعال بہن کو دیکھا تو سوچتا ہوں کہ آج شاہ عبداللطیف زندہ ہوتے تو سر سامونڈی کے ساتھ ایک باب مشعال کے نام سے ضرور لکھتے۔

ایسی خاتون جو 11 سالوں سے اپنے سرتاج کی راہیں تک رہی ہے، نہ چھٹی نا سندیس کوئی۔ ماں بیٹی کو صرف چالیس دن کی رفاقت نصیب ہوئی چار ہزار ایک سو چالیس دن انہوں نے اس انتظار میں گزارے کہ شاید آج یاسین ملک رہا ہو کر آ جائے گا۔ لیکن جب انہیں پتا چلا کہ ان کو تو عمر قید اور دس سال کی سزا ہو گئی ہے۔ تو ان پر کیا قیامت ٹوٹی ہوگی۔

کل سے میں کبھی یاسین ملک کو تو کبھی مشعال کی وفا اور قربانی کی ترازو میں تول رہا ہوں فیصلہ نہیں کر پا رہا کہ ان دونوں میں سے کس کی قربانی بھاری اور عظیم۔

اے میری سوئی ہوئی قوم اب اگر سیاست سے فرصت ملی ہو تو مشعال ملک اور یاسین ملک کے لئے آواز بلند کریں۔

Facebook Comments HS