بجلی کا سرکاری بیوپاری جو انڈر ورلڈ کے کسی ڈان سے بھی بڑھ کے ہے


فرض کریں کہ ایک شام آپ گھر بیٹھے ٹیلی وژن پر کوئی ٹاک شو دیکھ رہے ہیں اور غیض سے بھرے کف بہ دہن تجزیہ نگاروں سے ملکی مسائل کا حل سن کر محظوظ ہو رہے ہیں۔ اتنے میں دروازے کی گھنٹی بجتی ہے۔ آپ اٹھ کر باہر جاتے ہیں تو آپ کے محلے کی بڑی مارکیٹ والا کریانہ فروش کھڑا ہے، وہی جس سے آپ ہر ماہ راشن خریدا کرتے ہیں۔ آپ کو دیکھتے ہی کہتا ہے ”میاں! گزشتہ سے پیوستہ ماہ آپ مجھ سے جو مہینے بھر کا خشک راشن خرید کر لائے تھے، اس کا بل آپ نے سترہ ہزار روپے ادا کیا تھا۔ آج بیٹھ کر میں نے حساب کیا ہے، میری دکان کے اخراجات میں اس مہینے خاصہ اضافہ ہوا تھا جس کی وجہ سے میں نے اشیا کے نرخ بڑھا دیے ہیں۔ چنانچہ آپ کا وہ بل سترہ ہزار کے بجائے، انیس ہزار دو سو چھپن روپے بنتا ہے۔ چلئے! جیب ڈھیلی کیجئے اور مبلغ دو ہزار دو سو چھپن روپے مزید ادا کیجئے۔“

ابھی وہ کھڑا ہے کہ دودھ والا اپنی پرانی ٹو سٹروک موٹرسائیکل پر پھٹ پھٹ کرتا آن دھمکتا ہے۔ وہ جلدی میں ہے سو کہتا ہے ”دو مہینے پہلے جو آپ نے دودھ کا بل ادا کیا تھا، وہ سات ہزار روپے تھا۔ اب مجھے یاد آیا کہ اسی مہینے تو اتحادی حکومت نے تیل کے نرخوں میں پے در پے اضافہ کیا تھا۔ مجھے تو وارے نہیں آتا چنانچہ آپ موجودہ بل کے ساتھ ساتھ دو مہینے پہلے والے بل کی مد میں اٹھارہ سو روپے مزید ادا کیجئے۔“

ان مطالبات کے جواب میں آپ کیا کریں گے؟ انہیں سمجھائیں گے کہ بھائی اس مہینے جو نرخ تم نے رکھا تھا، میں نے اس کے مطابق ادا کر دیا، اب اس میں اضافے کا تقاضا کرنا بیوپار کے اصولوں کے خلاف ہے۔ نہیں مانے گا تو آپ جھگڑا کریں گے، کسی محلے کے معزز کو بیچ میں ڈالیں گے مگر اضافی رقم ادا نہیں کریں گے اور آئندہ کے لئے کسی دیگر دکان کا رخ کریں گے۔

مگر صاحب! ہمارے ہاں ایک بیوپاری ایسا ہے جو انڈر ورلڈ کے کسی ڈان سے بھی بڑھ کے ہے۔ وہ اکتوبر میں اعلان کرتا ہے کہ میں نے اپنے مال کے نرخ بڑھا دیے ہیں اور یہ اضافہ شدہ نرخ جولائی سے لاگو ہوں گے۔ پچھلے چار مہینوں میں جو مال خرید کر آپ استعمال بھی کرچکے ہیں، یہ اضافہ ان پر بھی ادا کرنا ہو گا۔ خریدار کے پاس کوئی چارہ نہیں ہوتا۔ نہ وہ کسی بڑے کو بیچ میں ڈال سکتا ہے اور نہ شور واویلے کا بیوپاری پر کوئی اثر ہوتا ہے۔

خریدار مجبور ہے کہ گزشتہ چار مہینوں میں استعمال شدہ مال جس کی قیمت بھی ادا کی جا چکی ہے، اس کے بڑھے ہوئے نرخ ادا کرے۔ یہ بیوپاری واپڈا اور اس کی ذیلی برق فروش کمپنیاں ہیں۔ آپ دکان دار بھی نہیں بدل سکتے۔ اس لئے کہ بجلی اور کہیں سے دستیاب ہی نہیں۔ ایک ہی ساہوکار ہے اور ایک ہی دکان جس کی اجارہ داری ہے۔ خرید سکتے ہو تو ٹھیک وگرنہ اندھیرے میں بیٹھے رہو۔

معاشیات کے ماہر بھی ایسا ہی کہتے ہوں گے لیکن ایک سیدھا سادہ اصول بھی یہی ہے کہ اگر آپ کے وسائل کم ہیں تو آپ بچت کرنا شروع کر دیتے ہیں۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آپ کی دست رس سے باہر ہونے لگیں تو آپ ان کا استعمال کم سے کم کر دیتے ہیں مگر ہماری برق فروش کمپنیوں کے معاملے میں یہ فارمولا بھی ناکام ٹھہرتا ہے۔

حال ہی کی مثال لیجیے۔ جون میں گھر کا بل چوبیس ہزار آٹھ سو سولہ روپے آیا تو ہم نے بجلی کا استعمال ممکنہ حد تک کم کر دیا۔ اے سی کا ٹائم مقرر ہو گیا کہ رات کو اتنے گھنٹے اور دوپہر میں اتنا وقت چلے گا۔ میری سب سے چھوٹی بیٹی امامہ بڑی ہی کفایت شعار ہے۔ اس بچت مہم میں سب سے بڑھ کر فعال وہی رہی۔ کسی کمرے میں کوئی بیٹھا ہے اور دو روشنیاں جل رہی ہیں تو وہ ایک بند کردے گی۔ ٹی وی چل رہا ہے اور ناظر اپنے موبائل پر نگاہ رکھے ہوئے ہے تو اسے ڈانٹ پڑے گی ”جب آپ دیکھ نہیں رہے تو ٹی وی بند کیوں نہیں کر دیا، خواہ مخواہ بجلی ضائع ہو رہی ہے۔ “

امامہ کی اس سختی کا خاطر خواہ اثر ہوا اور جولائی کے مہینے میں ہم نے 159 یونٹ بچائے۔ جون میں ہم نے 907 یونٹ استعمال کیے تھے جبکہ جولائی میں 748۔ تاہم جون کا بل چوبیس ہزار آٹھ سو سولہ روپے تھا اور جولائی میں 160 یونٹ کم استعمال کرنے کے باوصف بل اٹھائیس ہزار آٹھ سو چھیاسی روپے آیا۔ اب یہاں بندہ کیا کرے؟ بل کا مطالعہ کیا تو قیمت بجلی چودہ ہزار اٹھہتر روپے تھی۔ اس پر فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ (ایف پی اے ) کے پانچ ہزار نو سو نوے روپے۔ موجودہ بل جو لکھا تھا، وہ انیس ہزار آٹھ سو اکسٹھ روپے تھا۔ اس میں نو ہزار پچیس روپے مزید جمع کیے گئے ایف پی اے کی مد میں۔ یوں واجب الادا بل بنا اٹھائیس ہزار آٹھ سو سولہ روپے۔

میپکو والوں سے رابطہ کیا کہ یہ ایف پی اے دو دفعہ کیوں لگا ہوا ہے اور کس خوشی میں؟ جواب ملا یہ جو نو ہزار پچیس روپے ہیں یہ مئی کے مہینے کا ایف پی اے ہے۔ یہ تو دینا پڑے گا۔ کر لو جی بچتیں۔ دفتر میں جو ذکر کیا تو سبھی کہنے لگے کہ یہ دوسرا ایف پی اے ہمیں بھی لگا ہے۔ عامر کا چھوٹا سے گھرانا ہے، میاں بیوی اور ایک بچہ۔ اس نے کہا ”سر جی! پچاس یونٹ خرچ ہوئے اس مہینے۔ سات سو روپے کا کرنٹ بل (حالیہ بل) تھا، اس پر مئی کے ایف پی اے کی مد میں چھ سو روپے ڈالے گئے۔ تیرہ سو روپے بل ادا کیا ہے، اس ماہ۔ پچاس یونٹ کا“ ۔

اے ظالم بیوپاریو! بجلی کی صنعت کے آمرو! خون آشام بجلی فروشو! کچھ شرم، تھوڑی سی حیا!


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments