ڈوبتی ناؤ میں ہرگز نہ سیاست کی جائے
”حاکم وقت کی خواہش ہے کہ حکومت کی جائے
ورنہ حالات تو ایسے ہیں کہ ہجرت کی جائے ”
اس وقت ملک کو معاشی بحران کے چنگل سے نکالنے کے لیے صاحب اقتدار کو اپنی انا کو ذبح کرنا پڑے گا۔ اپنی سیاست کو ملکی مفاد پر ترجیح دینے کی بجائے پاکستان کو آگے رکھ کے فیصلے کرنے پڑیں گے۔ سیاسی عدم استحکام ملک کو ڈیفالٹ کی طرف لے کر جا رہا ہے۔ ہمیں اپنی انا سے نکل کر اہم فیصلے کرنے ہوں گے۔ ورنہ شاید اس ملک میں کوئی بھی حکومت نہ چلا سکے۔ مضبوط ریاست ہوگی تو سیاست بھی چلے گی۔ آج خام مال کی امپورٹ کے لیے ڈالر دستیاب نہیں ہیں۔
ہماری مارکیٹس میں ہو کا عالم ہے۔ خالی بازار تاجروں کو منہ چڑا رہے ہیں۔ لوگوں کی قوت خرید ختم ہو چکی کاروبار تباہ ہو گئے۔ ہماری تیزی سے بڑھتی ہوئی انڈسٹری کو غلط حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے بریک لگ چکی۔ تین ماہ پہلے فاسٹ ٹریک میں چلنے والی انڈسٹری آج وینٹی لیٹر پر آ گئی ہے۔ جس کی وجہ سے ہزاروں لوگ بیروزگاری کا شکار ہو چکے۔ روزمرہ کی اشیاء عام آدمی کی پہنچ سے دور ہو رہی ہیں۔ لیکن ہمارے سیاستدانوں کو اقتدار کی فکر پڑی ہے۔
ملک سے زیادہ اہم ان کا اقتدار ہے۔ حالانکہ موجودہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ہمیں شدید معاشی بحران کا سامنا ہے۔ ہماری کرنسی کی ویلیو مارکیٹ گر رہی ہے۔ اور ڈالر کی اونچی اڑان جاری ہے صرف پچھلے سات دن میں ڈالر بیس روپے بڑھا۔ لیکن بڑے صاحب کی سیاست ہے۔ کہ ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہی ملک پر جو مرضی بحران آئے کسی کو کوئی غرض نہیں۔ انہیں فکر ہے تو بس بیٹے کے اقتدار کی فکر ہے۔ شہر اقتدار کو چھوڑ کر وہ پنجاب میں محفل جمائے بیٹھے ہیں۔
اور حمزہ کے اقتدار کو بچانے کے لیے ملکی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کے منصوبے بنا رہے ہیں۔ کاش ان کے پاس ملکی معیشت کو بہتر کرنے۔ انڈسٹری کو فروغ دینے اور میرے دیس کے نوجوانوں کو بہتر روزگار کے مواقعے دینے کا بھی کوئی آئیڈیا ہوتا۔ اپنی کامیابی اور مفادات کے لیے تو پی ڈی ایم اکٹھی ہو گئی۔ لیکن ملکی حالات کو بہتر کرنے کے لیے کبھی سنجیدہ نہیں ہو سکے۔ اگر آپ اپنی سیاست کو بچانے کی بجائے اپنے اس گھر پاکستان کو بچا لیں تو اس ملک کے باشندے۔
آپ کو دوبارہ منتخب کر لیں گے۔ خدارا پاکستانیوں پر نہ سہی پاکستان پر ہی رحم کر لیں۔ اس پاکستان ہی کی بدولت آپ اس قابل ہوئے ہیں۔ کہ آج آپ اپنی سیاست بچانے کے لیے لوٹے کو کروڑوں میں خرید رہے ہیں۔ اگر آپ آج اس ملک کی سمت ٹھیک کر دیتے ہیں۔ اور عام آدمی کی زندگی آسان بنانے کے لیے اقدامات کر لیتے ہیں۔ تو کل آپ کو دوبارہ لوٹے نہیں خریدنے پڑیں گے۔ میاں صاحب اپنا کل آج سوچے اور اس ملک سے کھلواڑ کرنا بند کرے۔ ورنہ اس ملک کے شہری وطن عزیز کو آپ کی بے رحم سیاست کی نذر نہیں ہونے دیں گے۔
” اب ضرورت ہے سب مل کر بچائے اس کو
ڈوبتی ناؤ میں ہر گز نہ سیاست کی جائے ”


