اب اگلا قدم کیا ہو گا؟


ملک کی سب سے اہم تعیناتی جس کے لیے ملک میں ہیجان کی سی کیفیت برپا تھی آ خر کار یہ معاملہ سر ہو گیا۔ یقیناً یہ پاکستان کے لیے نہایت ہی خوش آئند دن ہے۔ وزیراعظم کی سمری صدر کو موصول ہونے کے بعد ڈاکٹر عارف علوی کی عمران خان سے ملاقات نے جہاں بہت سی قیاس آرائیوں کو جنم دیا کہ تحریک انصاف آ رمی چیف کی تعیناتی میں روڑے اٹکانا چاہتی ہے تو وہیں عمران خان نے رضامندی ظاہر کرتے ہوئے اپنا کوئی پسندیدہ نہ ہونے کا دعویٰ سچ کر دکھایا۔لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر اور لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد جی ایچ کیو کی جانب سے بھجوائی گئی فہرست میں دو سینیئر ترین فوجی افسران تھے جنہیں منتخب کر کے حکومت نے میرٹ پر اٹھنے والے سوالات بھی ختم کر دیے۔ لیکن! کیا واقعی ہی پاکستان کا اہم ترین معاملہ طے پا گیا؟

دوسری جانب پی ٹی آئی لانگ مارچ پنڈی پہنچنے کے قریب ہے۔ حکومت کا مسلسل اصرار کہ تحریک انصاف آرمی چیف کی تعیناتی کے معاملے کو متنازعہ کرنا چاہتی ہے۔ پر سب سے اہم سوال لانگ مارچ کا نتیجہ کیا نکلے گا؟ کیا یہ ایک جلسے کے بعد اختتام پذیر ہو گا یا دھرنے کی شکل اختیار کرے گا، خیر یہ تو وقت ہی بتائے گا۔

اس ملک میں ہر جماعت غریب کے مسائل اور ان کی بے روزگاری کا راگ الاپتے ہوئے اقتدار میں آتی ہے۔ جہاں موجودہ حکومت مہنگائی اور بے روزگاری کا رونا روتے ہوئے بر سر اقتدار آئی تاکہ پچھلی حکومت کی ناکامیوں کا خمیازہ غریب عوام نہ بھگتیں تو وہیں آج تحریک انصاف پہلے بیرونی سازش، پھر مداخلت اور آج غریب کی روزی روٹی کا بیانیہ لکیر لانگ مارچ کو کامیاب بنانا چاہتی ہے۔ لیکن افسوس جس غریب کا نام ووٹ لینے کے لیے استعمال ہوتا ہے اقتدار ملتے ہی اس غریب کو بھلا دیا جاتا ہے۔

غریب کو کسی لانگ مارچ یا تعیناتی سے غرض نہیں البتہ آتے چاول کی قیمتیں بڑھنے سے ضرور فرق پڑتا ہے۔ وہ غریب تو آج بھی مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے۔ ہاں فرق صرف اتنا ہے کہ شاید کل جو بوجھ تھوڑا ہلکا تھا آج اس میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ لیکن یہ شاہی محلوں میں رہنے والے اور بڑی بڑی گاڑیوں میں گھومنے والے غریب کا نام مقبولیت حاصل کرنے کے لیے تو استعمال کر سکتے ہیں لیکن ان کی تکلیف سمجھ نہیں سکتے۔

کوئی بھی لانگ مارچ، دھرنا یا جلسہ جلوس ملکی مسائل کا حل نہیں۔ اب وقت ہے کہ عوام اپنی اہمیت سمجھیں۔ اس ملک کے حالات بدل سکتے ہیں جب عوام میں سے ہی کوئی شخص اس ملک کی باگ ڈور سنبھالے۔ ایسے حکمران جو عوام میں سے آئیں اور عوام کے دکھوں کو سمجھیں ورنہ کرسی سنبھالنے والے تو بہت ہیں۔

اس وقت ملکی سیاست دو اہم امور کے گرد گھومتی دکھائی دیتی ہے۔ آرمی چیف کی تعیناتی اور تحریک انصاف کی لانگ مارچ البتہ تعیناتی کا معاملہ تو طے ہوا نظر آتا ہے۔

چند اہم سوالات یہ اٹھتے ہیں کہ:
تحریک انصاف کا پنڈی پہنچنے کے بعد اگلا لائحہ عمل کیا ہو گا؟
کیا تحریک انصاف حکومت سے انتخابات کی تاریخ لے سکے گی؟
سب سے اہم سوال کہ اس ملک کے ملک کے معاشی حالات کب عوام دوست بنیں گے؟