فٹ بال ورلڈ کپ: برازیل ٹورنامنٹ سے باہر، ارجنٹائن اور کروشیا سیمی فائنل میں
ارجنٹائن اور نیدر لینڈز کے مقابلے میں لیونیل میسی نے اہم کردار ادا کیا جب انھوں نے بریک سے 10 منٹ قبل ناہوئیل مولینا کے پہلے گول کا راستہ ہموار کیا۔ میسی نے دوسرا گول خود کیا جب ان کو ایک پنلٹی کک کا موقع ملا۔
تاہم دوسری جانب نیدر لینڈز نے بھی خوب مقابلہ کیا۔ ڈچ کوچ لوئی وان گال، جن کا بطور ڈچ کوچ یہ آخری مقابلہ ثابت ہوا، کے ابتدائی فیصلے درست ثابت ہوئے جب واوٹ ویگھورسٹ نے دو گول سے بھرپور جواب دیا اور مقابلہ برابر کر دیا۔
یہ اہم مقابلہ جس کے دوران کم از کم ایک درجن سے زیادہ کارڈز دکھائے گئے پینلٹیز کے مرحلے تک پہنچا جس میں ارجنٹائن کے گول کیپر آسٹن ولا کے ایمی مارٹینیز ہیرو بن کر ابھرے۔
تاہم ارجنٹائن کے لیے یہ اعصاب شکن مقابلہ ثابت ہوا اور جب اینزو فرنینڈیز نے اپنی پنلٹی ضائع کر دی تو جنوبی امریکی ٹیم پر دباؤ بڑھ گیا۔ تاہم لاٹارو مارٹینیز نے فیصلہ کن گول کیا جس کے بعد ارجنٹائن کی سیمی فائنل تک رسائی یقینی ہو گئی۔
ارجنٹائن کو معلوم تھا کہ وہ ایک اہم میچ میں باآسانی جیت کو گنوانے کے قریب تھے کیوں کہ میچ کے پہلے دس منٹ میں دو گول کر برتری کے بعد ان کے شائقین میں اس وقت خاموشی چھا گئی جب نیدر لینڈز نے دو جوابی گول کر دیے۔
ارجنٹائن کا مقابلہ اب سیمی فائنل میں کروشیا کے ساتھ ہو گا جنھوں نے ٹورنامنٹ کی فیورٹ ٹیم برازیل کو بھی پیلنٹی مقابلے میں ہی شکست دی۔
ارجنٹائن کے لیے برازیل کی جیت بھی ایک بڑی خوشی تھی کیوں کہ ان کا پرانا حریف اب سیمی فائنل میں ان کے سامنے نہیں ہو گا۔
ارجنٹائن کے پاس اب ایک اور فٹ بال ورلڈ کپ جیتنے کا سنہرا موقع ہے۔ حالانکہ وہ ٹورنامنٹ میں ایک بڑے اپ سیٹ کا شکار بھی ہو چکے ہیں جب پہلے ہی میچ میں سعودی عرب نے ان کو شکست دے دی تھی۔
یہ بھی پڑھیے
سپین کے خلاف تاریخی فتح: مراکش کھلاڑیوں کا فلسطینی پرچم کے ساتھ جشن، بادشاہ کی فون پر مبارکباد
کیا پرتگال کے سپر سٹار رونالڈو کا سورج غروب ہونے والا ہے؟
ارجنٹائن اور میسی ڈھیر: سعودی عرب میں چھٹی کا تحفہ، تفریحی مقامات میں داخلے کی فیس ختم
برازیل کی اپ سیٹ شکست
یہ سکرپٹ کا حصہ نہیں تھا۔
اس فٹ بال ورلڈ کپ میں خیال کیا جا رہا تھا کہ برازیل کی ٹیم باآسانی سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر لے گی۔
لیکن ان کی امیدیں انتہائی غیر معمولی انداز میں ٹوٹیں۔
برازیل کے سٹار کھلاڑی نیمار، جنھوں نے اپنا ستترواں گول کرنے کے بعد پیلے کا ریکارڈ برابر کیا، کا خواب بھی ٹوٹ گیا۔
نیمار سے برازیل کو کافی امید تھی کہ وہ اس مقابلے میں کروشیا کے خلاف فتح سے ہمکنار کرائیں گے لیکن کروشیا کے گول کیپر لیواکووچ نے بہترین دفاع کیا۔
پیلنٹی ککس میں چار دو سے جیتنے کے بعد کروشیا سیمی فائنل میں اب ارجنٹائن کا سامنا کرے گی۔

