سمبا: بکری کا بچہ جو غیر معمولی حد تک لمبے کانوں کی وجہ سے سوشل میڈیا سٹار بن چکا ہے
لیکن اب ڈمبو لمبے کان رکھنے والا واحد جانور نہیں رہا۔
آئیں آپ کو سمبا سے ملواتے ہیں۔ پاکستان کے شہر کراچی میں اس بکری کے بچے کے کانوں کی لمبائی 54 سینٹی میٹر یعنی 21 انچ ہے۔
اور اب وقت بھی بدل چکا ہے۔ سمبا ایک عالمی سٹار بنا چکا ہے جو خوبصورتی کے مقابلے جیت چکا ہے اور عیش و عشرت کی زندگی گزار رہا ہے۔
سمبا کے مالک محمد حسن نریجو نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انھوں نے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ سے بھی رابطہ کیا ہے کہ سمبا کو دنیا کی ’عظیم ترین بکری‘ کے طور پر رجسٹر کروایا جائے۔
لیکن فی الحال لمبے ترین کانوں والی بکری کی کوئی کیٹیگری موجود ہی نہیں۔ اس لیے یہ غیر واضح ہے کہ کیا سمبا کے کان واقعی ایک نیا ریکارڈ ہیں۔
دنیا میں یہ ایک نیا ریکارڈ ہو یا نہ ہو، یہ بکری کا بچہ پاکستان میں سوشل میڈیا پر اپنی تصاویر کی وجہ سے ایک سیلیبرٹی بن چکا ہے۔
لیکن جہاں اتنے لمبے کان سمبا کو ایک شناخت اور شہرت فراہم کرتے ہیں، وہیں یہ کچھ مسائل کا باعث بھی بنتے ہیں۔
مثال کے طور پر ان میں الجھ کر سمبا گر بھی سکتا ہے۔ کسی بھی ایسے حادثے سے بچنے کے لیے محمد حسن نریجو سمبا کے کان اس کے گرد لپیٹ دیتے ہیں اور انھوں نے ایک ایسی چیز ایجاد بھی کی ہے جو ایسے حادثات سے سمبا کو بچا سکے۔
مزید پڑھیے
وہ جانور جو قدرتی آفات کا خطرہ پہلے سے بھانپ لیتے ہیں
سمبا کو ایک اور خطرہ ان لوگوں سے بھی ہے جو جانور پالتے ہیں اور محمد حسن نریجو ان کی توجہ سے اکثر پریشان رہتے ہیں۔ انھوں نے سمبا کو برے سائے سے بچانے کے لیے دعا اور روایتی طریقوں کو اپنا لیا ہے تاکہ ان کو کسی کی نظر نہ لگ جائے۔
محمد حسن نے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم قران کی آیات پڑھ کر سمبا پر پھونکتے ہیں تاکہ وہ بری نظر سے دور رہے۔‘
لیکن محمد حسن کے منصوبے کافی بلند ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ سمبا کی وجہ سے پاکستان کا نام بکریوں کی افزائش کے حوالے سے دنیا بھر میں جانا جائے۔
وہ کہتے ہیں ’سمبا کا نام پوری دنیا میں مشہور ہونا چاہیے۔‘


