سرکار اور عمران سے میری دردمندانہ التجا
صحافت کے بنیادی فرائض میں خلق خدا کو ایسے بحرانوں کی بابت آفت کے نزول سے کافی عرصہ پہلے خبردار رکھنا بھی شامل ہے جو لاکھوں گھرانوں کی زندگی اجاڑ دیتے ہیں۔ ماحولیاتی تبدیلیاں اس ضمن میں گزشتہ چند دہائیوں سے خطرے کی گھنٹیاں بجانا شروع ہو گئی تھیں۔ ہمارا روایتی میڈیا ان کی جانب بھرپور توجہ مبذول نہیں کر پایا۔ انٹرنیٹ کی بدولت نام نہاد ”سٹیزن جرنلزم“ متعارف ہوا تو مجھ ایسے خوش گماں افراد نے توقع باندھی کہ تجسس کی تڑپ ہمارے چھوٹے قصبات اور دیہات میں آباد نوجوانوں کو اپنے مقامی مسائل لوگوں کے روبرو لانے کو اکسائے گی۔ یہ بھی لیکن ہو نہیں پایا۔ فیس بک اور ٹویٹر نے لوگوں کو اندھی نفرت و عقیدت میں تقسیم ہوئے گروہوں میں دھکیل دیا۔ انسٹاگرام اور ٹک ٹاک چسکہ فروشی کی جانب راغب کرنا شروع ہو گئے۔ سوشل میڈیا پر چھائے ”اطلاعات“ کے سیلاب نے بتدریج بلکہ ہمیں تلخ حقائق سے قطعی لاتعلق بنا دیا ہے۔
چند روز قبل تھوڑی تحقیق کے بعد میں عمران خان صاحب کی بھڑکائی گہماگہمی کو نظرانداز کرتے ہوئے یہ فریاد کرنے کو مجبور ہوا کہ Lumpy Skinنامی وبا نے دودھ دینے والے مویشیوں خاص کر گائے کو اپنا نشانہ بنالیا ہے۔ اس مرض کا وائرس ہمارے ہاں راجستھان سے سندھ میں داخل ہوا تھا۔ بعد ازاں اس کا رخ پنجاب کی جانب مڑگیا۔ ہمارے ”ڈنگر ڈاکٹر“ مذکورہ مرض کی بروقت تشخیص اور علاج کے ہنر سے آشنا ہی نہیں تھے۔ اپنے تئیں تکے لگاتے رہے۔ جو ادویات اور ٹیکے وغیرہ وہ استعمال کرنے کی تلقین کرتے انہیں خریدنا دو تین مویشیوں کے مالک کی بساط سے باہر تھا۔ وہ مویشی کو رب کی رضا کے سپرد کرنے کو مجبور ہوا اور اکثر صورتوں میں دودھ کی بدولت رزق فراہم کرنے والے ”کماؤپوت“ سے محروم ہو گیا۔
ٹھنڈے دل سے تفصیلی غور کے بعد میں یہ دعویٰ کرنے کو مجبور ہوں کہ آبادی کے اعتبار سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے اور کئی صدیوں سے پاکستان ہی نہیں پورے شمالی بھارت کی غذائی ضروریات پورے کرتے پنجاب کو مذکورہ وبا سے سرکار کی بروقت مداخلت سے بچایا جاسکتا تھا۔ رواں برس کے اپریل سے لیکن وہاں پھیلے سیاسی انتشا ر نے بالآخر ایسے مقام تک پہنچادیا جہاں سرکاری مشینری کامل مفلوج ہوئی نظر آئی۔ کئی ہفتوں تک یہ طے ہی نہ ہوپایا کہ پنجاب کے حتمی ”صوبے دار“ حمزہ شہباز شریف ہوں گے یا چودھری پرویز الٰہی۔ بالآخر بازی گجرات کے چودھری نے جیت لی تو بہت دیر ہو چکی تھی۔ غذائی بحران پر توجہ مرکوز رکھنے کے بجائے وہ اب مگر عمران خان صاحب کی خوشنودی کے لئے پولیس اور انتظامیہ کے ان سرکردہ افسروں کو ”سبق“ سکھانے کو مجبور ہو رہے ہیں جنہیں تحریک انصاف ”امپورٹڈ حکومت“ کے ”فسطائی کارندے“ شمار کرتی ہے۔ ”بدلے کی تڑپ“ نے پنجاب کی سرکاری مشینری کو جنوبی پنجاب میں سیلاب کی پھیلائی تباہ کاریوں کی بابت بھی غافل بنارکھا ہے۔ جزیروں میں تبدیل ہوئے دیہات میں محصور گھرانے خود کو شدت سے لاوارث ہوئے محسوس کر رہے ہیں۔
سندھ خوش نصیب تھا کہ سیاسی خلفشار سے محفوظ رہا۔ وہاں مگر اب کے برس ریکارڈ ساز بارشیں ہو رہی ہیں جو تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہیں۔ ان کی بدولت 20 کے قریب اضلاع میں جو تباہی نمودار ہو رہی ہے شہری متوسط طبقہ اس کے بارے میں قطعاً بے خبر ہے۔ پیر کی شام میں نے چند سندھی دوستوں سے ٹیلی فون کے ذریعے رابطے کیے۔ ان کی بدولت لاڑکانہ اور خیرپور کے ایسے بے شمار دیہاتوں کے بارے میں خبر ملی کہ جہاں گزشتہ آٹھ دنوں سے لوگ اپنے گھروں کی چھتوں پر کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں۔ ان میں سے ایک گاؤں 525 مکانات پر مشتمل تھا۔ ان میں سے ایک چوتھائی پانی میں بہہ گئے۔ 50 فیصد کی چھتیں پناہ فراہم کرنے کے قابل نہیں رہیں۔ چھ سے آٹھ فٹ پانی میں محصور دیہاتوں میں کھانے پینے کی اشیا کا حصول ناممکن ہو گیا ہے۔ مقامی آبادی اجتماعی طور پر کچھ رقم جمع کرتی ہے۔ اسے لے کر چند انسان دوست نوجوان قریبی شہروں میں کسی نہ کسی طرح پہنچ کر زندہ رہنے کے لئے لازمی خوراک کا سامان لارہے ہیں۔ غذائی قلت نے مگر منافع خوروں کی ہوس کو مزید سفاک بنا دیا ہے۔ بارش سے محفوظ رکھنے والے ترپال کی قیمت مثال کے طور پر چار گنا بڑھ چکی ہے جسے خریدنا غریب کسان کے بس سے باہر ہو چکا ہے۔
مجھ جیسے بڑے شہروں میں آباد افراد اندازہ ہی نہیں لگاپارہے کہ فی الوقت لاڑکانہ سے حیدر آباد تک پھیلے وسیع تر علاقوں میں جو افراد سیلاب کے پانی میں گھرے ہوئے ہیں اس گندم سے محروم ہوچکے ہیں جو فصل کٹنے کے بعد انہوں نے بقیہ سال اپنی ضرورت کے لئے ذخیرہ کی تھی۔ کئی مقامات پر سرکاری گوداموں میں جمع ہوئے گندم کے ذخیرے بھی سیلاب برد ہو گئے۔ سیلابی ریلاگزرجانے کے چند ہی ہفتے کے بعد گندم کا سنگین بحران لہٰذا ہر صورت ہمیں اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔
عمومی حالات میں روس اور یوکرین سے گندم خریدکر ممکنہ بحران کو ٹالا جاسکتا تھا۔ ان دو ممالک کے مابین مگر اس وقت خونریز جنگ ہو رہی ہے۔ ترکی کے صدر کی کاوشوں سے یوکرین میں جمع ہوئی گندم کا محض کچھ حصہ عالمی منڈی تک پہنچانے کی گنجائش نکالی جا رہی ہے۔ و ہ مگر عالمی طلب کی کماحقہ اندازمیں تشفی نہیں کر سکتا۔ افغانستان کی تقریباً آدھی آبادی اس کی وجہ سے قحط سالی کا شکار بن سکتی ہے جو اسے پاکستان کی جانب نقل مکانی کو بھی مجبور کر سکتی ہے۔ غذائی قلت کے عالمی سطح پر ابھرتے بحران کے پاکستان جیسے ممالک پر ممکنہ اثرات پر ہم توجہ ہی نہیں دے رہے۔ فقط یہ طے کرنے میں مصروف نظر آرہے ہیں کہ شہباز گل صاحب کو ”جنسی تشدد“ کا نشانہ بنایا گیا ہے یا نہیں اور عمران خان صاحب اب کون سا پتہ کھیلیں گے۔ اپنے بدترین دشمن کی بھی ریاستی جبر کی بدولت تذلیل کو میں نے کبھی برداشت نہیں کیا۔ سیاست پر توجہ میری صحافت کا کلیدی موضوع رہی ہے۔ اس کے باوجود فریاد کرنے کو مجبور ہوں کہ سرکار اور عمران خان صاحب باہم مل کر فی الوقت تخت یا تختہ والی جنگ کو مؤخر کرنے کی کوئی راہ نکالیں۔ ایسا نہ ہوا تو شدید غربت اور بدحالی کی زد میں آئے پاکستانیوں کی اکثریت ہماری ہر نوع کی اشرافیہ کو اپنا سفاک دشمن قرار دیتے ہوئے سری لنکا جیسے مناظر برپا کرنے کو مجبور ہو جائے گی۔
بشکریہ نوائے وقت۔

