دنیا کی 500 بہترین یونیورسٹیاں: چینی کالجوں میں بہتری، امریکہ کی تنزلی اور پاکستان کا صرف ایک ادارہ


تعلیم، یونیورسٹی، اعلیٰ تعلیم
اعلیٰ تعلیمی اداروں کی ایک حالیہ رینکنگ کے مطابق دنیا کی بہترین یونیورسٹیاں امریکہ اور برطانیہ میں ہیں تاہم چین کے کالج بھی تیزی سے اپنا مقام بنا رہے ہیں۔

برطانوی میگزین ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی منگل کو جاری ہونے والی ’دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں‘ کی رینکنگ کے مطابق مسلسل ساتویں سال پہلے نمبر پر آکسفورڈ یونیورسٹی ہے۔


دنیا کی 10 بہترین یونیورسٹیاں

یونیورسٹی آف آکسفورڈ، برطانیہ

ہارورڈ یونیورسٹی، امریکہ

یونیورسٹی آف کیمبرج، برطانیہ

سٹیفورڈ یونیورسٹی، امریکہ

ایم آئی ٹی، امریکہ

کیلیفورنیا انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، امریکہ

پرنسٹن یونیورسٹی، امریکہ

یونیورسٹی آف کیلیفورنیا، امریکہ

ییل یونیورسٹی، امریکہ

امپیریئل کالج لندن، برطانیہ


اس رینکنگ میں دنیا کی 10 بہترین یونیورسٹیاں برطانیہ اور امریکہ میں ہیں۔ جبکہ اس میں 104 ملکوں کے 1799 تعلیمی اداروں کا شمار کیا گیا ہے۔

ٹائمز ہائر ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ اس جائزے کی بنیاد 13 پرفارمنس انڈیکیٹر ہیں جن میں ٹیچنگ، ریسرچ، علم کی منتقلی اور عالمی نقطۂ نظر شامل ہیں۔

لاطینی امریکہ میں اس رینکنگ میں 11 ملکوں کے تعلیمی ادارے شامل کیے گئے ہیں جہاں بہترین یونیورسٹیوں میں برازیل کے سب سے زیادہ تعلیمی ادارے ہیں۔

تعلیم، یونیورسٹی، اعلیٰ تعلیم

چین کی ترقی، امریکہ کی تنزلی

ٹائمز ہائر ایجوکیشن نے اپنے جائزے میں کہا ہے کہ ’تحقیق میں امریکی یونیورسٹیوں کی بالادستی اب ختم ہو رہی ہے۔ اس کی وجہ ایلیٹ اور باقی یونیورسٹیوں کے درمیان پیداوار کا بڑھتا فرق ہے۔‘

چینی یونیورسٹیوں کے بارے میں اس کا کہنا ہے کہ وہاں تحقیق کا معیار بڑھ رہا ہے۔ جہاں امریکہ کا سکور 70 سے گِر کر 69.4 ہوگیا ہے وہیں چین کا سکور 55.6 سے بڑھ کر 58 ہوگیا ہے۔

ٹائمز ہائر ایجوکیشن کے مطابق چینی یونیورسٹیاں ایک چیز میں کمزور ہیں اور وہ ہے انٹرنیشنلائزیشن۔

مثلاً اس رینکنگ میں چین کی بہترین مانی جانے والی ’چنگہوا یونیورسٹی‘ کا عالمی نقطۂ نظر میں سکور 50.6 سے گِر کر 40.3 رہا۔

اس رینکنگ میں سب سے زیادہ 177 تعلیمی ادارے امریکہ میں واقع ہیں اور 200 بہترین یونیورسٹیوں میں بھی امریکہ سب سے آگے ہے۔ جبکہ اس میں چین کا چوتھا نمبر ہے اور اس نے آسٹریلیا کی جگہ لی ہے جو اب پانچویں نمبر پر ہے۔

چین میں تیسرے نمبر پر فودان یونیورسٹی اور چوتھے پر شنگھائی جیاؤ ٹونگ یونیورسٹی ہے۔ رواں سال انھوں نے اپنے سکور میں نمایاں بہتری دکھائی ہے اور اس کی وجہ پرفارمنس انڈیکیٹرز میں ترقی ہے۔

سال 2022 کے مقابلے 2023 میں امریکہ میں مجموعی سکور میں 0.1 کا اضافہ ہے جبکہ چین میں اسی دوران 1.6 کا اضافہ ہوا ہے۔ دنیا بھر میں اوسط اضافہ 0.7 ہے۔

یہ بھی پڑھیے

’پاکستان جانے کا کیا فائدہ جب انڈیا میں ڈگری قبول نہیں ہو گی‘

پنجاب میں زیر تعلیم بلوچ طلبہ سے پوچھ گچھ کا دعویٰ: ’ڈگری کے بعد کیا بلوچ لبریشن آرمی جوائن کرنے کا ارادہ ہے‘

علی گڑھ یونیورسٹی: نصاب سے مولانا مودودی، سید قطب نکال کر ہندو مذہب کا کورس متعارف

پاکستانی محققین کے 250 سے زیادہ ریسرچ پیپر اشاعت کے بعد کیوں مسترد ہوئے؟

تعلیم، یونیورسٹی، اعلیٰ تعلیم

پاکستان اور انڈیا کی کون سی یونیورسٹیاں فہرست میں شامل؟

پاکستان کی صرف ایک یونیورسٹی دنیا کی ٹاپ 500 یونیورسٹیوں میں شامل ہے۔

500 یونیورسٹیوں کی فہرست میں اسلام آباد کی قائد اعظم یونیورسٹی کا 401 واں نمبر ہے جبکہ 1000 بہترین یونیورسٹیوں میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد، یو ایم ٹی، عبدالولی خان یونیورسٹی، بحریہ یونیورسٹی، کامسیٹس اسلام آباد، ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز، یو ای ٹی ٹیکسلا، ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ اور انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد شامل ہیں۔

جبکہ ٹاپ 500 میں انڈیا کے پانچ اعلیٰ تعلیمی اداروں کو شامل کیا گیا ہے جن میں سب سے اوپر (251 سے 300 کے بیچ) انڈین انسٹیٹیوٹ آف سائنس ہے۔

عالمی سطح پر بہترین یونیورسٹیوں کی فہرست اور پاکستان کی کارکردگی پر ردعمل دیتے ہوئے ٹوئٹر پر ایک صارف فاروق ثمر نے کہا کہ ’دنیا کی 500 بہترین یونیورسٹیوں میں صرف ایک پاکستانی یونیورسٹی۔ پاکستان کے زوال کی وجہ معیاری تعلیم کی عدم فراہمی ہے۔‘

دیوان سچل نے لکھا کہ 500 بہترین یونیورسٹیوں کی فہرست میں ’آئی بی اے، لمز یا نسٹ شامل نہیں؟ یہ سمجھ سے باہر ہے۔‘

جبکہ عمار حسین کہتے ہیں کہ ایسا لگتا ہے پاکستانی یونیورسٹیاں ’پیپر پریس سے زیادہ کی حیثیت نہیں رکھتیں۔‘

فیس بُک پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے سدرہ اظہر کہتی ہیں کہ ’پاکستان میں تعلیم کی کمی کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ یہاں پر تعلیمی ادارے بہت لوٹتے ہیں۔‘

ادھر نجیب اللہ بابر نامی صارف نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ’سر میری یونیورسٹی بھی ٹاپ کر رہی ہے لیکن نیچے سے۔ یہ یونیورسٹی وی سی کے بغیر چل رہی ہے، دنیا کی سب سے منفرد یونیورسٹی ہے۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32536 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments