انڈیا کے جعل ساز جنھوں نے آئی پی ایل کا ڈرامہ رچا کر روسی جواریوں سے لاکھوں اینٹھ لیے


جعلی آئی پی ایل
انڈیا کی پولیس نے ایک غیر معمولی جعل سازی کا سراغ لگایا ہے جس میں چند افراد نے انڈین پریمیئر لیگ کا ڈرامہ رچا کر روس میں بیٹھے جواریوں سے تقریبا تین لاکھ روپے اینٹھ لیے۔

یہ ڈرامہ انڈیا کی ریاست گجرات میں کے ایک فارم پر رچایا گیا جہاں پولیس کے مطابق جعلی آئی پی ایل منعقد کی گئی۔

پولیس کے مطابق جعل سازوں نے چند مزدوروں کو کھلاڑیوں کا روپ دیا جن کو اصلی آئی پی ایل ٹیمز کی وردیاں پہنائی گئیں جب کہ ایک جعلی امپائر بھی کھڑا کیا گیا جو باوئنڈری یا وکٹ کا اشارہ کرتا تھا۔

ان کھلاڑیوں کو فی میچ چار سو روپے دیے گئے۔

جعل سازوں نے اس ڈھونگ کو اصلی رنگ دینے کے لیے یہاں تک اہتمام کیا کہ انڈین کمینٹیٹر ہارشا بوگھلے کی آواز کی نقل کرنے والے ایک شخص کو کمنٹری کے لیے رکھ لیا۔

اس جعلی آئی پی ایل کے میچ یو ٹیوب پر ایک چینل بنا کر نشر کیے جاتے رہے۔ اس یو ٹیوب چینل کا نام بھی آئی پی ایل رکھا گیا تھا۔

حیران کن بات یہ ہے کہ پولیس کے مطابق یہ جعلی ٹورنامنٹ مئی میں اس وقت شروع ہوا جب اصلی آئی پی ایل کو ختم ہوئے تین ماہ گزر چکے تھے۔

آئی پی ایل

یہ بھی پڑھیے

ایک بہروپیا جو زمیندار کا بیٹا بن کر 41 سال تک ان کے گھر میں رہتا رہا

انڈیا میں آسان ڈیجیٹل قرض کا پھندا، جو زندگی کو جیتے جی جہنم بنا دیتا ہے

کرپٹو کرنسی پر بنائی گئی بی بی سی کی رپورٹ کی مدد سے فراڈ کیسے کیا گیا؟

دلچسپ چیز یہ ہے کہ اس ٹورنامنٹ کے دوران پچ سے ہٹ کر زیادہ دور کا کوئی منظر نہیں دکھایا جاتا تھا۔ سٹیڈیم کا تاثر دینے کے لیے انٹرنیٹ سے شائقین کے اصلی شور کی آوازیں حاصل کر کے سپیکر کے ذریعے چلا دی جاتی تھیں اور ایسا لگتا تھا کہ واقعی یہاں تماشائیوں کا ہجوم ہے۔

اس دوران روسی جواریوں کو گمان بھی نہیں ہوا کہ ان کے ساتھ کیا دھوکہ کیا جا رہا ہے اور یہ ٹورنامنٹ کوارٹر فائنل کی سٹیج تک جا پہنچا۔ شاید فائنل بھی ہو جاتا لیکن اس سے قبل ہی پولیس نے اس جعل سازی کا سراغ لگا لیا۔

پولیس انسپکٹر بھویش راٹھور نے رپورٹرز کو بتایا کہ جعل سازی میں ملوث گینگ نے ایک ٹیلی گرام چینل بنا رکھا تھا جس پر روسی جواری شرطیں لگاتے تھے۔

’ہر شرط کے بعد والکی ٹالکی کے ذریعے جھوٹے امپائر سے رابطہ کیا جاتا جو بولر اور بیٹسمین کو بتاتا کہ اب ان کو کیا کرنا ہے، چھکا لگانا ہے یا پھر آوٹ ہونا ہے۔‘

پولیس نے اس کیس میں چار افراد کو حراست میں لیا ہے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ملزمان پر مجرمانہ سازش اور جوئے کا الزام ہے۔ واضح رہے کہ انڈیا میں کرکٹ پر جوا غیر قانونی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32778 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments