ڈاکٹر محمد ارشد اویسی۔ مہربان اور فعال استاد، باغ و بہار شخصیت


ڈاکٹر محمد ارشد اویسی 2006 ء میں شعبہ اردو گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد میں بطور اسسٹنٹ پروفیسر تعینات ہوئے۔ یہ وہ زمانہ تھا جب مجھے یونیورسٹی کے شعبہ اردو سے بطور لیکچرار منسلک ہوئے تین برس کا عرصہ ہو چکا تھا۔ چرچا تھا کہ پنجاب اسمبلی سے ایک شخص یونیورسٹی کے شعبہ اردو سے وابستہ ہوا ہے۔ ڈاکٹر محمد ارشد اویسی کافی عرصے تک پنجاب اسمبلی میں اپنی خدمات انجام دے چکے تھے۔ انہیں پنجاب اسمبلی کی کارروائیوں وہاں کے آرکائیوز اور اہم شخصیات کے حوالے سے تحقیقی موضوعات سے خصوصی شغف تھا۔

وہ یونیورسٹی میں اپنے تقرر سے اپنی ریٹائرمنٹ 2017 ء تک ناصرف بطور استاد بلکہ بطور ایڈمنسٹریٹر بھی نہایت فعال رہے۔ شعبے کے علمی و ادبی معاملات کو خوش اسلوبی سے انجام دینے کے ساتھ ساتھ طلبہ و طالبات اور رفقائے کار کے ساتھ حسن سلوک اور خصوصی شفقت ڈاکٹر ارشد اویسی کی شخصیت کا نمایاں پہلو ہے۔ آپ شعبے میں پیر صاحب کے نام سے مشہور ہیں اور مریدوں کا ایک وسیع حلقہ رکھتے ہیں۔ آپ کا مقولہ ہے کہ لوگوں کے لئے آسانیاں پیدا کریں اور انہیں اپنے ساتھ لے کر چلیں۔ آپ جتنا عرصہ شعبے سے وابستہ رہے ہمہ وقت شعبے کے لیے حاضر خدمت رہے۔

نظام الاوقات میں اساتذہ کو سہولت دینے کی بات ہو یا سیمینارز اور علمی و ادبی پروگراموں کے انعقاد کے معاملات۔ ڈاکٹر ارشد اویسی نے تمام فرائض سنجیدگی اور دیانتداری سے انجام دیے۔ شعبہ اردو گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد سے ریٹائرمنٹ کے بعد گیریژن یونیورسٹی لاہور سے وابستہ ہو گئے اور وہاں اپنی متحرک شخصیت کی بدولت شعبہ اردو کو فعال کیا۔ پیر صاحب کی سحر انگیز شخصیت کی بدولت وہاں بھی مریدین کا تانتا بندھ گیا۔ ایم فل اور پی ایچ ڈی کی کلاسوں کے ساتھ ساتھ اردو ریسرچ جنرل ”لور تحقیق“ کا بھی اجرا کیا۔ گاہ گاہے سیمیناروں اور کانفرنسوں کے انعقاد کے ذریعے سکالرز کی شخصیت سازی کا اہم فریضہ بھی انجام دیتے رہتے ہیں اور احباب سے ملاقات کا اہتمام بھی کرتے ہیں۔

آج ایم فل اور پی ایچ ڈی کے ریسرچ سکالرز کے زبانی امتحان کے سلسلے میں شعبہ اردو گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد میں تشریف لائے تو خوشگوار یادیں تازہ ہو گئیں۔ طلبہ و طالبات سے سیر حاصل گفتگو کی۔ مختلف موضوعات کے حوالے سے ان کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی فرمائی۔ اللہ ڈاکٹر محمد ارشد اویسی کو اسی دلچسپی اور تحرک کے ساتھ اردو زبان و ادب کے فروغ میں اپنا اہم کردار ادا کرنے کی توفیق عطا کرے۔ ڈاکٹر صاحب شاد رہیں سلامت رہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments