شہباز شریف کا ملکہ الزبتھ دوم کی وفات پر برطانوی وزیر اعظم کو تعزیتی ِخط
پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے برطانوی وزیر اعظم لز ٹرس کو ملکہ الزبتھ دوئم کی وفات پر تعزیتی ِخط تحریر کیا ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے برطانوی وزیر اعظم لز ٹرس کے نام تعزیتی خط میں لکھا کہ ملکہ الزبتھ دوئم نے اپنی زندگی بے لوث عوامی خدمت کے لیے وقف کر دی اور ان کی باوقار موجودگی برطانیہ کے عوام کے لیے تقویت کا باعث تھی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملکہ الزبتھ نے اپنے دور حکمرانی میں دنیا میں مثبت تبدیلوں میں کلیدی کردار ادا کیا۔
ملکہ الزبتھ دوئم کی خلوص اور ان کی انتھک نگرانی میں دولت مشترکہ کی تنظیم دنیا میں آزاد ممالک کی مضبوط تنظیم بن گئی ہے۔ طویل عرصہ تک عوامی خدمات کے تحفظ کے لیے خدمات کے باوجود ملکہ الزبتھ کی شخصیت اور ان کی موجودگی برطانیہ اور دنیا بھر کے لوگوں کے لیے اتحاد اخوت کی طاقت کا نشان بنی۔
ملکہ الزبتھ دوئم کے پاکستان کے دورے کو یاد کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان نے کہا کہ وقت گذرنے کے ساتھ پاکستانی عوام اور ملکہ برطانیہ کے درمیان تعلقات مضبوط ہوتے گئے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ’مشکل کی اس گھڑی میں مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم کی تمام ہمدردیاں برطانوی شاہی خاندان، برطانوی حکومت اور برطانوی عوام کے ساتھ ہیں۔‘
اسلام آباد میں وزیر اعظم کی برطانوی ہائی کمیشن آمد پر برطانوی ہائی کمشنر نے استقبال کیا۔ انھوں نے آنجہانی ملکہ الزبتھ دوئم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ہائی کمیشن میں رکھی تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔


