سیلاب زدگان کے لیے فنڈز کو کیسے موثر بنایا جاسکتا ہے؟


پاکستان کے بیشتر علاقے سیلاب کی زد میں ہیں، سیلاب کو قومی سطح کی آفت سمجھ کر تمام پاکستانی اپنے مجبور و بے بس بھائیوں کی مدد کے لیے ایک صف میں کھڑے نظر آرہے ہیں۔ یہ بہت خوش آئند بات ہے کہ بلاتفریق سب دکھ کی اس گھڑی میں شریک ہیں اور امدادی کارروائیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔

اس موقعہ پر کئی اہم سوال سامنے آتے ہیں کہ سیلاب زدگان کی مدد کے لیے کھربوں روپے اکٹھے کر لیے گئے لیکن وہ فنڈز کیسے اور کن ذرائع سے بھیجے جائیں؟ فنڈز کی موثریت کے لیے کیا اقدامات کرنے چاہئیں؟ فنڈز سے زیادہ سے زیادہ افادیت کیسے حاصل کی جائے؟ کیا خود سیلاب زدہ علاقوں میں جانا چاہیے؟

اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کے قیمتی فنڈز سیلاب زدگان تک پہنچیں اور ان سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھایا جا سکے تو ان فنڈز کو تجربہ کار اور معتبر ویلفیئر آرگنائزیشنز کے حوالہ کریں۔ کوشش کریں کہ کسی فرد کے ہاتھ میں نہ دیں، آرگنائزیشنز کے آفیشل اکاؤنٹس میں بھیجیں۔ پاکستان کے مختلف علاقوں سے ایسے واقعات بھی سامنے آئے ہیں کہ جعلی ورکرز بن کر فنڈز جمع کیے جا رہے تھے۔

ویلفیئر آرگنائزیشنز کو فنڈز بھیجنے کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ آپ فنڈز محفوظ ہاتھوں میں پہنچ جاتے ہیں، ایک ایک روپے حق داروں تک پہنچایا جاتا ہے، نیز ان آرگنائزیشنز کے پاس ملک بھر میں ٹیم موجود ہے جو ریسکیو کا وسیع تجربہ رکھتی ہے، آرگنائزیشنز کو بخوبی معلوم ہوتا ہے کہ کس طرح کام کرنا ہے؟ سستی اور معیاری اشیا کیسے خریدنی ہیں؟ انہیں متاثرین تک کیسے پہنچانا ہے اور ان سے زیادہ سے زیادہ فائدہ کیسے حاصل کرنا ہے۔

ایک اہم سوال یہ بھی ہے کہ کیا خود ان علاقوں میں جانا چاہیے؟ امدادی کارروائیوں کا حصہ بننا نوجوانوں اور بالخصوص ان نوجوانوں کا کام ہے جو اس کا تجربہ رکھتے ہیں، بوڑھے، بیمار اور ناتجربہ کار افراد کو متاثرہ علاقوں کے سفر سے گریز کرنا چاہیے، بعض دفعہ ہجوم کی وجہ سے امدادی کارروائیاں مشکل ہوجاتی ہیں البتہ جو نوجوان خود جا کر امدادی کارروائیوں کا حصہ بننا چاہتے ہیں وہ کسی آرگنائزیشن کے ذریعے متاثرہ علاقوں میں جائیں۔

مصدقہ معلومات کی بنیاد پر یہ کہنا بجا ہو گا کہ رفاہی ادارے حکومت کی نسبت زیادہ موثر کام کر رہے ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن، انصار الاسلام، تحریک لبیک، تحریک اللہ اکبر، اسی طرح دعوت اسلامی کے لوگ، بہترین کام کر رہے ہیں و دیگر ملکی و مقامی رفاہی تنظیمیں اپنی اپنی بساط کے مطابق کام کر رہے ہیں۔ دنیا کی ساتویں بڑی ویلفیئر آرگنائزیشن الخدمت فاؤنڈیشن کی صلاحیتوں اور کام کرنے کی استعداد کی ساری دنیا معترف ہے۔ لہذا آپ کے علاقوں میں جو آرگنائزیشن کام کر رہی ہیں آپ ان کو فنڈز بھی دے سکتے ہیں اور خود بھی امدادی ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں۔

Facebook Comments HS