شیخوپورہ: گھروں سے باہر سوئے ہوئے آٹھ افراد کلہاڑی کے وار سے قتل، ملزم گرفتار


پولیس
وسطی پنجاب کے ضلع شیخوپورہ کے ایک گاؤں میں آٹھ افراد کو کلہاڑے کے وار کر کے قتل کر دیا گیا ہے۔ تمام آٹھ افراد کو ایک ہی رات میں اس وقت قتل کیا گیا جب وہ اپنے گھروں سے باہر سو رہے تھے۔

یہ واقعہ ضلع شیخوپورہ کے تھانہ نارنگ منڈی کی حدود میں آنے والے گاؤں ہچر میں پیش آیا ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس افسر شیخوپورہ فیصل مختار نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے قتل کے الزام میں ایک ملزم کو گرفتار کر کے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا ہے۔

پنجاب کے وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق ایک شخص نے رات کو کھیتوں اور گلیوں میں سوئے ہوئے مختلف افراد کو قتل کیا۔

ڈی پی او فیصل مختار نے بتایا کہ 22 سالہ ملزم کا دماغی معائنہ کروایا جائے گا۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم نے تمام قتل رات تین بجے کے بعد کیے جب سارا گاؤں سو رہا تھا۔

پولیس کے کرائم انویسٹیگیشن یونٹ نے پورے علاقہ کو محاصرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔

پولیس

پنجاب کے دیہات میں موسم گرما اور موسم برسات میں عموماً لوگ رات کو کھیتوں میں، گلیوں یا مکانوں کی چھتوں پر سوتے ہیں۔

پولیس کی مختلف تفتیشی ٹیموں نے ملزم کے اہل خانہ اور گاؤں والوں سے ملزم کے بارے میں پوچھ گچھ کی ہے جس میں یہ بات سامنے آئی کہ ملزم گریجویٹ ہے اور گاؤں کے بچوں کو پڑھاتا بھی رہا ہے۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ملزم کا ذہنی توازن خراب ہونے کے بعد لوگوں نے اپنے بچے اس کے پاس پڑھنے بھیجنے بند کر دیے تھے جس کے بعد وہ بیروزگاری سے پریشان تھا۔

گاؤں کے لوگوں نے پولیس کو بتایا کہ چند روز قبل گاؤں والوں نے ملزم کی مشکوک حرکات کو دیکھتے ہوئے اس کو پولیس کے حوالے کیا تھا تاہم پولیس نے اسے نامعلوم وجوہات کی بنا پر چھوڑ دیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو جلد ہی مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

Facebook Comments HS

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 33851 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp