ایشیا کپ میں انڈیا بمقابلہ پاکستان: نسیم شاہ اور محمد نواز کی کارکردگی پر شائقین نہال مگر پی سی بی تنقید کی زد میں
میچ تو سنسنی خیز رہا اور شائقین نے اس کا خوب لطف بھی لیا مگر پاکستان کو فتح حاصل نہ ہو سکی۔ پاکستان کی بولنگ لائن نے جہاں ہمیشہ کی طرح جم کر مقابلہ کیا اور اپنی حریفوں کے لیے جیت آسان نہیں رہنے دی، وہیں پاکستانی بیٹنگ لائن شاید ویسی کارکردگی نہیں دکھا پائی جس کی لوگوں کو امید تھی۔
یا یہ کہیں کہ شاید سنہ 2021 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں انڈیا کو پاکستان نے جیسے شکست دی تھی، اس کا ری پلے نہ ہو سکا۔
اتوار کو ہونے والا یہ میچ پاکستان نے جیتا یا نہیں، اس سے قطع نظر پاکستان کے بولرز نے اپنے شائقین کے دل ضرور جیتے ہیں۔
نسیم شاہ نے کھنچے ہوئے پٹھوں کے باوجود بھرپور بولنگ کروائی اور حریف ٹیم کے اعصاب پر سوار رہے۔ اُنھوں نے کے ایل راہول اور سوریا کمار یادیو کی اہم وکٹیں لیں جس میں سے کے ایل راہول تو کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹنے پر مجبور ہوئے جبکہ سوریا کمار یادیو بھی کوئی خاص سکور نہیں کر سکے۔
ان کے علاوہ محمد نواز نے تین وکٹیں لیں جن میں کپتان اور اوپنر روہت شرما، دنیا کے بہترین بلے بازوں میں شمار ہونے والے وراٹ کوہلی اور رویندر جدیجا شامل ہیں۔
مگر ان کے علاوہ دیگر تین بولرز شاہنواز ڈاہانی، حارث رؤف اور شاداب خان ایک بھی وکٹ نہ لے سکے چنانچہ سوشل میڈیا پر جہاں محمد نواز اور نسیم شاہ کی تعریفیں ہوتی رہیں تو وہیں شائقین دیگر کھلاڑیوں کی واجبی سی پرفارمنس پر سوال بھی اٹھاتے نظر آئے۔
ٹوئٹر صارف عاطف نواز نے لکھا کہ نسیم شاہ کو کھنچے ہوئے پٹھے کے ساتھ بھاگتے اور بولنگ کرواتے دیکھنا ڈبلیو ڈبلیو ای کے ریسلر سٹون کولڈ سٹیو آسٹن کو دیکھنے جیسا تھا۔ ‘اور آسٹن کی طرح یہ بھی ان کے کریئر کا ایک بڑا نقطہ آغاز ہو سکتا ہے۔ شیر کے جگر والے ایک نوجوان کی حیران کن کارکردگی۔’
https://twitter.com/AatifNawaz/status/1563949628755771400
نسیم شاہ کی پرفارمنس پر انڈیا سے بھی کئی لوگوں نے تعریفی تبصرے کیے جن میں معروف کرکٹ کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے سرِفہرست ہیں۔
اُنھوں نے لکھا کہ نسیم شاہ کو جب اُنھوں نے شاید پہلی مرتبہ جب آسٹریلیا کے خلاف ڈیبیو میں دیکھا تو وہ کھرا ٹیلنٹ تھے مگر اب وہ ایک قدرتی آؤٹ سوئنگر ہیں اور ایک نفیس بولر بن سکتے ہیں، اگر پاکستان ان کا خیال رکھے تو۔
https://twitter.com/bhogleharsha/status/1563924526651813888
وریندر سہواگ کے سوانح نگار وجے لوکاپلی نے کہ لکھا کہ عالمی کرکٹ نسیم شاہ کے بارے میں بہت کچھ سنے گی۔ حیران کُن کوشش جس نے ہاردک پانڈیا کو تقریباً روک ہی دیا تھا۔
اُنھوں نے نسیم شاہ کے بارے میں لکھا کہ بولرز اب ہاردک پانڈیا کے اس نئے روپ سے فکرمند رہیں گے، وہ خطرناک نظر آ رہے ہیں۔
https://twitter.com/vijaylokapally/status/1563968730752643072
اسد عبداللہ نے لکھا کہ نتیجہ تو تکلیف دہ ہے لیکن کارکردگی بالکل بھی تکلیف دہ نہیں۔ لڑکوں نے بہت اچھا کھیلا خاص طور پر نوجوان بولر نسیم شاہ اور شاندار محمد نواز نے۔
https://twitter.com/asad_qureshi257/status/1563954088999616514
یہ بھی پڑھیے
’کہتے رہ گئے کہ شاہین شاہ آفریدی انسان ہے، بولنگ مشین نہیں‘
پاکستان انڈیا کرکٹ کے یادگار لمحات: جب گنگولی کباب کھانے لاہور کی فوڈ سٹریٹ پہنچے
وراٹ کوہلی: ’پہلی بار ایک ماہ تک بیٹ کو ہاتھ نہیں لگایا، بابر کو کھیلتا دیکھ کر اچھا لگتا ہے‘
اقصیٰ عمر نے لکھا کہ انڈیا نے میچ جیتا مگر نسیم شاہ نے دل جیتے۔
https://twitter.com/AqsaUma75842537/status/1563955958300147713
کرکٹ تجزیہ کار سج صادق نے لکھا کہ نسیم شاہ نے اپنے پہلے ٹی 20 اوور میں وکٹ لی، اپنے پہلے ون ڈے اوور میں وکٹ لی، ٹیسٹ ہیٹ ٹرک کرنے والے کم عمر ترین بولر ہیں اور ٹیسٹ میچ میں پانچ وکٹیں لینے والے دوسرے سب سے کم عمر بولر ہیں۔
https://twitter.com/SajSadiqCricket/status/1563949997745442817
مگر جہاں شائقین نسیم شاہ اور محمد نواز کی کارکردگی سے متاثر نظر آ رہے ہیں وہیں پی سی بی سے پوچھ رہے ہیں کہ تقریباً تمام بولرز فٹنس مسائل کے شکار کیوں ہیں؟
صحافی احتشام الحق نے پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجہ کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ چار مرکزی بولرز انجرڈ ہیں۔ فزیو اور میڈیکل ٹیمیں کیا کر رہی ہیں؟ وہ ہمارے احساسات کے ساتھ کیوں کھیل رہی ہیں؟
https://twitter.com/iihtishamm/status/1563949947963277312
فرزدق نامی صارف نے لکھا کہ ایک ٹیم کے چار کھلاڑیوں کے کھیل کے دوران پٹھے کھنچنا اُنھوں نے کسی بھی کھیل میں کم ہی سنا ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ یہ کوچنگ عملے کی جانب سے عدم توجہی ہے جو شرمناک ہے۔ ‘کھلاڑی بھی انسان ہیں، اُنھیں اعلیٰ ترین درجے کی پروفیشنل سپورٹ کھیلنے بھیجنے سے قبل تربیت تو دیں۔’
https://twitter.com/farazdaqm17/status/1563954410107043840
ٹیم کی کارکردگی ایک طرف مگر کچھ بات ہو جائے انڈین ٹیم کے پاکستانی مداحوں کی۔ یہ بات تو سب ہی جانتے ہیں کہ پاکستان اور انڈیا سیاست، میدانِ جنگ اور میدانِ کرکٹ سب میں ہی سخت حریف ہیں لیکن پھر بھی دونوں اطراف کے لوگ ایک دوسرے کے کھلاڑیوں سے بہت انسیت رکھتے ہیں۔
دبئی کی یہ میچ سے پہلے کی ویڈیو دیکھیے جہاں روہت شرما اپنے ایک پاکستانی مداح سے ملنے پہنچے۔
https://twitter.com/CricCrazyJ0hns/status/1563367094624059394

