کوپن ہیگن: ڈنمارک کے ایک شاپنگ مال میں فائرنگ میں تین ہلاکتیں


Reuters
ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن کے ایک شاپنگ مال میں فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں دہشت گردی کو خارج ازامکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔

اس واقعے میں زخمی ہونے والے افراد میں سے تین کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

کوپن ہیگن پولیس کے سربراہ سورین تھامسن نے بتایا کہ ایک 22 سالہ نوجوان کو اس حملے کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا تھا اور ابتدائی رپورٹ کے مطابق، اگرچہ مقصد واضح نہیں، لیکن یہ دہشت گردی کی کارروائی ہو سکتی ہے۔

شاپنگ مال جو کہ ڈنمارک کے بڑے شاپنگ سینٹرز میں شمار ہوتا ہے میں یہ حملہ اتوار کو ہوا۔

فیلڈز مال میں کل 140 دکانیں اور ریسٹورنٹس ہیں اور یہ دارالحکومت کے نواح میں، سب وے لائن کے قریب ہے جو اسے شہر کے مرکز سے ملاتی ہے۔

حملہ، ڈنمارک

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی فوٹیجز میں جائے وقوع کی صورتحال دیکھی جا سکتی ہے جہاں لوگوں میں بھگدڑ مچی اور خوف و ہراس پھیل گیا۔

اے ایف پی نے ایک مقامی ٹی وی چینل کے حوالے سے خبر دی ہے جس سے گفتگو میں شاپنگ ہال میں موجود ایک خاتون اسابیلا نے بتایا کہ `میں نے 10 بار گولی چلنے کی آواز سنی، ہم جتنا تیز بھاگ سکتے تھے بھاگے اور ٹوائلٹ میں پناہ لی۔‘

وہ کہتی ہیں کہ ہم اس شاپنگ مال میں دو گھنٹے تک چھپے رہے۔

ایک اور عینی شاہد نے مقامی ٹی وی کو بتایا کہ `ہم نے گولی چلنے کی آواز دوسری جانب سے سنی، دو یا تین گولیاں چلی ہوں گی اور پھر لوگ خوفزدہ ہو کر باہر کی جانب بھاگنے لگے۔ ہم وہاں پیچھے چھپ گئے تھے۔‘

ایک عینی شاہد ریکی لیونڈو سوسکی نے ٹی وی ٹو کوبتایا کہ وہ گولیوں کی آواز سن کر دکان کے کاؤنٹر کے پیچھے چھپ گئی تھیں۔

وہ کہتی ہیں کہ پہلے لوگوں نے سوچا کہ یہ کوئی چور ہے لیکن گولیاں چلنے لگیں تو میں سٹور کے اندر ایک کاؤنٹر کے پیچھے چھپ گئی۔

وہ مزید بتاتی ہیں کہ حملہ آور براہ راست لوگوں پر گولیاں چلا رہا تھا وہ فرش یا چھت کی جانب فائرنگ نہیں کر رہا تھا۔

کوپن ہیگن

ایک میل سے بھی کم فاصلے پر رائل ارینا ہے جہاں ایک وقت میں 17000 افراد اکھٹے ہو سکتے ہیں۔ اسی جگہ پر کچھ دیر میں شروع ہونے والا برطانوی سنگر ہیری سٹائلز کا کنسرٹ ملتوی کر دیا گیا ہے۔ واقعے کے وقت وہاں بھی لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

کوپن ہیگن پولیس کے سربراہ کا کہنا ہے کہ کہ تین افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

پولیس نے مبینہ حملہ آور کو گرفتار کیا تو اس کے پاس موجود رائفل اور دیگر آتشیں مواد موجود تھا۔

کوپن ہیگن پولیس کے سربراہ سورین تھوماسن کا کہنا ہے کہ حملہ آور کو پیر کو عدالت میں پوچھ گچھ کے لیے جج کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

ڈنمارک

ڈنمارک کے شاہی خاندان نے ایک استقبالیہ بھی منسوخ کر دیا جس کی میزبانی کراؤن پرنس فریڈرک نے کرنی تھی۔

حکام کی جانب سے اس واقعے کی مذمت کی جا رہی ہے اور متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

ڈنمارک میں 2015 کوپن ہیگن میں ہی ایک ثقافتی مرکز اور عبادت گاہ کو نشانہ بنایا گیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32538 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments