سنا مرین: فن لینڈ کی وزیراعظم کی ویڈیو لیک ہونے کے بعد انھیں شدید تنقید کا سامنا
فن لینڈ کی وزیراعظم کی ایک ویڈیو لیک ہونے کے بعد انھیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اس ویڈیو میں انھیں فن لینڈ کی بعض معروف شخصیات کے ساتھ ڈانس اور گانے گاتے دیکھا جا سکتا ہے۔
انھیں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے بھی تنقید کا سامنا ہے اور ایک لیڈر نے تو اُن کا ڈرگ ٹیسٹ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
36 سالہ سنا مرین نے اس بات کی تردید کی ہے کہ وہ منشیات کے زیر اثر تھیں اور اُن کا کہنا ہے کہ انھوں نے صرف شراب پی تھی اور وہ پارٹی کر رہی تھیں۔
سنا مرین کون ہیں؟
سنا مرین جب ملک کی وزیراعظم منتخب ہوئی تھیں تو وہ اس عہدے پر فائز ہونے والی دنیا کی سب سے کم عمر شخصیت تھیں۔ وہ کبھی بھی اپنی نجی پارٹیوں کو راز میں نہیں رکھتیں اور اکثر میوزک تقریبات میں نظر آتی ہیں۔
گذشتہ برس انھوں نے اس وقت کلب جانے پر معذرت کی تھی جب وہ وہاں ایک ایسے شخص سے رابطے میں آئی تھیں جسے کورونا تھا۔
گذشتہ ہفتے جرمن اخبار ’بِلڈ‘ نے انھیں ’کولیسٹ پرائم منسٹر اِن دی ورلڈ‘ کا خطاب دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
خواتین میں نشے کا رجحان: ’لڑکیوں کو بوائے فرینڈ اور پارٹنر نشے کی طرف راغب کرتے ہیں‘
’اس نے میرے ہاتھ پر کوکین رکھی اور میں کمزور پڑ گئی‘
’لگا زندگی آسان ہو گئی مگر وہ صرف دھوکہ تھا‘
جمعرات کو اس ویڈیو سے متعلق بات کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ وہ جانتی تھیں کہ ویڈیو بن رہی ہے لیکن انھیں اس بات پر افسوس ہے کہ یہ پبلک میں لیک کر دی گئی۔
ان کا کہنا تھا ’میں نے ڈانس کیا، گایا اور پارٹی کی، یہ سب قانونی چیزیں ہیں۔ میں کبھی بھی کسی ایسی صورتحال میں نہیں پائی گئی جہاں میں نے دوسروں کو منشیات استعمال کرتے دیکھا ہو۔‘
اپوزیشن پارٹی کی لیڈر رِیکا پُرا کا کہنا ہے کہ وزیراعظم پر ’شک کا سایہ‘ منڈلا رہا ہے اور یہ کہ انھیں خود ہی ڈرگ ٹیسٹ کروا لینا چاہیے۔
دیگر اپوزیشن جماعتوں کے سیاستدانوں نے وزیراعظم اور میڈیا دونوں کو اس پارٹی سے متعلق بات کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہا ہے کہ اس سے زیادہ ضروری مقامی مسائل ہیں۔
وزیراعظم نے صحافیوں سے کہا کہ ’میری ایک فیملی لائف ہے، ایک ورک لائف ہے اور فارغ اوقات میں دوستوں کے ساتھ گزارتی ہوں۔ ویسے ہی جیسے میری عمر کے بہت سے لوگ کرتے ہیں۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ان کو نہیں لگتا کہ انھیں اپنا رویہ بدلنے کی ضرورت ہے۔ ’میں وہی رہوں گی جو میں آج تک ہوں اور امید کرتی ہوں کہ اسے قبول کیا جائے گا۔‘
فِن لینڈ میں اس ویڈیو کو مفاد عامہ کا مسئلہ بتا کر بڑے پیمانے پر دکھایا گیا ہے۔
سنا میرین دسمبر 2019 سے حکومت میں ہیں اور انھیں اپنی جماعت کی حمایت حاصل ہے۔
میڈیا پر تبصرہ کرنے والے مقامی صحافی رابرٹ سنڈ مین نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میرین جو بھی کریں اس پر ہر بار ایک ہی طرح کا منقسم کرنے والا رویہ ہوتا ہے۔‘
’کچھ لوگ ہیں جو یہ کہہ رہے ہیں کہ ان کی عمر کی خاتون کا دوستوں کے ساتھ مستی کرنا عام بات ہے اور دوسری جانب وہ لوگ ہیں جنھیں جھٹکا لگا ہے۔‘
وہ کہتے ہیں ’لیکن اب تک ایک بات یقینی ہے کہ پارٹی کی تصویروں سے ان کی یا ان کی جماعت کی مقبولیت پر کوئی خاطر خواہ فرق نہیں پڑا ہے۔‘
ان کے مطابق موجودہ وزیر اعظم کی معروف شخصیات کے ساتھ دوستی پر لوگوں کی خاص نظر ہے جبکہ ماضی کے وزرائے اعظموں کے ساتھ ایسا نہیں ہوتا تھا۔


