فوٹوگرافی کیسے کی جائے؟ پروفیشنل مشورے


دنیا کا ہر انسان آپ سے بہتر فوٹوگرافر ہے اس لیے مشورے سے گریز کریں اور فوٹوگرافی کریں۔ سامان کی چیک لسٹ بنائیں اور جس طرح کا شوٹ کرنے جا رہے ہیں اس کے مطابق سامان لے کر جائیں۔ لوکیشن پر کھڑے ہو کر افسوس کرنے سے گریز کریں صرف فوٹوگرافی کریں اس سامان کے ساتھ جو ساتھ لائے ہیں۔ لینڈ سکیپ فوٹوگرافی کے لئے نکلیں تو ساتھ چھتری، کیمرہ سٹینڈ ضرور لے کر جائیں۔ بیٹری فل چارج ہو اگر ٹور ایک دن سے زیادہ کا ہو تو زائد بیٹریز رکھ لیں۔

میموری کارڈز مکمل طور پر خالی ہوں۔ اور وائیڈ اینگل لینز زیادہ مفید ہیں۔ سر پر ایک ٹوپی اور موسم کے مطابق کپڑے ضرور رکھیں۔ جاگرز پہنیں۔ صبح کا وقت اور شام کا وقت اس کام کے لئے بہت مناسب ہے اگر کھلے ہوئے بادل مل جائیں تو کیا ہی بات ہے۔ گہرے بادل روشنی کم کرتے ہیں اس میں فوٹوگرافی سے گریز کریں۔ اگر آپ اس بات کو مدنظر رکھیں صبح روشنی کہاں ہوگی اور شام کو کہاں تو آپ بہتر تصویر بنا سکتے ہیں جیسے لاہور کی بادشاہی مسجد پر روشنی صبح میں آتی ہے اور قلعہ پر شام میں۔ اسی مثال کو مدنظر رکھ کر اپنی تصویر کے لئے وقت کا تعین کیجئے۔

اگر آپ پرندوں کی فوٹوگرافی کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو ایک بڑا ٹیلی فوٹو لینز یا سپر زوم لینز درکار ہے بمعہ ایک کیمرہ سٹینڈ کے لباس کیمو فلاج رنگ کا ہو تو کیا ہی بات ہے اور وقت بہت صبح کا درکار ہے۔ جیسے جیسے دن نکلتا آئے گا اسی طرح فوٹوگرافی کا وقت بھی نکلتا جائے گا کوشش کریں دو سے تین افراد ساتھ جائیں باتوں سے گریز کریں پرندے کیونکہ ڈسٹرب ہوتے ہیں بہت بڑے گروپس کی شکل میں پرندوں کی فوٹوگرافی کے لئے مت جائیں اس سے پرندے بہت پریشان ہوتے ہیں۔ پرندوں سے پیار کریں ان سے دشمنی مت کریں۔

اگر آپ پروڈکٹ فوٹوگرافر ہیں تو ایسی جگہ پر فوٹوگرافی کریں جہاں روشنی کنٹرول کی جا سکے خاص طور پر جب پروڈکٹ چمکدار سطح والی ہو۔ لینز مائیکرو استعمال کریں تو اچھے رزلٹس ملیں گے۔ اگر آپ مائیکرو فوٹوگرافی کے شوقین ہیں تو برسات میں احتیاط کریں۔ سانپ اور زہریلے کیڑے بکثرت پائے جاتے ہیں دھند کے دنوں میں شبنم بہت خوبصورت مل جاتی ہے پھولوں اور پتوں پر۔ صبح صبح کام کیجئے۔ لینز جیسا کہ نام ہے مائیکرو فوٹوگرافی تو مائیکرو ہی استعمال ہو گا ساتھ ایکسٹینشن ٹیوب ضرور استعمال کریں۔

گلیسرین اور پانی کی مقدار برابر مکس کر کے آپ شاور بوتل سے مصنوعی شبنم بھی بنا سکتے ہیں۔ طلوع آفتاب اور غروب آفتاب آپ مینول سیٹنگ پر ہی بنا سکتے ہیں۔ اگر بڑا ٹیلی لینز استعمال کریں تو سورج کا سائز بہت بڑا ہو جائے گا۔ تصاویر ہمیشہ را فارمیٹ پر بنائیں ایڈیٹنگ میں بہت سہولت رہتی ہے۔ جے پی جی میں ایڈیٹنگ کا مارجن بہت کم ہو جاتا ہے۔ میموری کارڈ ہمیشہ اچھی سپیڈ کا استعمال کریں۔ کارڈ ہمیشہ کیمرہ بند کر کے لگائیں اور نکالیں۔ اس سے کارڈ کرپٹ نہیں ہو گا۔

اپنی تصاویر کو ایک سے زیادہ جگہ محفوظ کریں۔ یا پھر منتخب تصاویر کو مختلف ہارڈ ڈسکس پر محفوظ کر لیں تاکہ ڈیٹا زیادہ محفوظ ہو سکے۔ دوسروں کی تصاویر کو ڈسکس کرنے کی بجائے اپنے کام پر توجہ دیں اس کا زیادہ فائدہ ہو گا۔ اچھے فوٹوگرافرز کا کام سیکھنے کے لئے ضرور دیکھیں نا کہ ان پر تنقید کرنے کے لئے۔ کیمرہ چلانا اور چند اچھی تصاویر بنانا کوئی کمال نہیں ہے بلکہ کمال ہے سب اچھی تصاویر بنانا اور روز پہلے سے بہتر تصویر بنانا۔

اپنے آپ کو وقت دیں گھر سے نکلیں اور دنیا کو دیکھیں اور دنیا دکھا دیں۔ اگر گھر سے نکلنا مشکل ہے تو گھر پر سٹل لائف پر کام شروع کریں مائیکرو فوٹوگرافی پر کام شروع کریں کمال کریں۔ کچھ نیا کرنے کی لگن اور پھر اس سے بہتر کرنے کی لگن آپ کو ایک اچھا فوٹوگرافر بنا دے گی انشاءاللہ۔ اپنے اچھے اور برے کام کے آپ خود ذمہ دار ہیں کسی پر الزام تراشی مت کریں۔ ذمہ داری قبول کریں کیونکہ تصویر پر آپ کا نام ہے کسی اور کا نہیں۔ آپ مالک ہیں اور آپ ہی ذمہ دار بھی۔

اگر آپ فنکشن کی تصویریں بنانا چاہتے ہیں تو درمیانے درجے کے زوم لینز کارآمد ہیں فلیش کے ساتھ کیمرہ آئی ایس سو اور اپرچر سے کنٹرول کریں۔ اگر لائٹ اچھی ہو تو بڑے اپرچر کے لینز کے ساتھ بغیر فلیش بھی کریٹو کام کیا جاسکتا ہے۔ گروپس ہمیشہ ترتیب ٹھیک کروا کر بنائیں بے ترتیب کسی کام کے نہیں ہوتے۔ تصویر بنا کر چیک کریں ضرورت سمجھیں تو دوبارہ بنا لیں۔ ایڈیٹنگ میں سب ٹھیک نہیں ہو سکتا۔ اگر شوٹ کرنا ہے تو پلیز سٹوڈیو لائٹس استعمال کریں بے شک آپ کتنے ہی ایکسپرٹ کیوں نہ ہوں فلیش فل فگر پر برابر روشنی نہیں دے سکتی۔

فلیش اور سٹوڈیو لائٹ کی روشنی زیادہ شارپ ہوتی ہے اسی کو استعمال کریں۔ ایل ای ڈی لائٹ سٹل فوٹوگرافی کے لئے مناسب نہیں۔ ورنہ آؤٹ ڈور شوٹ مناسب رہے گا دن کی روشنی میں۔ محنت اور لگن سے کام کریں اور کرتے جائیں انشاءاللہ اللہ آپ کو کامیابی دیں گے۔ آپ کا کسی سے مقابلہ نہیں ہے آپ اپنے مدمقابل خود ہیں اپنے سے بہتر تصویر بنا کر دکھائیں۔ اچھی تصویر، اچھا اخلاق، اچھا لباس ہی آپ کو اچھا فوٹوگرافر ثابت کرتا ہے نہ کہ بڑی بڑی باتیں ڈائیلاگ اور کیمرے۔ اللہ سب کے کام میں برکت ڈالیں اور سب کو اچھی تصویر بنانے کی توفیق دیں امین۔ پاکستان زندہ باد۔ فوٹوگرافرز آف پاکستان پائندہ باد

Facebook Comments HS