ہیلز اور کمنز کا آئی پی ایل کھیلنے سے انکار: ’کرکٹرز کے لیے آرام بھی ضروری‘


ہیلز، کمنز
آسٹریلوی فاسٹ بولر پیٹ کمنز اور انگلش بیٹر ایلکس ہیلز نے 2023 میں انڈیا پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔

25 مارچ 2023 میں شروع ہونے والے آئی پی ایل کے سیزن میں کمنز اور ہیلز کوکلتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کی طرف سے کھیلنے والے تھے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے اوپنر ہیلز نے اس لیے آئی پی ایل کھیلنے سے انکار کر دیا ہے کیونکہ انھوں نے آسٹریلیا، پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں کرکٹ لیگز کھیلنے کے معاہدے کر رکھے ہیں۔

دوسری طرف آسٹریلوی ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز کہتے ہیں کہ وہ ایشز اور 2023 میں 50 اوور کے ورلڈ کپ سے قبل کچھ آرام چاہتے ہیں۔ ایرون فنچ کی ریٹائرمنٹ کے بعد 29 سالہ کمنز نے ون ڈے میچوں میں بھی آسٹریلوی کپتانی سنبھال لی ہے۔

کمنز نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ’انٹرنیشنل شیڈول میں آئندہ 12 ماہ کے لیے ٹیسٹ اور ون ڈے میچوں کی بھرمار ہے۔ میں ایشز اور ورلڈ کپ سے قبل کچھ آرام کروں گا۔‘

https://twitter.com/patcummins30/status/1592256412633427968

نومبر میں آسٹریلیا ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلے گا۔ ایشز سے قبل جولائی میں اسے انڈیا اور جنوبی افریقہ کے خلاف بھی سیریز کھیلنی ہے۔

جمعرات کو ایڈیلیڈ میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان تین میچوں کی ون ڈے سیریز بھی شروع ہو رہی ہے۔ تاہم ہیلز سکواڈ کا حصہ نہیں۔

سیریز کا پہلا میچ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فائنل کے چار روز بعد ہو رہا ہے۔ انگلش آل راؤنڈر معین علی نے سیریز کی ٹائمنگ کو ’انتہائی بُرا‘ کہا ہے۔

رواں سال انگلش ٹیسٹ کپتان بین سٹوکس نے اچانک ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ کرکٹ حکام کے لیے ایک ’ویک اپ کال‘ ہونی چاہیے۔

دریں اثنا انگلش بیٹر سیم بلنگز نے بھی آئی پی ایل کھیلنے سے انکار کر دیا ہے اور کہا ہے کہ وہ اپنی ٹیم کینٹ کے ساتھ کاؤنٹی چیمپیئن شپ پر دھیان دینا چاہتے ہیں۔

https://twitter.com/KKRiders/status/1592489398821851136

آئی پی ایل ٹیموں نے کن کھلاڑیوں کو ریلیز کر دیا؟

آئندہ سال آئی پی ایل کے لیے ٹیموں نے کچھ کھلاڑیوں کو ریلیز کر دیا ہے۔

کے کے آر کی طرف سے ان میں پیٹ کمنز، سیم بلنگز، محمد نبی، چمیکا کارونارتنے، ایرون فنچ اور الیکس ہیلز شامل ہیں۔

سوشل میڈیا پر جاری کردہ ایک بیان میں کے کے آر نے کہا کہ ’ذاتی وجوہات اور قومی ٹیموں سے کیے گئے وعدوں کے باعث سیم بلنگز، ایلکس ہیلز اور پیٹ کمنز نے آئی پی ایل نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا اور ہم اس کا کا احترام کرتے ہیں۔‘

ادھر ممبئی انڈینز کے کائرن پولارڈ اب ٹیم کے بیٹنگ کوچ ہوں گے۔ چنائی سپر کنگز نے ڈوین براوو کو ریلیز کیا ہے جبکہ سنرائزز حیدرآباد نے اپنے کپتان کین ولیمسن اور نکولس پوران کو ریٹین نہیں کیا۔

لکھنؤ سپر جائنٹس نے ایون لیوس اور جیسن ہولڈر جبکہ راجستھان رائلز نے جمی نیشم کو ریلیز کر دیا ہے۔

https://twitter.com/MehtaMorphosis/status/1592490219789750272

’کرکٹرز پیسے کی جگہ آرام کو ترجیح دیں‘

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی آئی پی ایل میں ریٹینشن اور پلیئر ریلیز کے حوالے سے تبصرے جاری ہیں اور کرکٹ شائقین نے چند کھلاڑیوں کے آئی پی ایل نہ کھیلنے کے فیصلوں پر ردعمل دیا ہے۔

وکرم مہتا نے لکھا کہ ’مجھے نہیں معلوم اور کتنے کھلاڑیوں نے اپنی قومی ٹیموں کے لیے آئی پی ایل 2023 کھیلنے سے انکار کیا‘ مگر یہ بات واضح ہے کہ ’پیسے سب کو نہیں خرید سکتے۔‘

ول مکپرسن نے کہا کہ ایلکس ہیلز آئی پی ایل نہیں کھیل رہے کیونکہ انھیں کے کے آر نے اچھی ڈیل نہیں دی۔ ’وہ دوسری لیگز جیسے بی بی ایل، ٹی ٹین، پی ایس ایل وغیرہ سے اچھا کماتے ہیں۔۔۔ ان کے لیے اپریل میں وقفہ لینا بُرا نہیں۔‘

ادھر سابق آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے تصبرہ کیا ہے کہ کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل شیڈول میں وقفے ملتے ہیں تاہم اگر وہ ان میں آئی پی ایل کھیلنے چلے جاتے ہیں تو انھیں شکایت کرنے کا کوئی حق نہیں۔

https://twitter.com/willis_macp/status/1592509905818161152

کئی انڈین صارفین نے انڈیا کے کرکٹ بورڈ سے گزارش کی ہے کہ بڑے کھلاڑیوں کو آئی پی ایل کھلانے کے بجائے آرام دیا جائے تاکہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ کے لیے پوری طرح فٹ دستیاب ہوں۔

ٹوئٹر پر ریتیکا نامی صارف نے لکھا کہ جب کرکٹرز انڈیا کے لیے کھیلتے ہیں تو انھیں ورک لوڈ کی وجہ سے آرام درکار ہوتا ہے تاہم جب وہ آئی پی ایل کھیل رہے ہوتے ہیں تو انھیں کوئی آرام درکار نہیں ہوتا کیونکہ بظاہر اس میں کوئی ورک لوڈ نہیں۔

گوتھم نے کہا کہ ’سکائی جیسے کھلاڑیوں کو آرام کر کے 100 فیصد دھیان بین الاقوامی کرکٹ پر دینا چاہیے۔‘

https://twitter.com/wakandaRs/status/1591622373203378176

https://twitter.com/gow7hamgk/status/1592522655663804416


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32493 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments