الخدمت والو ہوشیار باش


 

حالیہ تباہ کن بارشوں اور قیامت خیز سیلابوں، جس نے پاکستان کو ایک نہیں سینکڑوں سانحات اور حادثات سے دوچار کیا ہوا ہے اور بلامبالغہ آدھا پاکستان پانی میں ڈوبا ہوا ہے اور مخلوق خدا بہت بڑی مصیبت اور آزمائش سے دوچار ہے۔

آزمائش کی ان گھڑیوں میں بہت سارے لوگ اور فلاحی تنظیمات اور ادارے سیلاب متاثرین کی خدمت میں مصروف عمل ہیں لیکن ان سب میں الخدمت فاؤنڈیشن کی حیثیت ممتاز ہے۔

بلاشبہ الخدمت فاؤنڈیشن سب سے بڑی، ملک گیر، فعال، متحرک اور موثر ترین تنظیم ہی کیا ایک بڑی تحریک کی روپ دھار چکی ہے۔ الخدمت کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ اس کے پاس ہزاروں رضا کاروں کی ایک جانثار ٹیم موجود ہے جو ایک ہی کال پر پورے ملک میں حرکت میں آتی ہے۔ ایک وسیع نیٹ ورک کے حامل اس فلاحی تنظیم نے حیران کن کارکردگی کا مظاہرہ کر کے دنیا کو اپنی جانب متوجہ کیا ہوا ہے۔ انسان ہی کیا بے زبان جانوروں تک کے ضروریات کا خیال رکھنے والے دردمند اور بے لوث رضاکار اس کا اصل سرمایہ ہے۔

اندرون پاکستان ہی کیا بیرونی دنیا کا اس پر اعتماد کرنا اور اسے امانتوں کا حقدار ٹھرانا ان کے لیے بہت بڑی آزمائش ہے جو بہت ہی احتیاط کا متقاضی ہے۔

جماعت اسلامی کے کارکنان اور الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں کی قربانی، ایثار، امانت، دیانت اور مخلوق خدا کی خدمت میں جان فشانی کے ساتھ مصروف عمل ہونے کی وجہ سے توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں اور انھیں زبردست پذیرائی بھی مل رہی ہے۔ اپنے ہی کیا پرایوں اور حریفوں تک نے تعریفوں کے پل باندھنے میں بخل سے کام نہیں لیا۔ یہی وہ ساعت ہے کہ آپ نے محتاط اور ہوشیار رہنا ہے۔ رب کا شکر ادا کیجیئے کہ اس نے آپ کو اس کام کے لیے منتخب کیا ہے۔ یہ سراسر اللہ تعالیٰ کا فضل و کرم ہے۔

مسلسل اپنا جائزہ لیجیے گا کہ کسی بھی لمحے نفس کسی غرور، تکبر اور دکھلاوے کا شکار نہ ہو پائے۔ یہ حدیث آنکھوں کے سامنے رکھا کریں۔

حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ حضور اقدس ﷺ نے فرمایا کہ: شرک میری امت میں کالے پتھر پر چیونٹی کی رفتار سے زیادہ پوشیدہ ہے۔

(کنزالعمال ج2، ص 816) شرک بہت زیادہ مخفی ہوتا ہے کیوں کہ وہ اندھیری رات میں کالے پتھر پر کالی چیونٹی کی رفتار سے بھی زیادہ باریک ہے یعنی جس طرح اندھیری رات میں کالے پتھر پر کالی چیونٹی چلتی ہوئی نظر نہیں آئے گی، اس سے زیادہ خفیہ طریقہ سے شرک قلب میں داخل ہو جاتا ہے اور اس سے بہت کم لوگ بچ پاتے ہیں۔

یاد رکھئے،

ترہیب و ترغیب کے لیے، جذبہ مسابقت بڑھانے کے لیے اور دنیا کو اس جانب راغب کرانے کے لیے میڈیا کے ذریعے سرگرمیوں کو اجاگر کرنا ناگزیر ہے لیکن یہ اجتماعی ضرورت ہے انفرادی ہرگز بھی نہیں۔ اپنے ذاتی زیادہ تصاویر کھنچوانا، ویڈیوز اپلوڈ کرنا اور ہر وقت میڈیا کی زینت بننے کا شوق رکھنا اور سامنے آنے کی آرزو اور خواہش رکھنا خطرناک ہے۔ خود پسندی، خود نمائی اور دکھلاوا باقاعدہ نفسیاتی عوارض ہیں اس سے ہر صورت بچنے کی کوشش کرنا لازمی ہے۔

رب کی رضا اور جنت کا حصول ہمارا مطلوب و مقصود ہے اور ہونا چاہیے اور یہی چیز سب سے افضل، اعلی اور ارفع ہے اور باقی سب کچھ ہی ہیچ۔

ہماری محبتیں، نیک تمنائیں اور دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔ آپ ہمارا فخر اور قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں۔
اور اپنے عمل، کارکردگی، قربانی، ایثار اور اخلاص کی بدولت عین اسی کے مصداق ٹھہرے ہو کہ
یہ جو ہم لوگ ہیں احساس میں جلتے ہوئے لوگ
ہم زمیں زاد نہ ہوتے تو ستارے ہوتے
الخدمت۔
پہاڑی کا چراغ۔ درست
زمین کا نمک۔ بے شک
قوم کے ماتھے کا جھومر۔ لاریب
ہم سب کا فخر۔ بلامبالغہ
پاکستان کا روشن چہرہ۔ بلا تردد


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments