انڈین فوج کے پاکستان مخالف بیان پر انھیں ’وادیِ گلوان‘ یاد دلانے والی اداکارہ نشانے پر کیوں


انڈیا کے اعلیٰ فوجی افسران کی جانب سے اکثر و بیشتر اپنے ملک کے دفاع اور اس کے تناظر میں پاکستان کے خلاف ممکنہ اقدامات اٹھانے کے دعوے سامنے آتے رہے ہیں۔

کبھی انڈین فوج نے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں سرجیکل سٹرائیکس کا دعویٰ کیا تو کبھی پاکستان کی حدود میں فضائی حملے کے ذریعے شدت پسندوں کے مبینہ ٹھکانوں کو نشانہ بنانے جیسے دعوے کیے گئے۔

اب حال ہی میں انڈین وزیر دفاع اور انڈیا کی فوج کے نادرن کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اوپیندرا دیودی کی جانب سے ایک ایسا ہی بیان دیا گیا ہے جس میں وہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر پر قبضہ کرنے کی صلاحیت کا دعویٰ کر رہے ہیں۔

انڈیا کے سوشل میڈیا پر ان کے اس بیان کو بڑے پیمانے پر شیئر کیا گیا ہے مگر جہاں بیشتر انڈیا صارفین نے اس جرات اور بہادری کی مثال کے طور پر شیئر کیا وہیں چند صارفین نے انڈیا کو حقیقی دنیا میں حقائق بھی یاد کروائے۔

جن میں سب سے نمایاں بالی وڈ اداکارہ رچا چڈہ تھیں جو انڈیا فوجی افسر کے بیان پر انھیں بظاہر آئینہ دکھانے کی کوشش میں مشکل میں پڑ گئی ہیں۔

بالی وڈ کے نامور اداکاروں اور ہدایت کاروں سمیت سوشل میڈیا صارفین اُن کے تبصرے پر انھیں ایک طرف ٹرول کر رہے ہیں تو دوسری طرف حسب عادت چند صارفین انھیں پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی  کی ’ایجنٹ‘ اور ’غدار‘ جیسے القابات سے نواز رہے ہیں۔

richa

چند صارفین رچا چڈہ کو پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی  کی ’ایجنٹ‘ اور ’غدار‘ جیسے القابات سے نواز رہے ہیں

مگر یہ معاملہ ہے کیا؟ تو جناب بات کچھ یوں ہے کہ گذشتہ دنوں انڈیا کے وزیر دفاع کی جانب سے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کو فوجی آپریشن کے ذریعے دوبارہ حاصل کرنے کا بیان دیا گیا ہے۔

اس بیان کے تناظر میں انڈین فوج کے نادرن کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اوپیندرا دیودی نے 24 نومبر کو ایک میڈیا ٹاک کے دوران اس حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ ’جہاں تک انڈین فوج کا تعلق ہے وہ ایسے تمام احکامات کو ماننے کے لیے تیار ہے جو انڈین حکومت انھیں دے گی اور جب بھی ایسے احکامات دیے جائیں گے تو ہم ہمیشہ اس کے لیے تیار ہیں۔‘  

https://twitter.com/ANI/status/1595034159059070976

ان کے اس بیان کو انڈیا کے سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر شیئر کیا گیا۔ اس بیان پر بالی وڈ اداکارہ رچا چڈہ نے تبصرہ کرتے ہوئے انڈین فوج کو چین کے ساتھ لداخ کی وادی گلوان میں سنہ 2020 میں ہونے والی خونی جھڑپ یاد کرواتے ہوئے لکھا کہ ’گلوان آپ کو سلام کہہ رہا ہے۔‘

یاد رہے کہ 15 جون 2020 کی شب انڈین اور چینی فوجیوں کے درمیان لداخ میں ہونے والی اس جھڑپ میں 20 انڈین فوجی ہلاک ہوئے تھے جس کے بعد دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان سرحدی کشیدگی اپنے عروج کو پہنچ گئی تھی۔

جب رچا چڈہ کی جانب سے گلوان یاد کروانے والی طنزیہ ٹویٹ ہوئی تو فوراً سے سوشل میڈیا صارفین اور بالی وڈ کی دیگر شخصیات نے ان کی ٹرولنگ شروع کرتے ہوئے ان کی ٹویٹ کو ’شرمناک‘ اور انھیں ’غدار‘ قرار دینا شروع  کر دیا۔

بالی وڈ کے سپر سٹار اکشے کمار نے انھیں جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’یہ دیکھ کر دکھ ہوا، کسی بھی حالت میں ہمیں اپنی مسلح افواج کی طرف ناشکرے نہیں ہونا چاہیے۔ وہ ہیں تو آج ہم ہیں۔‘

https://twitter.com/akshaykumar/status/1595754971144032257

جبکہ انڈیا کی سپریم کورٹ کے وکیل ششانک شیہکر جھا نے ان کی ٹویٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’گلوان واقعے میں 20 شیر دل انڈین فوجیوں نے ملک کی خاطر اپنی جانوں کی قربانی دی تھی۔ لیکن یہاں ایک اُردو-وڈ کی اداکارہ انڈیا فوج کا مذاق اڑا رہی ہے۔ یہ صرف افسوسناک ہی نہیں بلکہ شرمناک ہے۔ رچا چڈہ کی جانب سے ایک اور چھوٹی حرکت۔‘

https://twitter.com/shashank_ssj/status/1595475624810119169

شویتا تریپاٹھی نامی صارف نے لکھا کہ ’یہ کون ہیں؟ یہ ایک سی گریڈ کی اداکارہ ہیں جن کی پہچان ہی فلموں میں گالیوں پر مبمی مکالمے بولنا ہے۔ اور ان کی یہ ہی پہچان ہے۔ اگر حب الوطنی اور فلموں کا موازنہ کیا جائے گا تو انڈین عوام ہمیشہ قوم کی حمایت کریں گے۔ ان کی فلم فقرے 3 کا بائیکاٹ کریں اور ان کو مکمل طور پر سکرین سے غائب کر دیں۔‘

https://twitter.com/swetatripathi14/status/1595762293534789634

جبکہ کشمیری ہندو نامی صارف نے رچا چڈہ کی ٹویٹ پر ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ ’ان کی علی فاضل سے شادی ہوئی ہے۔۔۔ کیا مجھے کچھ اور کہنے کی ضرورت ہے۔‘

واضح رہے کہ اداکارہ رچا چڈہ نے بالی وڈ کے مسلمان اداکار علی فاضل سے شاری کر رکھی ہے اور صارفین انھیں اس حوالے سے تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

جبکہ انڈین فلم ساز اشوک پنڈت نے تو ممبئی کے جوہو پولیس تھانے میں رچا چڈہ کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست بھی جمع کروا دی۔

https://twitter.com/ashokepandit/status/1595709675043160065?s=48&t=ion5RgfQPYFTplG-rfy-og

یہ بھی پڑھیے

لداخ سرحدی کشیدگی: چین نے گلوان وادی میں ہونے والی جھڑپ میں اپنے فوجیوں کی ہلاکتوں کی تصدیق آٹھ ماہ بعد کیوں کی؟

بالاکوٹ فضائی حملہ: وہ سوال جن کے جواب پاکستان اور انڈیا ابھی تک نہیں دے سکے

سوشل میڈیا پر ٹرولنگ: ٹوئٹر قوانین پر صارفین کے بڑے جتھے کیسے اثر انداز ہو سکتے ہیں؟

بالی وڈ اداکارہ رچا چڈہ نے سوشل میڈیا پر سخت ردعمل آنے کے بعد اپنی ٹویٹ تو ڈیلیٹ کر دی ہے مگر وہ عوام کی سخت باتوں سے بچ نہیں پا رہیں۔

پاکستان کا ردعمل

پاکستان کی جانب سے بھی انڈیا کی فوج کے نادرن کمانڈر کے غیر ذمہ دارانہ اور بلند و بانگ دعوے کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی ہے اور پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بھی سنہ 2019 میں بالاکوٹ واقعے کا ذکر کیا۔

آئی ایس پی آر نے بھی اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’انڈین فوج اپنے سیاسی آقاؤں کی انتخابی مہم کے لیے غیر ذمہ دارانہ بیان بازی کر رہی ہے، انڈین فوج غیر ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیان بازی سے گریز کرے، انڈین فوجی افسر کے بلند و بانگ دعوے غیر حقیقی اور توہین آمیز ہیں۔

’پاکستان علاقائی امن اور خطے میں استحکام کا حامی ہے اور امن کی یہ خواہش ہماری سرزمین کے خلاف کسی بھی مہم جوئی یا جارحیت کو ناکام بنانے کی ہماری صلاحیت اور تیاری سے مماثل ہے، اور بالاکوٹ سمیت متعدد مواقع پر یہ دعویٰ تصدیق شدہ ہے۔‘

https://twitter.com/OfficialDGISPR/status/1595635850687176705


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32469 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments