میں بھی ہار گیا، عمران خان بھی ہار گئے اور آصف زرداری جیت گئے : مونس الٰہی


وائس آف امریکہ نے صحافی حامد میر کے حوالے سے خبر دی ہے کہ چوہدری شجاعت حسین نے عمران خان کے امیدوار کی حمایت سے انکار کر دیا ہے

وزیر اعلٰی پنجاب کے انتخاب سے قبل ہی ایک اور نیا موڑ آ گیا ہے۔ سینئر صحافی اور اینکر پرسن حامد میر نے مونس الہٰی سے گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے پرویز الہٰی کی حمایت سے انکار کر دیا ہے۔

مونس الہٰی نے حامد میر کو بتایا کہ وہ ماموں (چوہدری شجاعت) سے یہ دریافت کرنے گئے تھے کہ کیا آپ نے پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کو اراکین اسمبلی سے متعلق کوئی خط لکھا ہے جس پر چوہدری شجاعت حسین نے کہا جی بالکل میں نے خط لکھا ہے۔

حامد میر کے بقول مونس الہٰی نے انہیں بتایا کہ میں بھی ہار گیا اور عمران خان بھی ہار گئے اور آصف زرداری جیت گئے۔

جیو نیوز کے مطابق سابق وفاقی وزیر و مسلم لیگ (ق) کے رہنما مونس الٰہی نے تصدیق کی ہے کہ چوہدری شجاعت نے کہا کہ عمران خان کے امیدوار کی حمایت نہیں کروں گا۔ وزیراعلیٰ کے انتخاب کے موقع پر پنجاب اسمبلی میں چوہدری شجاعت کے خط کی بازگشت سنائی دی جس کے بعد مونس الٰہی پنجاب اسمبلی سے چلے گئے تھے۔

حامد میر سے ٹیلیفونک گفتگو میں مونس الٰہی کا کہنا تھا کہ میں ماموں (چوہدری شجاعت) کے پاس گیا تھا اور انہوں نے ویڈیوپیغام ریکارڈ کرنے سے انکارکیا اور کہا کہ عمران خان کے امیدوارکی حمایت نہیں کروں گا۔

مونس الٰہی کا کہنا تھا کہ میں بھی ہار گیا ہوں، عمران بھی ہار گئے اور زرداری جیت گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت نے خط میں لکھا تھا کہ کسی کو ووٹ نہیں دینا۔

قبل ازیں ذرائع سے خبر سامنے آئی تھی کہ چوہدری شجاعت کا بیان ان کے بیٹے چوہدری سالک کی موجودگی میں ریکارڈ ہوا۔ مونس الٰہی پنجاب اسمبلی سے چودھری شجاعت سے ملنے آئے تھے۔ خیال رہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر آج وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب ہونا ہے جس میں مسلم لیگ نون کے امیدوار حمزہ شہباز اور تحریک انصاف کے امیدوار پرویز الٰہی ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments