کیوی کی افادیت

کیوی خوش ذائقہ اور زود و ہضم پھل ہے۔ اس کا نباتاتی نام (Actinida deliciosa) ہے۔ یہ باہر سے بھورا اور اندر سے ہلکا سبز ہوتا ہے۔ اس میں کالے چھوٹے سائز کے بیج پائے جاتے ہیں۔ پھل کی جلد، سائز بال اور رنگت مختلف ہوتی ہے۔ یہ اینٹی اوکسیڈنٹ پھل ہے اسے معجزاتی پھل کا نام بھی دیا جاتا ہے۔ کیونکہ اس میں وٹامنز اور معدنیات وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ اس کے پودے زیادہ تر معتدل آب و ہوا میں نشوونما پاتے ہیں۔ اس کا پھل بیضوی شکل کا ہوتا ہے جس کی لمبائی 5 سے 8 سینٹی میٹر تک ہوتی ہے۔ پھل اخروٹ یا مرغی کے انڈے کے سائز کے برابر ہوتا ہے۔ کیلیفورنیا میں اس کا پھل نومبر سے مئی تک اور نیوزی لینڈ میں جون سے اکتوبر تک پایا جاتا ہے۔ یہ پھل توڑنے کے بعد تجارتی منڈیوں میں آٹھ ہفتوں تک کارآمد ہوتا ہے۔
کیوی کا ابتدائی تعلق وسطی اور مشرقی چین سے ہے۔
اسے سب سے پہلے ٹرنرز اینڈ گروورز نے رجسٹر کیا۔ اس پھل کے نام کی وجہ نیوزی لینڈ کے کیوی پرندے کی نسبت سے ہے۔ کیونکہ نیوزی لینڈ کا قومی نشان کیوی ہے۔ اس کی تقریباً ساٹھ 60 اقسام ہیں۔ جن میں سے زیادہ تر لذیذ اور کچھ غیر لذیذ ہوتی ہیں۔
چند مشہور اقسام کے نام مندرجہ ذیل ہیں۔
*۔ (Actinidia coriacea)
*۔ (Actindidia arguta)
*۔ (Actinindia melanandra)
*۔ (Actinidia kolomikta)
*۔ (Actinidia chinensis)
*۔ (Actindia deliciosa)
دنیا بھر میں کیوی پیدا کرنے والے مندرجہ ذیل ممالک ہیں۔
اٹلی، چین، نیوزی لینڈ، ایران، یونان، ترکی، فرانس، ریاست ہائے متحدہ اور پرتگال ہے۔ چین دنیا کے تمام ممالک میں نصف پیداوار کا اعزاز رکھتا ہے۔ دیگر پیداوار ممالک میں ایران، یونان، اٹلی اور نیوزی لینڈ ہیں۔ کیوی کو نیوزی لینڈ کے قومی پھل کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔
سو 100 گرام کیوی میں اس کی غذائی افادیت کچھ یوں ہے۔
کلوریز 63، پانی 82 گرام، کاربوہائیڈریٹس 15.8 گرام، شکر 12.3 گرام، غذائی ریشہ 1.4 گرام، فیٹ 0.28 گرام، پروٹین 1.02 گرام، لیٹن زیکسنتھین 324 مائیکرو گرام، رائبو فلیون B 2 0.074 ملی گرام، نیاسین B 3 0.231 ملی گرام، پینٹوتھینک ایسڈ B 50.12 ملی گرام، وٹامن B 6 0.079 ملی گرام، فولیٹ B 9 31 مائیکرو گرام، وٹامن B 12 0.08 مائیکرو گرام، چولین 1.9 ملی گرام، وٹامن سی 161.3 ملی گرام، وٹامن ای 1.4 ملی گرام، وٹامن کے 6.1 مائیکرو گرام، کیلشیم 17 ملی گرام، آئرن 0.151 ملی گرام، مگنیشیم 12 ملی گرام، فاسفورس 25 ملی گرام، پوٹاشیم 315 ملی گرام، میگنیز 0.048 ملی گرام، سلینیم 0.4 مائیکرو گرام اور کاپر 0.21 ملی گرام پایا جاتا ہے۔
آئیں اس کے کچھ طبی فوائد پر روشنی ڈالتے ہیں۔
1۔ وٹامن سی سے بھرپور : (Rich in Vitamin C)
بلاشبہ لیموں اور سنگترے وٹامن سی کے اعلی ذرائع ہیں۔ جبکہ کیوی میں 154 فیصد وٹامن سی پایا جاتا ہے۔ جو کہ لیموں اور نارنجی سے تقریباً دوگنا ہوتا ہے۔ وٹامن سی ایک طاقتور اینٹی اوکسیڈنٹ ہے جو آزاد ریڈیکلز کو ختم کرتا ہے۔ عموماً ایسا سوزش یا کینسر کے باعث ہو سکتا ہے۔
وٹامن سی نقصان دے پیتھوجینز کے خلاف جسم کی قوت مدافعت بڑھاتے ہیں۔
2۔ پر سکون نیند : (Restful sleep)
تائپی میڈیکل یونیورسٹی کی ایک تحقیق کے مطابق مطالعہ سے یہ بات سامنے آئی ہے۔ کہ اس پھل میں بہت سے طبی مفید مرکبات پائے جاتے ہیں جن میں اینٹی اوکسیڈنٹ اورسیرو ٹونن نیند کی خرابی کے خلل کو دور کرتے ہیں کیوی کے متعلق کہا جاتا ہے کہ اگر سونے سے ایک گھنٹہ قبل اس کے دو پھل کھائیں جائیں تو پرسکون نیند آ جاتی ہے۔
3۔ نظام انہضام میں بہتری : (Improves digestion)
کیوی پھل میں ایک انزائم جسے ایکٹن نائڈین کہا جاتا ہے۔ یہ جسم میں پروٹین کے ہاضمے میں مدد دیتا ہے۔ یہ آنتوں کے سنڈروم میں مبتلا مریضوں کے لئے بہت ہی مفید پھل ہے۔
4۔ خوبصورت جلد : (Beautiful skin)
کیوی فطرت میں الکلائن ہے جس کا مطلب ہے کہ یہ تیزابی کھانوں کا مقابلہ کرنے میں مدد کرتا ہے۔ ایک صحت مند جسم وہ ہے جس کا پی ایچ لیول اچھا ہو جو آپ کو متحرک توانائی سے بھرپور اور جوان جلد کے ساتھ رکھنے میں مدد کرے۔ مذکورہ خوبیوں کے علاوہ اس میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈز، کیروٹینائیڈز، پولی فینول شامل ہیں۔
وٹامن سی کولیجن کی پیداوار کرتا ہے جو پورے جسم میں خلیات اور اعضا کا اہم جز ہے۔ یہ وٹامن جسم کے زخموں کو بھرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔ یہ قبل از وقت بڑھاپے کے آثار ختم کرتا ہے۔ چہرے سے داغ دھبے اور جھریوں کا خاتمہ کرتا ہے۔
5۔ کینسر کی روک تھام : (Cancer prevention)
نیشنل کینسر انسٹیٹیوٹ کی رپورٹ کے مطابق فری ریڈیکل کی زیادہ مقدار ڈی این اے کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔ جس کے نتیجے میں مختلف قسم کے کینسر لاحق ہو سکتے ہیں۔ اس کے استعمال سے بڑی آنت کے کینسر کا امکان کم ہو جاتا ہے۔ پھلوں میں قدرت نے ایسی صلاحیت رکھی ہے کہ وہ کینسر کے روک تھام کر سکتے ہیں۔
6۔ دل کو مختلف امراض سے تحفظ :
(Protection of heart from various diseases)
کیویں میں فائبر، پوٹاشیم اور اینٹی اوکسیڈنٹ پائے جاتے ہیں جو دل کو صحت مند رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
دی امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن پوٹاشیم کی زیادہ مقدار پر زور دیتی ہے جس سے اضافی سوڈیم کی مقدار کم ہو جاتی ہے۔ پوٹاشیم خون کی نالیوں کو سکون دے کر ہائی بلڈ پریشر کم کرتا ہے جس سے فالج اور ہارٹ اٹیک کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔ 2017 کی شائع شدہ ایک رپورٹ کے مطابق جو لوگ زیادہ مقدار میں فائبر کھاتے ہیں ان میں دل کی بیماری کا خطرہ بہت حد تک کم ہوجاتا ہے۔
7۔ گردے کی پتھری : (Kidney stones)
پوٹاشیم کی زیادہ مقدار گردے میں پتھری بننے کا عمل روک دیتی ہے۔ لہذا جن پھلوں میں پوٹاشیم کی زیادہ مقدار پائی جاتی ہے۔ انہیں روزمرہ زندگی میں خوراک کا اہم حصہ بنانا چاہیے۔ تاکہ ہمارے گردے جلد ناکارہ نہ ہوں۔
8۔ حمل کے دوران : (During pregnancy)
کیوی میں فولیٹ پایا جاتا ہے جو سیل ڈویژن کی مدد کرتا ہے۔ حمل کے دوران ڈاکٹر خواتین کو فولیٹ لینے کا مشورہ دیتے ہیں کیونکہ یہ جین کی نشوونما کے مراحل میں مدد کرتا ہے۔
9۔ ہڈیوں کی صحت : (Bone health)
کیلشیم، فاسفورس، وٹامن K کے کیوی میں پائے جاتے ہیں۔ یہ سب اجزا ہڈیوں کی صحت اور نشوونما میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ جبکہ ہڈیوں کی خطرناک بیماری آسٹیو پروسس سے بھی بچا کر رکھتے ہیں۔
10۔ وزن میں کمی : (Weight loss)
اگر آپ اپنا وزن کم کرنا چاہتے ہیں تو کیوی بہترین پھلوں میں سے ایک ہے۔ اس میں پانی کی زیادہ مقدار موجود ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ فائبر جو دیر تک بھوک کا احساس قائم رکھتا ہے۔ وٹامن سی کی زائد مقدار وزن میں کمی کی کلید ہے۔ اس سے کولیسٹرول کی سطح منظم ہوتی ہے۔ اس میں گلنشیل فائبر اور حل پذیر فائبر دونوں پائے جاتے ہیں۔
11۔ دمہ کا علاج : (Asthma Treatment)
وٹامن سی میں یہ خوبی موجود ہے کہ وہ دمہ کی شدت کم کر دیتی ہے۔ کیوی بچوں کی بہترین دوست ہے۔ اس کے باقاعدہ استعمال سے پھیپھڑوں کی مجموعی حالت بہتر ہو جاتی ہے۔
12۔ قبض سے نجات : (Get rid of constipation)
جو لوگ اپنی روز مرہ خوراک میں کیوی کا استعمال کرتے ہیں۔ انہیں پاخانہ نرم اور مستقل مزاجی سے آتا ہے۔ یہ پھل بڑی آنت کے کینسر سے بھی تحفظ دیتا ہے۔
13۔ آنکھوں کی صحت : (Eye Health)
یہ اینٹی اوکسیڈنٹ پھل ہے جس میں کیروٹینائیڈز کی اعلی سطح آنکھوں کو مختلف بیماریوں سے بچاتی ہے۔ کیوی میں لیٹن اور زیکسنتھن آنکھوں کا وٹامن ہے۔
14۔ دافع سوزش : (Anti۔ inflammatory)
برومو لین ایک انزائم ہے جو کیوی، انناس اور سبز پپیتے میں پایا جاتا ہے جو پروٹین کو توڑ کر سوزش کم کرتا ہے۔

