سینٹورس مال میں آگ بھڑکنے کا واقعہ: ’رش کی وجہ سے بھاگنے کی جگہ ہی نہیں مل رہی تھی‘


سینٹورس مال
اتوار کو پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے مرکز میں واقع سینٹورس مال میں آگ بھڑک اٹھی اور دور دور تک اس سے نکلتا ہوا دھواں دکھائی دیا۔ سوشل میڈیا پر آنے والی تصاویر اور فوٹیج میں مال کے ایک حصے میں عمارت کے اندر اور باہر آگ کے شعلے بھی نظر آئے۔

ان ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لوگوں کی بڑی تعداد عمارت خالی کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور لوگ باہر کی طرف بھاگ رہے ہیں۔ آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آگ دوسری منزلوں تک بھی پھیل سکتی ہے، تاہم یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ اس پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے۔ فوری طور پر کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔

سینٹورس

بی بی سی کی نامہ نگار حمیرا کنول کے مطابق اس رپورٹ کے فائل ہونے تک شاپنگ مال کے اوپر کے فلورز میں آگ لگی دکھائی دی رہی ہے۔ پولیس کی جانب سے سینٹورس جانے والے مرکزی راستوں کو بند کر دیا گیا ہے۔

اسلام آباد کی پولس کے مطابق ریسکیو آپریشن مکمل ہونے پر شاپنگ مال کی عمارت کو ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے حکم سے سیل کر دیا جائے گا اور آگ لگنے کی وجوہات کی تحقیقات تک عمارت سیل رہے گی۔ کسی کو بھی شاپنگ مال میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہو گی۔

ماجد عباسی

عینی شاہدین: ’بڑی مشکل سے لوگ جان بچا کر باہر نکل آئے ہیں‘

سینٹورس مال سے محفوظ طریقے سے باہر آنے والے ماجد عباسی نے بی بی سی کو بتایا کہ ’جیسے ہی آگ لگی لوگ ادھر ادھر بھاگ رہے تھے، بہت ہلا گلا مچ رہا تھا، بڑی مشکل سے لوگ جان بچا کر باہر نکلے۔

ان کے مطابق اندر دھواں نہیں تھا، باہر دھواں تھا۔ ان کے مطابق ’مال کے سکیورٹی گارڈ لوگوں کو باہر نکال رہے تھے، الارم بج تھے، مال کی سکیورٹی آ گئی تھی، انھوں نے سب کو باہر نکال دیا، اندر بہت زیادہ رش تھا، بھاگنے کی جگہ ہی نہیں مل رہی تھی، بڑی مشکل سے باہر نکلا ہوں‘۔

ماجد عباسی کے مطابق ’سب لوگ اپنا مال اندر چھوڑ کر بھاگے ہیں، چیخ و پکار بہت زیادہ ہو رہی تھی۔ ہم 15 سے 20 منٹ اندر تھے، جیسے رش کم ہوا تو ہمیں باہر نکالا گیا۔‘

وہ کہتے ہیں کہ ’ہم فوڈ کوڈ پر موجود تھے۔ ویکینڈ تھا اور لنچ کا وقت تھا تو لوگ وہاں موجود تھے، ہم لفٹ کے ذریعے نیچے آئے۔‘

رسیکیو

توقیر تین برس سے اس مال میں ایک دکان پر ملازمت کر رہے تھے۔

انھوں نے بتایا کہ صبح معمول کے مطابق سب چل رہا تھا۔ اچھا رش ہوا تو خیال آیا کہ آج سیل بھی زیادہ ہو گی۔ توقیر کے مطابق ’مجھے بعد میں (اپنے ساتھیوں سے) پتا چلا کہ مونال ہوٹل پر شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگی۔‘

ان کے مطابق کافی زیادہ رش تھا، مال کی سکیورٹی نے آگ پھیلنے سے پہلے پہلے لوگوں کو باہر نکال دیا۔ دھواں پھیلنے سے پہلے لوگوں کو باہر نکال دیا گیا۔ ہم آخر میں مال سے باہر نکلے۔‘

توقیر کے مطابق آگ تقریباً ساڑھے تین بجے بھڑک اٹھی اور اس کے بعد 30 منٹ تک لوگوں کو باہر نکالنے میں لگے۔ ان کے مطابق باہر آ کر پتا چلا کہ آگ زیادہ ہے۔ ان کے مطابق فرنٹ سے شیشے گر رہے تھے اور مال کی انتظامیہ نے لوگوں کو باہر نکالنے کے لیے ایمرجنسی رستے کھول دیے تھے۔

وزریراعظم کی آگ بجھانے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد کے سینٹورس مال میں آتشزدگی کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی دارالحکومت کے متعلقہ اداروں اور حکام کو فوری کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کا اسلام آباد کے نجی مال میں لگنے والی آگ کا نوٹسوزرات داخلہ کے ایک ترجمان کے مطابق اسلام آباد انتظامیہ اور فائربریگیڈ کے عملے کو آگ پر قابو پانے کے لیے تمام وسائل استعمال کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے انتطامیہ کو ہدایت دی ہے کہ آگ بجھانے کے لیے متعلقہ محکموں سے ہیلی کاپٹر کی سہولت سے بھی استفادہ کیا جائے اور مال میں پھنسے تمام افراد کو بحفاظت نکالا جائے۔ مال میں آگ لگنے کو وجوہات کا جائزہ لے کر ذمہ داران کا تعین کیا جائے۔

سینٹورس

ترجمان کے مطابق وزیرداخلہ نے کہا ہے کہ آگ لگنے کی مفصل رپورٹ وزارت داخلہ جمع کرائی جائے۔

ترجمان پاکستان بحریہ نے کہا کہ اسلام آباد کے سینٹورس مال میں لگی آگ بجھانے میں بحری فوج معاونت فراہم کر رہی ہے۔ ان کے مطابق بحریہ کی ٹیم اور تین فائر ٹینڈرز موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔

پاک فضائیہ کے ترجمان نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ سینٹورس مال میں لگنے والی آگ پر قابو پانے میں جاری امدادی کارروائیوں میں پاکستان فضائیہ کے اہلکار پیش پیش ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان فضائیہ کی چھ فائر فائٹر گاڑیوں نے آگ بجھانے میں سول انتظامیہ کی مدد کی۔

ترجمان کے مطابق پاک فضائیہ کے اہلکاروں نے سینٹورس مال میں پھنسے ہوئے لوگوں کو بھی باحفاظت باہر نکالا۔ پاک فضائیہ کا ہیلی کاپٹر اس وقت بھی امدادی کارروائیوں کے لیے سینٹورس مال کے اوپر محو پرواز ہے۔

Facebook Comments HS

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 33851 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp