انڈین حکومت کشمیر میں مزاروں کا کنٹرول کیوں حاصل کرنا چاہتی ہے؟

ریاض مسرور - بی بی سی اردو ڈاٹ کام، سرینگر


کشمیر، انڈیا، مزار، خانقاہ، درگاہ
شیخ عبدالقادر جیلانی سے منسوب پیر دستگیر صاحب درگاہ
اگر آپ کسی مزار یا صوفی آستانے پر گئے ہوں تو حاضری کے وقت ہی کوئی مجاور یا متولی آپ کے ساتھ ہو لیتا ہے، وہ آپ کے لیے دعائیں کرتا ہے اور بعد میں ’تبرک‘ کی ایک مُٹھی آپ کو تھما کر آپ سے ہدیے کے طور پر نقد رقم کی توقع کرتا ہے۔

انڈیا، پاکستان، بنگلہ دیش اور بعض وسط ایشیائی مسلم ممالک میں مزاروں پر یہ روایت صدیوں سے جاری ہے لیکن انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کے مقامی وقف بورڈ نے اس کے خلاف باقاعدہ مہم چلا کر مجاوروں کو عوامی نذر و نیاز اکھٹی کرنے سے روک دیا ہے۔

بورڈ کا کہنا ہے کہ عقیدت مندوں اور مزار میں دفن کسی صوفی بزرگ کے بیچ مجاوروں نے دیواریں کھڑی کر دی ہیں اور وہ لوگوں سے جبراً پیسہ اینٹھتے ہیں، لیکن مجاوروں کا کہنا ہے کہ اس نئے قانون کے ذریعے اُن کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے۔

سرینگر کے قدیم ترین مزار ’خانقاہِ معلیٰ‘ کے 82 سالہ مجاور محمد یٰسین زہرہ کہتے ہیں کہ ’چند لوگوں کی غلطی کو بنیاد بنا کر سینکڑوں افراد کی روزی روٹی کیوں چھینی گئی۔ ہم یہاں کئی نسلوں سے ہیں، لوگ عقیدت سے ہماری دعائیں لیتے ہیں اور اپنی مرضی سے ہمیں کچھ پیسہ دیتے ہیں، یہ نئی مہم لوگوں کی عقیدت اور صدیوں کی روایت کے بیچ میں اچانک کیسے حائل ہو گئی۔‘

ایران سے 14ویں صدی کے آغاز میں کشمیر آ کر یہاں اسلام کی تبلیغ کرنے والے صوفی بزرگ میر سید علی ہمدانی سے منسوب اس خانقاہ سے وابستہ درجنوں مجاور وقف بورڈ کی مہم کی مخالفت کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ اگست میں وقف بورڈ کی جانب سے اس حکمنامے کے اجرا کے فوراً بعد حکام نے پولیس کی مدد سے درجنوں مزاروں پر نصب چندے اور نذرانے جمع کرنے کی مخصوص پیٹیاں (باکس) ضبط کر لی تھیں۔

تاریخی حوالوں کے مطابق میر سید علی ہمدانی کو کشمیر میں اسلام پھیلانے والے مبلغ کے طور پر جانا جاتا ہے کیونکہ اُن کی یہاں آمد سے قبل یہاں مذہب اسلام اپنا وجود نہیں رکھتا تھا۔ اُنھوں نے اور بعد میں اُن کے بیٹے میر محمد ہمدانی نے 14ویں اور 15صدی کے دوران کشمیر میں سینکڑوں ایکڑ زمینیں خرید کر مسلمان اداروں کے لیے وقف کر دی تھیں۔

کشمیر، انڈیا، مزار، خانقاہ، درگاہ

انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر میں میر سید علی ہمدانی کی درگاہ

لیکن وقف کی باقاعدہ تنظیم سنہ 1940 میں ’مسلم اوقاف ٹرسٹ‘ میں اُس وقت کے مقبول رہنما شیخ محمد عبداللہ نے کی تھی۔ وہ سنہ 1982 میں اپنے انتقال تک ٹرسٹ کے چیئرمین رہے۔ تاہم شیخ عبداللہ کے حریف مفتی سید نے سنہ 2003 میں اقتدار حاصل کیا تو اُنھوں نے اس کا نام تبدیل کر کے ’جموں و کشمیر وقف بورڈ‘ رکھا اور وقف جائیداد کا حساب کرنے اور اس کے ذمہ داران کو جوابدہ بنانے کا اعلان کیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے باوجود نذر و نیاز کے ذریعے ہونے والی سالانہ 60 کروڑ روپے کی آمدن اور اربوں روپے مالیت کے اثاثوں کے باوجود وقف بورڈ کے حالات میں کوئی بہتری نہیں آئی۔

سنہ 2019 میں نریندر مودی کی حکومت نے کشمیر کی خودمختاری کو ختم کر کے یہاں پر براہ راست وفاقی قوانین نافذ کیے تو وقف بورڈ بھی ’سینٹرل وقف ایکٹ‘ کے زمرے میں لایا گیا۔ کشمیر میں بی جے پی کی سینیئر خاتون رہنما ڈاکٹر درخشاں اندرابی کو بورڈ کا وائس چیئر پرسن بنایا گیا جو صرف لیفٹیننٹ گورنر کے سامنے جوابدہ ہوں گی۔

’ہم مقدس مزاروں کو سیاست سے پاک کریں گے‘

ڈاکٹر درخشاں اندرابی کہتی ہیں کہ مزاروں سے نہ صرف لوگوں کا استحصال ہو رہا تھا بلکہ سبھی مزار روایتی سیاستدانوں کے لیے اقربا پروری اور ووٹ بینک کا آسان ذریعہ بن گئے تھے۔

’لوگوں سے جو پیسہ لیا گیا اُس کا کوئی حساب نہیں۔ اور پھر مزاروں کی دیکھ بھال نہیں ہوئی، عوام کے لیے سہولیات نہیں، عمارتوں کی کوئی تجدید نہیں، ہم اس سب میں اصلاح کرنا چاہتے ہیں اور لوگ بھی یہی چاہتے ہیں۔‘

قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر میں سینکڑوں مزار ہیں جن میں ایران، بخارا، سمرقند، بلخ، ترکستان، ہمدان، اور وسط ایشائی ممالک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے صوفی بزرگ دفن ہیں، جو یہاں 14ویں صدی سے 17صدی تک تبلیغ کے سلسلے میں آتے رہے۔

یہ بھی پڑھیے

تشدد کی اذیت میں خدا کی تلاش

مسلمان نہیں سکھ ہیں اس درگاہ کے خادم

سات بہنوں کی درگاہ جہاں آج بھی خواتین منتیں لے کر آتی ہیں

بعد کی صدیوں میں اُن کے مزاروں پر آستانے تعمیر ہوئے اور وہ لوگوں کی عقیدت کے مراکز بھی بن گئے۔

ڈاکڑ درخشاں کہتی ہیں: ’میں بھی سیّد خاندان سے ہوں، اور عقیدت مند بھی ہوں۔ لیکن ہمارے مزار سیاست اور کرپشن کے مرکز بن گئے تھے۔ وقف بورڈ ایسا نہیں ہونے دے گا۔‘

بورڈ کی زیرنگرانی فی الوقت 68 مزار، 65 مساجد، 2000 کمرشل عمارتیں، 900 ایکڑ جنگلاتی زمین اور 300 ایکڑ سے زیادہ میوہ جات کے باغات ہیں۔ اس کے علاوہ بیسیوں سکول اور تین نرسنگ کالج بھی ہیں جبکہ ایک معروف یونیورسٹی بھی وقف کی ہی زمین پر ہے۔

کشمیر، انڈیا، مزار، خانقاہ، درگاہ

کیا حکومت مزاروں پر براہ راست کنٹرول چاہتی ہے؟

مجاوروں کے ذریعے مزاروں پر حاضری دینے والے عقیدت مندوں کی تنگ دستی ایک دیرینہ مسئلہ رہا ہے لیکن لوگوں نے اس کو مزار پر حاضری دینے کے لیے چھوٹے سے ’ٹیکس‘ کی صورت میں قبول کر لیا تھا۔ ہر مزار پر دو الگ الگ پیٹیاں ہوتی تھیں، ایک میں پیسہ ڈالنے پر وقف بورڈ کے اہلکار باقاعدہ رسید دیتے تھے اور دوسری میں مجاورں کے لیے نذرانے کے طور پر پیسہ ڈالا جاتا تھا جس کی کوئی رسید نہیں ہوتی تھی۔

لیکن یہ عمل صدیوں سے جاری تھا اور یہ مجاور نسل در نسل اسی کمائی سے اپنے گھر چلاتے تھے۔

تاریخ دان اور سماجی کارکن ظریف احمد ظریف کہتے ہیں: ’حکومت کی یہ مہم جبری ہے۔ پہلے ایک سروے کیا جاتا کہ مجاوروں میں کون کون اسی عمل سے روزگار کماتا ہے۔ اگر کسی کی کمائی محض اوپری ہے، اُس کو بیدخل کر دیتے، جو اسی نذرانے پر گزارہ کرتے ہیں انھیں وقف کی طرف سے ماہانہ تنخواہ یا وظیفہ دیا جاتا اور پھر سماجی اور مذہبی شخصیات کے ساتھ مشاورت کی جاتی کہ کیسے مہم شروع کرنی ہے۔ یہ تو غنڈہ گردی ہے۔‘

اُنھوں نے کہا کہ ’اگر حکومت واقعی مذہب اور سیاست کو الگ کرنا چاہتی ہے تو مندروں سے بھی اُن پروہتوں کو ہٹا دے جو مندر جانے والے عقیدت مندوں سے پیسہ لے کر پرساد پکڑا دیتے ہیں۔‘

بڈگام ضلع کے چرار گاؤں میں مشہور شیخ نور الدین ولی کے نہایت مقبول مزار پر سال بھر عقیدت مندوں کا تانتا بندھا رہتا ہے۔ وہاں کے ایک مجاور نے نام ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا: ’مسلح شورش کے بعد سے ہر مزار پر باقاعدہ پولیس چوکی ہوتی ہے۔ کہیں کہیں سی سی ٹی وی بھی ہیں۔ کیا یہ ناممکن تھا کہ وقف بورڑ پولیس کو نظر رکھنے کو کہتا اور ہر مزار پر سی سی ٹی وی لگائے جاتے اور یہ ثابت کیا جاتا کہ کیا واقعی ہم لوگ کسی سے زبردستی کرتے ہیں۔ یہاں لوگوں نے منتیں مانگی ہوتی ہیں۔ وہ نذر و نیاز دیتے ہیں اور ہمیں تھوڑا سا ہدیہ دے کر مطمئن ہو جاتے ہیں۔ یہ تو ظلم ہے۔‘

کشمیر، انڈیا، مزار، خانقاہ، درگاہ

شیخ زین الدین ولی کی درگاہ پر میلے کے دوران چراغاں کیا گیا ہے

تاہم وقف بورڈ کی سربراہ ڈاکٹر درخشاں کہتی ہیں کہ اُن کی تنظیمی وابستگی کا اس میں کوئی کردار نہیں۔ ’ہم اس سے بالکل مختلف سوچ رکھتے ہیں۔ میں کہتی ہوں سیاست دانوں کی مداخلت نہ ہو۔ ہم تو کشمیر کی صوفی روایات اور روحانی تاریخ کی ان علامتوں کو سیاسی استحصال سے آزاد کرنا چاہتے ہیں۔‘

انھوں نے کہا کہ ’اب لوگ کیا باتیں کرتے ہیں مجھے اس سے مسئلہ نہیں، میں کسی تنخواہ کے بغیر یہ کام کرتی ہوں اور چاہتی ہوں کہ مزار پر ایک ولی اور اس کے ساتھ عقیدہ رکھنے والے زائر کے بیچ کوئی تیسرا شخص کھڑا نہ رہے۔‘

کیا واقعی مزار ’سیاسی ہتھیار‘ تھے؟

سنہ 1950 کے بعد جب شیخ محمد عبداللہ نے انڈیا سے علیحدگی کی تحریک چلائی تو اُنھوں نے مسلم اوقاف ٹرسٹ کے تحت مختلف مزاروں خاص طور پر سرینگر کے حضرت بل میں واقع مسجد نبوی کی طرز پر تعمیر ایک یادگاری آستانے کو اپنا سیاسی مرکز بنایا۔ پھر دہائیوں تک شیخ عبداللہ یا اُن کی پارٹی نیشنل کانفرنس کے دوسرے رہنما مزاروں پر ہی لوگوں سے خطاب کرتے تھے۔

اکثر مبصرین کہتے ہیں کہ یہی وجہ ہے کہ بی جے پی کی حکومت کشمیر کی روایتی سیاسی قیادت کو مزاروں یا آستانوں سے دُور رکھنا چاہتی ہے۔

معروف مؤرخ اور قانون دان پروفیسر شیخ شوکت حُسین کہتے ہیں کہ مسلم اوقاف ٹرسٹ کو بے شک شیخ محمد عبداللہ نے دہائیوں تک سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا لیکن 2003 میں مفتی سید نے نیا وقف قانون بنا کر اور ٹرسٹ کو سرکاری بورڈ میں تبدیل کر کے اس پر حکومتی کنٹرول حاصل کر لیا تھا۔

’اب یہ بیانیہ ہی غیرمتعلق ہو گیا ہے کہ مذہبی مقامات کا سیاسی استعمال ہوتا تھا کیونکہ جو لوگ ہندوستان پر حکومت کرتے ہیں وہ مذہبی مقامات کا استعمال کرتے ہوئے ہی اقتدار میں آئے ہیں۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32540 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments