’میں اپنے اور مداحوں کے درمیان دیوار توڑ کر انھیں اپنی دنیا میں مدعو کر رہی ہوں‘


ملائکہ
ملائکہ کا نیا شو ڈزنی پلس ہاٹ سٹار پر شروع ہونے والا ہے
’نچ بلیے‘، ’انڈیاز بیسٹ ڈانسر‘ اور ’جھلک دکھلا جا‘ جیسے ٹی وی ریالٹی شوز میں جلوے بکھیرنے والی ملائکہ اروڑہ اب او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر اپنی حقیقی زندگی کی جھلک دکھانے کے لیے تیار ہیں۔

ملائکہ اب ڈزنی پلس ہاٹ سٹار پر ’موو اِن ود ملائکہ‘ نام کے شو میں اپنے مداحوں کو بغیر کسی فلٹر کے اپنی زندگی میں جھانکنے کا موقع دیں گی۔ ملائکہ کا یہ شو پانچ دسمبر کو شروع ہو گا۔

https://twitter.com/DisneyPlusHS/status/1590640779797868547

سوشل میڈیا پر اس شو کے بارے میں بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’برسوں تک لوگ مجھے سوشل میڈیا کے ذریعے دیکھتے آئے ہیں لیکن اب اس شو کے ذریعے میں اپنے اور اپنے مداحوں کے درمیان کی دیوار کو توڑ کر انھیں اپنی دنیا میں مدعو کر رہی ہوں۔‘

او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر یہ ملائکہ کا پہلا پراجیکٹ ہے اور انھوں نے وعدہ کیا ہے کہ وہ اپنے ماضی، حال اور مستقبل کی جھلک پیش کریں گی یعنی بات ارباز خان سے لے کر ارجن کپور تک ضرور پہنچے گی مگر مستقبل میں کیا ہو گا یہ کون جانتا ہے۔

امید ہے کہ اس شو میں کیمرے کے فلٹر کے ساتھ ساتھ ان کی حقیقی زندگی کا فلٹر بھی آف رہے گا، ورنہ فلمی جگت کی اس چکا چوند والی دنیا میں کیمرہ اور ایکشن کی آواز بلند ہوتے ہی اصل زندگی پردے کے پیچھے چلی جاتی ہے اور نقلی کردار ہی پردے کے سامنے ہوتے ہیں۔

دیکھتے ہیں کہ اس شو پر ملائکہ کس حد تک اپنی اصل زندگی کو لوگوں کے سامنے لانے میں کامیاب ہوتی ہیں۔

کنگنا رناوت

کنگنا رناوت نے انسٹا کو فضول قرار دیا

کنگنا رناوت جو کسی نہ کسی بہانے سے بالی ووڈ کے اپنے ساتھیوں اور خاص طور پر کرن جوہر کو ڈانتی رہتی ہیں اب سوشل میڈیا پر برس پڑیں۔ کنگنا نے انسٹاگرام کو ’ڈمب‘ یعنی بے وقوف قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پلیٹ فارم فضول ہے جہاں سے اگلے ہی دن لوگوں کے کمنٹس غائب ہو جاتے ہیں لیکن تصاویر رہ جاتی ہیں۔

کنگنا جو ٹوئٹر پر اپنا اکاؤنٹ فعال کروانے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہیں انھوں نے انسٹا گرام پر ایک سٹوری پوسٹ کی جس میں اپنی پوسٹ غائب ہونے کی شکایت کرتے ہوئے اس پلیٹ فارم پر تنقید کی اور ساتھ ہی ٹوئٹر کی تعریف کی۔ سنہ2021 میں ٹوئٹر نے کنگنا کے اکاؤنٹ پر پابندی لگا دی تھی۔

انھوں نے لکھا کہ ’فضول انسٹا صرف تصاویر کے لیے ہے کیونکہ یہاں جو بھی رائے دی جاتی ہے وہ اگلے دن ہی غائب ہو جاتی ہے جیسا کہ ہر کسی کی رائے بے معنی یا فضول ہو، اس لیے اسے غائب کر دینا ہی بہتر ہے۔ لیکن ان کے جیسے لوگ جو اپنی سنجیدہ رائے یا خیال کو سب تک پہنچا کر ایک بامعنی مباحثہ شروع کرنا چاہتے ہیں ان کا کیا ہو گا۔‘

کنگنا شاید بھول رہی ہیں کہ ٹوئٹر نے ان پر پابندی کیوں لگائی تھی۔ ان کا اکاؤنٹ مثبت مباحثے نہیں بلکہ ان کی نفرت انگیز ٹویٹس کی وجہ سے معطل کر دیا گیا تھا جس کے بعد کنگنا نے ٹوئٹر کی جم کر لعنت ملامت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ کسی اور پلیٹ فارم پر اپنی رائے پیش کریں گی۔ لیکن لگتا ہے کہ اب کنگنا ٹوئٹر پر ملنے والی مخصوص مقبولیت کو مِس کر رہی ہیں۔

عالیہ رنبیر

عالیہ اور رنبیر کے ہاں حال ہی میں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے

عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کے یہاں ننھے مہمان کی آمد کے بعد جب لوگوں اور کیمروں کا ہجوم جمع ہوا تو یہ بات واضح کر دی گئی کہ بچی کی تصاویر شیئر نہیں کی جائیں گی۔

عالیہ اور رنبیر کے نزدیکی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ نہیں چاہتے کہ ان کی بچی کی تصاویر میڈیا یا سوشل میڈیا پر وائرل ہوں۔ بالی ووڈ سٹارز کے بچوں کے حوالے سے میڈیا میں ضرورت سے زیادہ دلچسپی دیکھی گئی ہے جس کی تازہ مثال کرینہ کپور اور سیف علی خان کا بیٹا تیمور ہے۔

تیمور کی تصاویر اور ویڈیوز اکثر شیئر کی جاتی ہیں جن میں ان کی تعریف کے ساتھ ساتھ انھیں ٹرول بھی کیا جاتا ہے کبھی ان کے والدین کے نام پر اور کبھی محض ان کے نام کی وجہ سے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ عالیہ اور رنبیر اپنی ننھی بیٹی کو اچھے اور برے تبصروں کی زد سے دور رکھنا چاہتے ہوں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32292 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments