قطر: اتریں گے پار ہم ہیں تہیہ کیے ہوئے

اندھیروں میں ڈوبی ہوئی پسماندہ ترین بستی دوحہ کے باسی ایک صدی پہلے مچھلیاں پکڑ کر گزر بسر کیا کرتے تھے، غربت و تنگدستی اور قدرتی و انسانی آفات کے باعث یہاں آبادی گھٹتی چلی گئی۔ 1922 ء میں جو آبادی تیس لاکھ تھی 1950 ء میں صرف چوبیس ہزار رہ گئی۔ دوحہ اب ترقی یافتہ شہر اور قطر دنیا کا امیر ترین ملک ہے، آنکھوں کو خیرہ کردینے والی روشنیاں اور فلک بوس عمارتیں دیکھ کر یقین نہیں آتا کہ ماضی میں یہ لوگ ماہی گیر تھے۔ اندھیروں سے اجالوں کا یہ سفر ”سیال دولت“ تیل اور گیس کی دریافت کے باعث ہوا۔
قطر جزیرہ نما عرب میں واقع ہے اور اس کی زمینی سرحد سعودی عرب سے متصل اور بحرین و متحدہ عرب امارات کے بھی قریب ہے۔
2010 میں ورلڈ کپ کی میزبانی کا قرعہ قطر کے نام نکلا تو دنیا حیران رہ گئی، کہ جو ملک ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی ہی نہیں کرتا اسے امریکہ، آسٹریلیا، جنوبی کوریا اور جاپان جیسے ممالک پر ترجیح دی گئی یہ بہت سے لوگوں کے لیے کسی صدمے سے کم نہیں تھا۔
فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی ملی تو ایک نسبتاً غیر معیاری سٹیڈیم کے علاوہ قطر میں کوئی فٹ بال سٹیڈیم ہی نہیں تھا۔ لیکن قطر نے 12 سال میں دنیا کو دکھایا کہ محنت، لگن اور جذبہ اگر ہو تو دنیا کی کوئی طاقت آپ کو آگے بڑھنے سے روک نہیں سکتی۔
الٹی طرف بہاؤ کے نیا کیے ہوئے
اتریں گے پار ہم ہیں تہیہ کیے ہوئے
اکیس نومبر 2022 کو قطر میں بائیسواں فیفا فٹبال ورلڈ کپ شروع ہوا۔ یہ میزبانی عالمی سطح کا اعزاز ہے۔ جنوبی کوریا کے بعد یہ دوسرا ورلڈ کپ ہے جو ایشیا میں ہو رہا ہے۔
فٹبال کے کھیل پر یورپ اور امریکہ کی اجارہ داری ہے، عالمی کپ کا ایشیا، خصوصاً مشرق وسطیٰ کے مسلم ملک میں انعقاد، اجارہ داروں کے لیے ہضم کرنا مشکل تھا حالانکہ بارہ سالوں میں قطری انتظامیہ نے فیفا کے معیارات کے لیے نیا انفراسٹرکچر تیار کیا جس پر لگ بھگ 220 بلین ڈالر خرچ ہوئے۔ اس
خطیر رقم سے قطر نے سٹیڈیمز، ریل نیٹ ورک، فوڈ سٹریٹ، شاپنگ مالز، میٹرو، نئے فائیو سٹار ہوٹلز، سڑکوں کی تعمیر نو، مصنوعی جزیرے، ہوائی اڈہ اور پورا نیا شہر تعمیر کیا۔ قطر کے تعمیر کردہ جدید ترین آٹھ سٹیڈیمز میں ورلڈ کپ کے میچز ہو رہے ہیں۔ یہ سٹیڈیمز بالترتیب خلیفہ انٹرنیشنل، الجنوب سٹیڈیم، ایجوکیشن سٹی سٹیڈیم، احمد بن علی سٹیڈیم التھماما سٹیڈیم، البیت سٹیڈیم، سٹیڈیم 974 اور لوسیل سٹیڈیم ہیں۔ لوسیل سٹیڈیم سب سے بڑا ہے جس میں اسی ہزار افراد کی گنجائش ہے۔
ایک اسٹیڈیم سات میچز کے لیے ایسا بنایا گیا جو 974 کنٹینرز پر مشتمل ہے۔ اس میں انوکھی بات یہ ہے کہ یہ اسٹیڈیم عارضی ہے، ورلڈ کپ کے بعد اسٹیڈیم میں استعمال ہونے والے شپنگ کنٹینرز اور سیٹیں ختم کردی جائیں گی۔ تمام سٹیڈیمز ورلڈ کلاس ٹرانسپورٹ سے منسلک اور ایک دوسرے کے انتہائی قریب ہیں، تاکہ شائقین ایک سے زائد میچز دیکھنے کے لیے بآسانی ایک سٹیڈیم سے دوسرے سٹیڈیم تک جا سکیں۔ 1 لاکھ 76 ہزار کمروں پر مشتمل دنیا کے 100 سے زائد مہنگے ترین ہوٹلز بنائے گئے۔
قطر بنیادی طور پر ایک ہموار، ریگستانی ملک ہے۔ گرمیوں میں قطر میں درجہ حرارت پچاس ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو رہا ہوتا ہے۔ ایسے میں ٹھنڈے ممالک کی ٹیموں کو کھیلنے کے لیے خاصی مشکلات آ سکتی تھیں۔ اس کے لیے ایک تو عالمی کپ نومبر میں رکھا گیا اور دوسرا ائر کنڈیشننگ کے خصوصی انتظامات کیے گئے جس کے باعث قطر نے دنیا بھر میں اپنی ساکھ بڑھائی۔ یوں پورا قطر ”سپورٹس سٹی“ بنا دیا گیا۔
قطر کی 2.9 ملین آبادی میں سے اکثریت اس کے مشرقی ساحل پر واقع دارالحکومت دوحہ کے آس پاس رہتی ہے قطر کے حکمران امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی ہیں۔
قطر پہلے عثمانی اور پھر برطانوی سلطنتوں کے ماتحت تھا۔ 1971 ء میں قطر کو برطانیہ سے آزادی ملی۔ تیل کی برآمدات اور قدرتی گیس سے حاصل ہونے والی رقم نے قطر کے علاقائی عزائم کو تقویت دی۔
اس نے سیٹلائٹ نیوز نیٹ ورک الجزیرہ کی بنیاد رکھی، جس نے ذرائع ابلاغ میں عرب نقطہ نظر پیش کیا۔ اسی طرح ایک بڑی ائر لائن، قطر ائرویز بھی شروع کی۔ 1991 ء کی خلیجی جنگ کے دوران ایک بلین ڈالر سے زیادہ کی لاگت سے اپنا سب سے بڑا العدید ائر بیس بنایا۔ 2003 ء میں امریکی فوج کا سنٹرل کمانڈ ہیڈ کوارٹر اس میں منتقل ہوا، افغانستان، عراق اور شام میں داعش سمیت دیگر گروپوں کے خلاف فضائی کارروائیاں ہوئیں۔ قطر طالبان سمیت دیگر فریقین کے ساتھ بات چیت کے لیے مغرب کا ایک قابل اعتماد مذاکرات کار بھی ہے اس نے حماس، امریکہ اور طالبان کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے میزبانی کی۔ امریکہ 2021 ء میں العدید ائربیس کے ذریعے ہی افغانستان سے نکلا۔ عرب بہار میں اسلام پسندوں کی حمایت کی وجہ سے بحرین، مصر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے قطر کا ایک سال تک بائیکاٹ کیا۔ یہ بائیکاٹ صدر جو بائیڈن کے وائٹ ہاؤس میں داخل ہونے کی تیاریوں کے دوران ختم ہوا۔
فٹبال ورلڈ کپ کا ایک اور قابل ذکر پہلو یہ ہے کہ قطر کے تعمیراتی کاموں میں ڈیڑھ لاکھ پاکستانی مزدوروں نے بنیادی کردار ادا کیا۔ اس دوران پیش آنے والے حادثات میں 800 سے زائد پاکستانی مزدور زندگی کی بازی ہار گئے۔ موجودہ فٹبال ورلڈ کپ کی سیکورٹی کی ذمہ داری افواج پاکستان کا 4500 جوانوں پر مشتمل دستہ اور پاکستانی بحریہ ادا کر رہی ہے۔
قطر نے دنیا بھر کے ملکوں، عالمی سطح کی فٹ بال ٹیموں اور لاکھوں تماشائیوں کو خوش آمدید کہآ اور اس امید کا اظہار کیا کہ آپ ہماری روایات اور ثقافت کا احترام کریں گے، سرعام شراب نوشی سٹے بازی عریانی و فحاشی سے اجتناب کریں گے۔ کیوں کہ چند دنوں کے لئے اپنی ثقافت اور اقدار کو نہیں چھوڑا جا سکتا۔ فیفا کے چیئرمین جیانی الفین ٹینو نے قطر کا کھل کر ساتھ دیا اور اعلان کیا کہ آنے والے لوگ یہاں کے کلچر کی پابندی کریں۔
قطر کے حکمرانوں نے مساجد کو اسلامی میوزیم کے طور پر پیش کیا۔ جہاں کسی بھی وقت کوئی بھی آ کر اسلام کے متعلق معلومات حاصل کر سکتا ہے۔ ملک بھر میں قرآنی آیات۔ احادیث اور تاریخ اسلامی کے نمایاں فلیکسز اور بل بورڈز لگائے گئے۔ قرآن مجید کے تراجم اور مختلف زبانوں میں اسلامی تاریخ و سیرت کی کتب تقسیم کی گئیں۔ ہر اسٹیڈیم میں باجماعت نماز کی نمایاں جگہ موجود ہے۔ ڈاکٹر ذاکر نائیک سمیت عالمی شہرت یافتہ علماء اور سکالرز کو مدعو کیا گیا۔ قطر نے جدیدیت کے مطلوب تقاضے بھی پورے کیے اور مرعوبیت کے بغیر اپنے دین کی بنیادوں کو بھی پوری طرح قائم رکھا۔ فخر اس بات پر ہے کہ وہ جدید دنیا میں اپنی روایات، کلچر اور اسلام کا مثبت چہرہ دکھانے میں کامیاب ہوا ہے۔
اس ورلڈ کپ سے قطر کو اتنی ہی آمدنی ہوگی جتنا اس نے خرچ کیا ہے۔ قطر نے ورلڈ کپ کے لئے اتنی زیادہ ”محنت“ اس لیے کی تاکہ سیاحت کو آئندہ 20 سالوں میں فروغ دے سکے۔ قطر نے ورلڈ کپ پر جو رقم خرچ کی وہ پاکستان کے پانچ سال کے بجٹ کے برابر ہے۔ پاکستان کا سالانہ بجٹ تقریباً 47 بلین ڈالر ہے۔ ہم آئی ایم ایف سے تین سالوں میں صرف چھ ارب لینے کے لئے منتیں کر رہے ہیں۔
ہمیں قطر سے بہت کچھ سیکھنے کی ضرورت ہے
قطر سمیت دنیا ترقی و خوشحالی کی منازل طے کر رہی ہے اور ہم ڈیفالٹ کی طرف جا رہے ہیں۔ اس سوال پر غور کرنے کی ضرورت ہے کہ ماہی گیروں کی بستی دنیا کا امیر ترین ملک کیسے بنی؟ محض قدرتی وسائل کے بل بوتے پر ترقی ممکن نہیں ہوتی اس کے لیے مینجمنٹ کی ضرورت ہوتی ہے۔ کاش ہماری اشرافیہ قطر سے ہی کچھ سیکھ سکے۔

