آج کچھ نیا سیکھا
زندگی بہت عجیب ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ کبھی کبھی آپ کے خیالات آپ کو قدرے قدر الجھا سا دیتے ہیں اور ویسے تو ان سب سے باہر آنے کے کئی راستے ہوتے ہیں لیکن اگر میں اپنی بات کروں تو مجھ سب سے آسان یہ لگتا ہے کہ میں انہیں قرطاس پر بکھیرتا چلا جاؤں۔ ایک زمانہ تھا کک مجھے ایسا لگتا تھا کہ ہمارا رنجیدہ ہوجانا دراصل ہماری عمر پر منحصر ہے۔ زندگی کے ساتھ نت نئے غم بھی بڑھتے جاتے ہیں لیکن آپ کو شاید ان کا سامنا کرنا آ جاتا ہے۔ جیسے لڑکپن اور بچپن میں ہم بہت جلدی غمزدہ ہو جایا کرتے ہیں لیکن ہر گزرتا پل اس غم کو ہلکا کرتا چلا جاتا ہے یا شاید ہمارے دیکھنے کا نظریہ بدل جاتا ہے۔
پر اب مجھے ایسا محسوس ہونے لگا ہے کہ یہ ساری باتیں ایک فریب کے سوا کچھ بھی تو نہیں۔ رنج، غم یا تنہائی انسان کو کسی بھی عمر میں اپنا شکار بنا لیتی ہے چاہے وہ بچہ ہو یا جوان یا پھر کوئی ضعیف العمر انسان۔ وہ غمگین ہو سکتا ہے اور اپنے غم میں اس قدر ڈوب سکتا ہے کہ زندگی کے امتحان میں ہارنے لگ جاتا ہے۔
گو کہ کم عمری میں کافی بار عشق کے روگ سے واسطہ پڑا اور ہر بار یہی لگتا تھا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ میں سب کچھ بھول بھال جاؤں گا۔
لیکن جب اپنے آس پاس نظریں دوڑائی تو کئی ایسے مرد نظر آئے جو کہ شادی شدہ اور بال بچے والے ہوتے ہوئے بھی اپنی سابقہ محبوباؤں کی یاد میں کھوئے کھوئے اور تڑپتے ہوئے پائے گئے۔
یہی نہیں بلکہ کامیاب ترین سلیبریٹیز بھی اندر سے ٹوٹے ہوئے اور کھوکھلے نکلے۔
اگر ایسا ہی ہے تو پھر جذباتیت کو کم عمری سے ہی کیوں جوڑا جاتا ہے؟
کیا ہم ایک جھوٹی زندگی بسر کر رہے ہیں؟
یا ایسا ہے کہ ہمارے خود کے احباب میں کسی نے محبت کھونے کے ذائقے کو محسوس نہیں کیا؟
یا پھر ان ہی لوگوں کو کھویا جن سے کبھی محبت کی ہی نہیں تھی؟
شاید ایسا ہی ہے ورنہ یہ سب کہنا کبھی اتنا آسان نہ ہوتا
شاید اسی کا نام زندگی ہے جو ہم میں سے بیشتر لوگ جینے سے انکاری ہیں۔
کیونکہ اگر جی رہے ہوتے تو کبھی محبت کو کمزوری سے تشبیہ نہ دیتے۔


