حلف برداری: پابندی وقت کے فوائد


پچھلے کچھ عرصے سے غیب سے ایسے احکام صادر ہو رہے ہیں کہ فلاں اسمبلی کا اجلاس فلاں تاریخ کو ہر صورت یو، فلاں تاریخ کو بارہ بجے رات سے پہلے ووٹنگ کرائیں، یہ آرڈر فوری طور پر سپیکر، گورنر یا فلاں سیکرٹری کو پہنچائیں، ساڑھے گیارہ بجے تک حلف ہو جائے، گورنر انکار کر دیں تو فلاں صاحب حلف لیں اور اگر فلاں صاحب حلف نہ لیں تو فلاں صاحب حلف لیں۔

فقیر سمجھتا ہے کہ اس طرح کے احکام ”بڑے“ ہماری قومی سست روی کو ملحوظ رکھ کر جاری کرتے ہیں۔ ابھی بھی ضرورت ہے کہ ان احکام کو مزید شرح صدر کے ساتھ شارٹ آرڈرز میں قلم بند کیا جائے

اور لاگو کرنے کے لیے کسی ”قاصد“ یا ”نامہ بر“ پر تکیہ کرنے کی بجائے کسی معزز ہرکارے کو لاہور یا متعلقہ سٹیشن روانہ کیا جاوے۔ احکام میں فصاحت و بلاغت کے لیے گوگل سے کلاسیکی کتب کی کوٹیشن یعنی اقوال زریں بھی تلاش کر کے لگائے جائیں تاکہ یہ فیصلے ادبی ذوق کی نمائندگی بھی کریں نیز جیسا کہ فقیر ہذا پہلے عرض کر چکا ہے کہ ساری قوم بشمول سیاستدان بے حد سست روی کا شکار ہے، اس قوم کو اپنے پاؤں پہ کھڑا کرنے کے لیے اسے پابندی وقت کا عملی نمونہ دیا جائے اور پورا ٹائم ٹیبل شرح صدر کے ساتھ فیصلے میں درج کیا جائے جیسا کہ :

”سوا نو بجے ؛ آرڈرز چیف سیکرٹری وصول کر لے۔
ساڑھے نو بجے : چیف سیکریٹری گورنر کو آرڈرز پہنچائے۔
پونے دس بجے : وزیر اعلی نہا کر تازہ دم ہو جائیں۔
دس بجے : وزیر اعلیٰ کو استری شدہ لباس زیب تن کر لینا چاہیے۔

(ضمنی نوٹ: شیروانی فوری دستیاب نہ ہو تو ہلکے آسمانی یا پھر بھوری بھینس کے رنگ کی ویسٹ کوٹ سے کام چلایا جا سکتا ہے )

سوا دس بجے : حلف سے پہلے وزیر اعلیٰ ہلکا پھلکا کچھ کھا پی لیں۔ اور کم چینی والے چائے پئیں تاکہ پیٹ خراب نہ ہو اور وہ ہشاش بشاش نظر آئیں۔

ساڑھے دس بجے : حلف برداری کی تقریب سے پہلے ٹوائلٹ ضرور جائیں تاکہ بعد میں تقریب میں بد مزگی سے قوم کا قیمتی وقت ضائع نہ ہو۔

پونے گیارہ بجے : وزیر اعلٰی گورنر ہاؤس روانہ ہونے سے پہلے فون ضرور کریں کہ حلف کے بارے ان کا موڈ کیا چل رہا ہے۔ اگر ان کا موڈ آف ہے تو گاڑی کا رخ ائر پورٹ کی طرف کر لیں۔

گیارہ بجے :ملک ریاض اور دوسرے مخیر حضرات اپنے پرائیویٹ جہاز ملک کے عزیز تر مفاد میں وزیراعلی کے لیے وقف کر دیں

ساڑھے گیارہ بجے : صدر پاکستان اچھی طرح دانتوں کو چمکانا مت بھولیں اور شیو بنا کر حلف لینے پہنچ جائیں۔

بارہ بجے شب: سب اچھے بچوں کی طرح سونے چلے جائیں۔
ضمنی نوٹ: پابندی وقت باشعور قوم کا شعار ہے۔ ”


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).