پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کو گرفتار کر لیا گیا


مظفر گڑھ: وزیر داخلہ پنجاب عطاء تارڑ نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماء شہباز گل کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق صوبائی وزیرداخلہ عطاء تارڑ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماء کو مسلح افراد کے ہمراہ گرفتار کیا گیا ہے، پنجاب میں ضمنی الیکشن کے دوران دوفعہ 144 نافذ ہے جس کے باعث اسلحے کی نمائش پر مکمل پابندی عائد ہے۔

صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ شہباز گل کے ہمراہ ایف سی کا کوئی اہلکار موجود نہیں، سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ سیکیورٹی ادارے کی وردی میں ملبوس مسلح افراد کون ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہباز گل سستی شہرت حاصل کرنے کے لئے غیر قانونی حرکات پر اتر آئے ہیں، پی ٹی آئی رہنماء کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ شہباز گل امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کے لئے اسلحہ بردار افراد ساتھ لائے۔

دوسری جانب شہباز گل کا کہنا تھا کہ میرے ساتھ کوئی بھی ایف سی اہلکار موجود نہیں، مجھے پولیس ہراساں کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر نے پولیس کو کارروائی کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی نجی ادارے کو گاڑیوں پر پولیس لائٹ یا رنگ، مونوگرام اور کسی مماثلت کی اجازت نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ کسی نجی محافظ کو ایسا حلیہ اختیار کرنے پر جس سے شہریوں میں پولیس ملازم ہونے کا تاثر جائے یا گمان ہو اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 170 / 171 تعزیرات پاکستان کے تحت کارروائی ہوگی۔
بشکریہ روزنامہ ایکسپریس

صحافی شمع جونیجو نے کہا ہے کہ ان کے ذرائع کے مطابق کمانڈنٹ ایف سی نے شہباز گل کو کسی بھی قسم کا پروٹوکول دینے کی تردید کی ہے۔ شہباز گل کے ساتھ نجی سیکیورٹی تھی جس نے ایف سی کا یونیفارم پہن رکھا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments