” پاپا“ ج کے حلال پیزے اور نیوٹرل اسٹیبلشمنٹ


گزشتہ دس سال میں ہم نے جب بھی آرمی کے سیاسی رول کے خلاف بات کی تو پاکستان تحریک انصاف کے سپورٹرز نے ہمیں انتہائی سخت الفاظ میں تنقید کا نشانہ بنایا، ہمیں غدار اور بھارتی ایجنٹ تک قرار دیا، جنرل عاصم باجوہ کی پیزا شاپس کو حلال ترین بلکہ جہانگیر ترین قرار دیا۔

چوکوں اور چوراہوں میں جنرل راحیل شریف کا صبح و شام شکریہ ادا کیا گیا، کس بات پر؟ یہ آپ آج بھی ان سے پوچھ لیں تو ان کو نہیں معلوم ہو گا، جنرل آصف غفور (پرانے ڈی جی آئی ایس پی آر) کی ”وتعزمن تشاء وتذل من تشاء“ والی ٹویٹ ہو یا ان کی میڈیا سے حکم نما التجا کہ گزشتہ حکومت کی ٹائیں ٹائیں کو کوئل کا سریلا گیت دکھایا جائے، کم از کم 6 مہینے، ہمارے پی ٹی آئی کے دوستوں نے ان چیزوں کی سوشل میڈیا پر بمباری جہاد سمجھ کر کی۔

چند ماہ میں اچانک ان کو آرمی کے سیاسی رول کے نقصانات کی عقل آئی ہے، وہ بھی صرف چند جرنیلوں کی حد تک، جبکہ عمران خان آرمی کے نیوٹرل رول کے مخالف ہیں اور کھلے عام کہہ رہے ہیں کہ نیوٹرل تو جانور ہوتا ہے۔

ان حالات میں کچھ پی ٹی آئی کے سپورٹرز حضرات ہمیں پھر تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں، کہ آپ لوگ جمہوریت پسند بنتے ہیں، سول سپریمیسی کے وکیل ہیں، ہمارے ساتھ بولتے کیوں نہیں؟

ان سے گزارش ہے کہ حضور اتنی جلدی تو دہی نہیں جمتا جتنی جلدی آپ لوگ اینٹی اسٹیبلشمنٹ ہوئے ہیں اور پھر پہلے عمران خان کا موقف سمجھیں جو ہرگز ہرگز اینٹی اسٹیبلشمنٹ نہیں ہے، وہ تو ہمارے اداروں کو سیاست میں اپنے ساتھ گھسیٹنا چاہتے ہیں، ان کا موقف تو بہت واضح ہے کہ آپ سے نیوٹرل ہو کر کوئی غلطی ہو گئی ہے، اس کو سدھاریے اور واپس ”جیسے تھے“ والی پوزیشن پر آئیں تاکہ میں پھر کہہ سکوں کہ جنرل باجوہ جیسا نیوٹرل آرمی چیف تو میں نے تاریخ میں نہیں دیکھا، جس نے فارن پالیسی سے لے کر اکانومی تک ہماری بے انتہا مدد کی ہے، شکریہ جنرل باجوہ۔

رہی بات آپ کے ساتھ بات ملانے کی تو جناب ایک تو آپ لوگ بہت لیٹ ہو گئے دوسرا اتنی جلدی اینٹی اسٹیبلشمنٹ ہونے والے لوگ کسی جنرل سے فیض یاب ہونے کے بعد کل کو کیا پتا دوبارہ راتوں رات آرمی کے ترانے گانے لگیں اور ہم مڑ کر دیکھیں تو تمام انقلابی یوٹرن لے کر پھر ہمارے سامنے آ کھڑے ہوں اور اوئے غدارو اوئے ایجنٹو کی گردان الاپنا شروع کر دیں۔

تو حضور کم از کم پانچ سال اینٹی اسٹیبلشمنٹ رہ کر دکھائیں، اداروں کو نیوٹرل ہونے کے طعنے دینا بند کریں، جس چکی (کوڑے، پھانسیاں، جیلیں، پابندیاں ) میں دوسری پارٹیوں کے سیاستدان پسے ہیں اس میں سے اپنے موقف پر قائم رہتے ہوئے بہادری سے گزر کر دکھائیں، پھر آئیں ہمارے پیج پر، ہم فخر سے ایک پیج کا پرچار کریں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments