چناب نگر میں مذہبی منافرت کی بنیاد پر 60 سالہ احمدی کا قتل


ابتدائی اطلاعات کے مطابق چناب نگر ربوہ میں مذہبی نفرت کی بنا پر ایک احمدی کو سر عام چھریوں سے وار کر کے بہیمانہ طور پر قتل کر دیا گیا۔ قاتل وقوعہ کے وقت مذہبی نعرے لگا رہا تھا۔ موقع پر لوگوں نے پکڑ کے پولیس کے حوالے کر دیا۔

اطلاعات کے مطابق لاری اڈہ پر آج صبح سوا آٹھ بجے کے قریب ایک 60 سالہ احمدی کو مذہبی جنونی نے چھریوں کے پے درپے وار کر کے قتل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق 60 سالہ احمدی نصیر احمد لاری اڈہ پرکھڑے تھے کہ ایک شخص شہزاد حسن نے انہیں لبیک یا رسول اللہ اور خادم رضوی زندہ باد کا نعرہ لگانے کا کہا۔ ساتھ ہی قاتل نے من سب نبیاً فاقتلوہ کا نعرہ لگاتے ہوئے نصیر احمد صاحب پر چھریوں سے حملہ کر دیا۔ چھریوں کے متعدد وار لگنے سے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ موقع پر ہی خالق حقیقی سے جا ملے۔ قاتل کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔

ابتدائی معلومات کے مطابق قاتل حافظ محمد شہزاد حسن سیالوی رضوی کا تعلق سلانوالی ضلع سرگودھا کے ساتھ ایک گاؤں کا ہے۔ اس نے مدرسہ انوار القرآن علاقہ تھانہ محمد والا میں 2005 میں داخلہ لیا اور 2010 میں اس کی دستار بندی ہوئی۔

مقتول نصیر احمد چناب نگر کے محلہ دارلرحمت شرقی کے رہائشی تھے اور انتہائی شریف النفس انسان تھے۔ ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی۔ محض احمدی ہونے کی بنا پر انہیں قتل کیا گیا ہے۔ مقتول نے پسماندگان میں 3 بیٹیاں اور ایک بیوہ کو سوگوار چھوڑا ہے۔

ترجمان جماعت احمدیہ سلیم الدین صاحب نے اس بہیمانہ قتل پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک احمدی کا دن دیہاڑے سر عام ایک مذہبی جنونی کے ہاتھوں قتل ہونا انتہائی افسوسناک ہے۔ ربوہ جس کی 95 فی صد سے زائد آبادی احمدیوں پر مشتمل ہے احمدی وہاں بھی محفوظ نہیں ہیں۔ احمدیوں کے خلاف نفرت کو ہوا دینے کا نتیجہ ہے کہ آج احمدی خود کو محفوظ نہیں سمجھ رہے۔ یہ نفرت انگیز مہم چلانے والے ظاہر ہیں حکومت ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کیوں نہیں کرتی؟ نفرت اور تشدد کی تلقین کرنے والوں کو گرفت میں لایا جائے تو مذہب کی بنا پر قتل و غارت گری کو روکا جا سکتا ہے۔ ترجمان جماعت احمدیہ نے مطالبہ کیا کہ معاشرے میں مذہبی جنونیت کو ہوا دینے والوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے جو معصوم انسانوں کے قتل کی ترغیب دیتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments