افغانستان: زلزلے کے بعد تباہی، پکتیکا میں 250 افراد ہلاک
افغانستان کے پکتیکا صوبے میں گذشتہ شب زلزلے کے بعد تباہی کے نتیجے میں کم از کم 250 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
ایک مقامی سرکاری اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ منگل اور بدھ کی درمیانی رات آنے والے زلزلے کی شدت کافی زیادہ تھی۔
سوشل میڈیا پر مقامی صارفین کی جانب سے جو تصاویر شیئر کی گئی ہیں ان کے مطابق افغانستان کے پکتیکا صوبے میں زخمی افراد کو سٹریچرز پر دیکھا جا سکتا ہے جب کہ تباہ شدہ مکانوں کا ملبہ بھی نظر آ رہا ہے۔
ایک مقامی حکومتی اہلکار نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اس خدشے کا اظہار بھی کیا ہے کہ اموات کی تعداد 250 سے بھی بڑھ سکتی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اب تک 150 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔
واضح رہے کہ یہ زلزلہ افغانستان کے جنوب مشرقی شہر خوست سے تقریباً 44 کلومیٹر دور آیا تھا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یورپین میڈیٹرینین سیزمالوجیکل سینٹر نے کہا ہے کہ اس زلزلے کے جھٹکے تقریباً 500 کلومیٹر دور تک محسوس کیے گئے اور افغانستان، پاکستان اور انڈیا تک اس کے اثرات پہنچے۔
یہ بھی پڑھیے
جب 45 سیکنڈ میں پورا کوئٹہ شہر ملبے کا ڈھیر بن گیا
وہ جانور جو قدرتی آفات کا خطرہ پہلے سے بھانپ لیتے ہیں
پاکستان کے کون سے علاقے زلزلے کے زیادہ خطرے کی زد میں ہیں؟
سینٹر کے مطابق عینی شاہدین کے بیانات سے ثابت ہوتا ہے کہ زلزلے کے جھٹکے افغانستان کے دارالحکومت کابل سے لے کر پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد تک میں محسوس کیے گئے۔
افغانستان کی حکومت کے ترجمان بلال کریمی نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر بیان دیا کہ ’بدقسمتی سے گزشتہ رات پکتیکا صوبے کے چار اضلاع میں شدید زلزلہ آیا جس کے نتیجے میں ہمارے کئی ہم وطن ہلاک اور متعدد مکان تباہ ہو گئے۔‘
بلال کریمی نے اپیل کی کہ تمام غیر سرکاری ادارے اور ایجنسیز سے درخواست کرتے ہیں کہ متاثرہ علاقے میں امدادی ٹیمیں روانہ کریں تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔
امریکی جیالوجیکل سروے کے مطابق اس زلزلے کی شدت چھ عشاریہ ایک تھی جو زمین میں 51 کلومیٹر گہرائی پر شروع ہوا۔ واضح رہے کہ زلزلہ ایک ایسے وقت میں آیا جب زیادہ تر لوگ سو رہے تھے۔
ادھر پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے افغانستان میں زلزلے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’مشکل کی اس گھڑی میں اپنے افغان بھائیوں بہنوں کے ساتھ ہیں۔‘
انھوں نے کہا ہے کہ ’پاکستان کی طرف سے افغانستان کے عوام کو ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔‘
وزیر اعظم ہاوس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو افغانستان کی مدد کی ہدایت بھی کر دی ہے۔


